سنچورین: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے میزبان جنوبی افریقہ کو سینچورین کے میدان پر 9 وکٹ سے ہارا کر چھ میچوں کی ایک روزہ سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ سپر اسپورٹس پارک کے میدان پر کلدیپ یادو اور یوجیندر چہل کی شاندار کارکردگی کے بعد ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور شکھر دھون کی طوفانی بلے بازی نے ہندوستانی ٹیم کو 20.3 اوور میں ہی جیت دلا دی۔
قبل ازیں لیگ اسپنر يجویندر چہل نے (22 رن پر پانچ وکٹ) اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ اور چائنامین بولر کلدیپ یادو (20 رن پر تین وكٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندستان نے جنوبی افریقہ کو 32.2 اوور میں 118 رنز پر ہی ڈھیر کر دیا۔
ون ڈے تاریخ میں جنوبی افریقہ کا اپنےگھر میں اب تک کا یہ سب سے کم اسکور ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس سے پہلے 2009 میں پورٹ الزبتھ میں انگلینڈ کے خلاف 119 رن پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے گیند بازوں نے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے میزبان جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو 32.2 اوور میں 118 رن پر سمیٹ دیا۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ (23) اور وکٹ کیپر كوئنٹن ڈی کوک (20) نے پہلے وکٹ کے لئے 39 رن کی ساجھےداری کی۔ اس کے بعد باقاعدہ وقفے وقفےسے میزبان ٹیم کے وکٹ گرتے رہے۔ میزبان ٹیم کے چھ بلے باز دہائی کا ہندسہ بھی نہیں چھو سکے۔ جنوبی افریقہ نے اپنے آخری کے نو وکٹ محض 67 رن پر ہی گنوائے دئیے۔
جنوبی افریقہ نے 51 کے اسکور پر اپنے تین اہم بلے باز ڈی کوک، کپتان ایڈین ماركرم (8) اور ڈیوڈ ملر (0) کا وکٹ گنوایا۔ 99 رنز تک آتے آتے اس نے اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز ٹک نہیں سکا۔ جنوبی افریقہ کے لئے جے پی ڈومنی اور اپنا ڈیبو میچ کھیل رہے 27 سال کے کھایا جوڈو نے سب سے زیادہ 25۔25 رنز بنائے۔ ڈومنی نے 39 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 25 اور جوڈو نے 45 گیندوں پر دو چوکوں کی بدولت 25 رن بنائے۔
ہندستان کے لئے چہل نے 8.2 اوور میں 22 رن دے کر سب سے زیادہ پانچ وکٹ لئے۔ چہل نے پہلی بار ون ڈے میں پانچ وکٹ حاصل کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ کلدیپ نے چھ اوور میں 20 رن پر تین وکٹ، تیز گیند باز بھونیشور کمار نے پانچ اوور میں 19 رن پر ایک وکٹ اور ياركرمین جسپريت بمراه نے پانچ اوور میں 12 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Published: 04 Feb 2018, 6:35 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Feb 2018, 6:35 PM IST