ممبئی نے ایک بار پھر اپنی بادشاہت قائم کرتے ہوئے رنجی ٹرافی پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس نے آج وِدربھ کو 169 رنوں سے شکست دے کر 42ویں مرتبہ اس خطاب کو اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی کا 9 سالہ انتظار بھی ختم ہو گیا۔ اس نے آخری بار یہ خطاب 16-2015 میں جیتا تھا۔ وِدربھ کی بات کی جائے تو وہ تیسری مرتبہ رنجی ٹرافی کا فائنل کھیل رہا تھا اور پہلی بار ہے جب اسے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ دو مرتبہ جب اس نے فائنل مقابلہ کھیلا تھا تو رنجی ٹرافی کو اپنے نام کیا تھا۔
Published: undefined
ممبئی نے اس مرتبہ رنجی ٹرافی کے فائنل مقابلے میں وِدربھ کے سامنے دوسری اننگ میں جیت کے لیے 538 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ ایک وقت وِدربھ بہت اچھی حالت میں نظر آ رہی تھی جب اس کے محض 5 وکٹ ہی گرے تھے اور 353 رن بورڈ پر نظر آ رہے تھے۔ پھر اس کے بعد جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو 368 رن تک پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح وِدربھ جیت سے 169 رن دور رہ گئی۔ وِدربھ کی جانب سے دوسری اننگ میں کرون نایر اور ہرش دوبے نے نصف سنچری لگائی، لیکن ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ممبئی کی طرف سے دوسری اننگ میں سب سے زیادہ 4 وکٹ تنوش کوٹیان نے لیے۔ جواں سال آل راؤنڈر کھلاڑی اور سرفراز خان کے بھائی مشیر خان کی بھی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے مشکل وقت میں 2 وکٹ لیے اور میچ پر ممبئی کی گرفت مضبوط کی۔ انھوں نے 24 اوورس میں 48 رن دیے اور 32 رن بنانے والے امن موکھاڈے کے ساتھ ساتھ 74 رن بنانے والے کرون نایر کو پویلین بھیجا۔
Published: undefined
اس سے قبل مشیر خان نے ممبئی کے لیے دوسری اننگ میں بلے بازی کرتے ہوئے شاندار 136 رن بنائے تھے۔ پہلی اننگ میں مشیر کچھ خاص نہیں کر سکے تھے اور محض 6 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ پہلی اننگ میں انھیں گیندبازی نہیں ملی تھی، لیکن دوسری اننگ میں بلے بازی اور گیندبازی دونوں میں ہی انھوں نے اپنا ہنر دکھایا۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے مشیر خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ممبئی کے تنوش کوٹیان کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا جنھوں نے مجموعی طور پر 29 وکٹ لیے اور 502 رن بھی بنائے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز