کرکٹ

ٹی-20 عالمی کپ: سپر-12 کے پہلے مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو کیا چاروں خانہ چت

آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن ان کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز فن ایلن نے طوفانی شروعات دی۔

نیوزی لینڈ ٹیم، تصویر آئی اے این ایس
نیوزی لینڈ ٹیم، تصویر آئی اے این ایس 

ٹی-20 عالمی کپ کا سپر-12 مقابلہ شروع ہو چکا ہے اور آج پہلا میچ دفاعی چمپئن آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ دیکھنے کو ملا۔ اس میچ میں زبردست مقابلے کی امید کی جا رہی تھی، لیکن نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو ہر شعبہ میں پیچھے چھوڑ دیا۔ آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن ان کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز فن ایلن نے طوفانی شروعات دی۔

Published: undefined

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 3 وکٹ کے نقصان پر 200 رن کا اسکور کھڑا کیا۔ ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے دفاعی چمپئن آسٹریلیا محض 111 رنوں پر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے اپنے پہلے میچ میں 89 رنوں کی دھماکہ خیز جیت درج کی۔ نیوزی لینڈ کو آج سلامی بلے بازوں فن ایلن اور ڈیوون کانوے نے تیز طرار شروعات دی تھی۔ فن ایلن نے تو محض 16 گیندوں میں 42 رنوں کی اننگ کھیل ڈالی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ نیوزی لینڈ نے پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 65 رن بنا دیئے، جو کہ ٹی-20 عالمی کپ میں ان کے ذریعہ پاور پلے میں بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔

Published: undefined

دوسرے سلامی بلے باز ڈیوون کانوے کی اننگ بھی قابل تعریف رہی کیونکہ انھوں نے نہ صرف ایک سرا سنبھالے رکھا، بلکہ محض 58 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 92 رن بھی بنائے۔ آخر میں جمی نیشم نے بھی 13 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 26 رن بنا کر ٹیم کو 200 رن کے اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے 23 گیندوں پر 23 رن اور گلین فلپس نے 10 گیندوں پر 12 رن کی اننگ کھیلی۔ آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ نے 4 اوور میں 41 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے، جب کہ ایڈم زیمپا نے 4 اوور میں 39 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ باقی گیندباز وکٹ سے محروم رہے۔

Published: undefined

دوسری طرف جب آسٹریلیا نے 201 رن کے ہدف کا پیچھا کرنا شروع کیا تو اس کے وکٹ لگاتار وقفہ پر گرتے رہے۔ دفاعی چمپئن کو پہلا جھٹکا ڈیوڈ وارنر کی شکل میں دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر لگا جب ٹم ساؤتھی نے انھیں بولڈ کر دیا۔ کپتان ایرون فنچ آؤٹ (13 رن) ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جنھیں مشیل سینٹنر نے کپتان ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ پاور پلے میں آسٹریلیا کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر محض 37 رن تھا اور تیزی سے رن بنانے کا دباؤ آگے بھی بڑھتا چلا گیا۔ 50 رن کے اسکور پر ہی آسٹریلیا کے چار وکٹ آؤٹ ہو گئے۔ گلین میکسویل نے 20 گیندوں پر 28 رن بنا کر کچھ جدوجہد کی، لیکن 14ویں اوور میں وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

Published: undefined

نیوزی لینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب گیندباز ٹم ساؤتھی اور مشیل سینٹنر رہے جنھوں نے بالترتیب 2.1 اوور میں 6 رن دے کر 3 وکٹ، اور 4 اوور میں 31 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ ٹرینٹ بولٹ (4 اوور میں 24 رن)، اور 1-1 وکٹ لاکی فرگوسن (3 اوور میں 20 رن) و ایش سوڈھی (4 اوور میں 29 رن) کو حاصل ہوا۔ ڈیوون کانوے کو ان کی 92 رنوں کی بہترین ناٹ آؤٹ اننگ اور 2 کیچ کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined