کراچی: پاکستان نے اپنے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی شاندار کارکردگی سے سری لنکا کے اوپنر دانشکا گناتلكا کی 133 رنز کی سنچری کی محنت پر پانی پھیرتے ہوئے تیسرا اور آخری ون ڈے بدھ کو پانچ وکٹ سے جیت کر تین میچوں کی سیریز 2 -0 سے جیت لی۔ سری لنکا نے 50 اوور میں نو وکٹ پر 297 رن کا مضبوط اسکور بنایا جبکہ پاکستان نے 48.2 اوور میں پانچ وکٹ پر 299 رن بنا کر میچ اور سیریز اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی اننگز میں 74 رن بنانے والے عابد علی کو مین آف دی میچ اور بابر اعظم کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
Published: 03 Oct 2019, 7:57 PM IST
اس جیت کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں کسی ایک ٹیم کے خلاف زیادہ کامیابی حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تو یہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف155ویں میچ میں92ویں کامیابی تھی جس کے ساتھ ہی اس نے کسی بھی ایک ٹیم کے خلاف زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کا ہندستانی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
Published: 03 Oct 2019, 7:57 PM IST
اس سے قبل ہندستان نے سری لنکا ہی کے خلاف159میں سے 91اور آسٹریلیانے نیوزی لینڈ کے خلاف137میں سے91میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی،سابق عالمی چمپئن آسٹریلیا موجودہ چمپئن انگلینڈ کے خلاف149میں سے82مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر براجمان ہے جب کہ اس نے ہندستان کے خلاف بھی 137میں سے77مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی 140میں سے74مقابلے جیت رکھے ہیں ،پاکستانی ٹیم ہندستان کے خلاف132ون ڈے میچوں میں سے73مقابلوں میں سرخرو ہوکر چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
Published: 03 Oct 2019, 7:57 PM IST
ہدف بڑا تھا لیکن پاکستان کے ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں نے اسے آسان بنا دیا اور 10 گیند پہلے میچ ختم کر دیا۔ مین آف دی میچ عابد علی نے صرف 67 گیندوں پر 10 چوکے لگاتے ہوئے 74 رنز کی شاندار جارحانہ اننگز کھیلی۔ عابد نے پہلے وکٹ کے لئے فخر زمان کے ساتھ 123 رنز کی ٹھوس شراکت کی۔ زمان نے 91 گیندوں پر 76 رنز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔بابر اعظم نے 26 گیندوں پر 31 رن، کپتان سرفراز احمد نے 33 گیندوں پر 23 رن، حارث سہیل نے 50 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز اور افتخار احمد نے 22 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رن بنائے۔
Published: 03 Oct 2019, 7:57 PM IST
اس سے پہلے سری لنکا کی اننگز میں دانشکا گناتلكا نے 134 گیندوں میں 16 چوکوں اور ایک چھکے کے سہارے 133 رن بنائے لیکن ان کی شاندار سنچری ٹیم کو جیت نہیں دلا سکی ۔کپتان لاهرو ترمانے نے 36، منود بھانوكا نے 36 اور داسون شناكا نے 43 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 50 رن پر تین وکٹ لئے۔
Published: 03 Oct 2019, 7:57 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Oct 2019, 7:57 PM IST
تصویر: پریس ریلیز