کولمبو: سلامی بلے باز روہت شرما کی قیادت والی نوجوان ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل منگل کو میزبان سری لنکا کے خلاف ہونے والے سہ رخی ٹی 20 سیریز کے اپنے پہلے میچ میں فاتحانہ آغاز کے ارادے سے میدان پر اترے گی۔سہ رخی سیریز میں حصہ لے رہی تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہے۔
جنوبی افریقہ کے طویل دورے کے بعد سہ رخی ٹی 20 سیریز کے لئے کپتان وراٹ کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی سمیت اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے اور روہت کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے جبکہ شکھر دھون سیریز میں نائب کپتان ہوں گے۔ہندستان كو سیریز کے اپنے پہلے میچ میں اہم تیز گیند بازوں بھونیشور کمار، جسپريت بمراه، آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو کے بغیر میدان میں اترنا ہوگا جس سے روہت کےلئے ٹیم کمبی نیشن طے کرنا مشکل ہو جائے گا۔اگرچہ ایسے میں وکٹ کیپر رشبھ پنت، آل راؤنڈر وجے شنکر اور واشنگٹن سندر، بلے باز دیپک ہڈا اور تیز گیند باز محمد سراج کے پاس سیریز میں خود کو ثابت کرنے کا موقع رہے گا۔
اس کے علاوہ تقریباً ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کا حصہ رہے سریش رینا پر بھی سب کی نگاہیں رہیں گی۔ رینا اس دورے پر اچھی کارکردگی کرکے ون ڈے ٹیم میں اپنی جگہ یقینی کرنا چاہتے ہیں۔ ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں تیسرے نمبر پر قابض ہندستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے دورے پر ون ڈے 5۔1 سے اور ٹوئنٹی 20 سیریز 2۔1 جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ ہندستان نے 25 سال بعد جنوبی افریقہ کی سرزمین پر کوئی دو طرفہ سیریز جیتی ہے اس سے ٹیم کا حوصلہ کافی بلند ہے اور ہندستانی ٹیم چاہے گی کہ وہ اپنی اسی کارکردگی اور تال کو یہاں بھی برقرار رکھے۔
ہندستان نے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں آخری بار عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر کی سری لنکا کے خلاف چھ ستمبر 2017 کو آخری ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا تھا جس میں اس نے چار گیند باقی رہتے سری لنکا کو سات وکٹ سے ہرا دیا تھا۔ہندستان نے اس میدان پر اب تک چھ ٹی 20 میچ جیتے ہیں اور ایسے میں ہندوستانی ٹیم چاہے گی کہ وہ اپنے اس ریکارڈ کو برقرار رکھے۔ویسے ہندستان اور سری لنکا نے اب تک اوورآل کل 14 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں جس میں ہندستان نے 10 اور سری لنکا نے محض چار میچ جیتے ہیں۔سیریز کے لئے اس بار ٹیم میں رشبھ پنت اور آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن کے لئے کولکاتا نائٹ رائڈرس کے کپتان بنائے گئے دنیش کارتک کے طور پر دو دو وکٹ کیپر بلے باز موجود ہیں۔اگرچہ پنت کے مقابلے میں کارتک کو ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچوں کا زیادہ تجربہ ہے۔ کارتک نے اب تک 14 ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں جبکہ پنت نے محض دو میچ کھیلے ہیں ۔ ایسے میں یہ دیکھنا ہوگا کہ آخری الیون میں کارتک یا پنت میں کسے شامل کیا جاتا ہے۔
ہندستان نے جب گزشتہ جولائی اگست میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا تب اس نے میزبان ٹیم کے خلاف تینوں فارمیٹ میں کلین سویپ کیا تھا۔ ہندستان نے اس دورے پر تینوں ٹیسٹ، پانچوں ون ڈے اور واحد ٹی 20 میچ جیتا تھا۔اس کے بعد سری لنکا نے جب گزشتہ سال کے آخر میں نومبر دسمبر میں ہندستان کا دورہ کیا تھا تب بھی اسے تینوں فارمیٹ کی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined