پاکستان نے نسیم شاہ (14 ناٹ آوٹ ) کے آخری دو گیندوں پر دو چھکوں کی بدولت افغانستان کو ایشیا کپ کے ایک قریبی میچ میں بدھ کے روز ایک وکٹ سے شکست دے دی۔افغانستان نے پاکستان کو 20 اوورز میں 130 رنوں کا ہدف دیا تھا، جسے انہوں نے 19.2 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
Published: undefined
پاکستان کو آخری تین اوورز میں 25 رنز درکار تھے لیکن 18ویں اوور میں محمد نواز اور خوشدل شاہ کا وکٹ گرنے کے بعد میچ افغانستان کی جھولی میں آ گیا۔ 19ویں اوور میں حارث رؤف اور آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان 9 وکٹ گنواچکا تھا، جبکہ اسے چھ گیندوں پر 11 رنوں کی ضرورت تھی۔ نمبر 10 بلے باز نسیم شاہ نے یہاں 20ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر پاکستان کوجیت دلادی۔
Published: undefined
ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لئے ہندوستان کی امیدیں افغانستان پر منحصر تھیں اور اس کی شکست سے ہندوستان کی ایشیا کپ مہم ختم ہوگئی۔
Published: undefined
افغانستان نے دوسری اننگ کے پہلے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم کا وکٹ لینے کے ساتھ پاکستان پر دباؤ بنانا شروع کر دیا۔ بابر ایشیا کپ میں پہلی گیند پر آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کپتان بنے۔ فخر زمان (05) نجیب اللہ زدران کے شاندار تھرو کی بدولت رن آؤٹ ہوگئے۔
Published: undefined
محمد رضوان (20) کا وکٹ گرنے کے بعد افتخار احمد اور شاداب خان نے پاکستان کی اننگ کو پٹری پر لاتے ہوئے چوتھے وکٹ کے لئے 42 رن کی پارٹنر شپ کی۔افتخار نے 33 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور اننگ کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
Published: undefined
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے 17 واں اوور راشد خان کو دیا جنہوں نے 26 گیندوں پر 36 رن بنانے والے شاداب کا بیش قیمتی وکٹ نکالا۔ اس کے بعد پاکستان نے جلدی جلدی وکٹیں گنوائیں۔ 18ویں اوور میں فاروقی نے محمد نواز (04) اور خوشدل شاہ (ایک) کو آؤٹ کیا جبکہ 19ویں اوور میں فرید احمد نے حارث رؤف اور آصف علی (16) کو پویلین بھیجا۔ افغانستان جیت کے دہانے پر تھا لیکن نسیم شاہ نے 20ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر فتح ان کے ہاتھ سے چھین لی۔
Published: undefined
اس سے قبل افغانستان نے ابراہیم زدران (35) کی اننگ کی بدولت پاکستان کو 129 رنوں کا ہدف دیا تھا۔
ابراہیم نے 37 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکےکی مدد سے 35 رنز بنائے، حالانکہ ان کے علاوہ کوئی بھی افغان بلے باز 30 رنز کا ہندسہ نہ چھو سکا۔
Published: undefined
پاکستان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا اور اوپنر رحمان اللہ گرباز نے پہلے وکٹ کے لیے حضرت اللہ ززائی کے ساتھ 36 رنز کی شراکت کی۔ گرباز نے آؤٹ ہونے سے قبل 11 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے جبکہ ززائی نے 17 گیندوں میں 21 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان کی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ ابراہیم ایک سرے پر کھڑے رہے جبکہ کریم جنت (15)، نجیب اللہ زدران (10) اور محمد نبی (صفر) ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہے۔
Published: undefined
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے راشد خان (18 ناٹ آؤٹ) نے دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر ٹیم کو 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ محمد حسنین، نسیم شاہ، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined