محمد نبی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 2000رن بنانے والے افغانستان کے پہلے کھلاڑی بنے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے محمد نبی نے شارجہ میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اپنی31رن کی اننگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے88 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی79 ویں اننگ کے دوراں ایسا کیا۔ ان سے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں205 بلے بازوں نے 2000یا اس سے زیادہ رن بنائے تھے۔
اسکاٹ لینڈ کے خلاف بنونی میں19 اپریل2009 کو اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے محمد نبی نے2000رن بنانے میں آٹھ سال اور306 دن کا وقت لیا۔
ویسٹ انڈیز کے ووین رچرڈز ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 2000رن بنانے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف اوول میں15 جون1983 کو اپنی119 رن کی اننگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ ووین رچرڈز نے49 ویں میچ کی48 ویں اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔
جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اننگوں میں2000 رن بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف پورٹ الزبتھ میں21 جنوری2011کو اپنی 64 رن کی اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔ دائیں ہاتھ کے اس افتتاحی بلے باز نے 41ویں میچ کی40 ویں اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔
ہاشم آملہ سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستان کے ظہیر عباس کے پاس تھا جنہوں نے ہندوستان کے خلاف جے پور میں2 اکتوبر1983 کو اپنی48 رن کی اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔ ظہیر عباس نے 2000رن بنانے کے لئے 45 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی45 اننگوں میں بلے بازی کی تھی۔
محمد نبی نے ابھی تک جو88 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی79 اننگوں میں28.61 کی اوسط اور87.58 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور نو نصف سنچریوں کی مدد سے2003 رن بنائے ہیں جس میں66 چھکے اور129 چوکے شامل ہیں۔
محمد نبی کی موجودگی میں افغانستان کو جن44 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جیت ملی ہے ان کی37 اننگوں میں انہوں نے ایک سنچری اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے40.00 کی اوسط اور96.80 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ1120 رن بنائے ہیں۔ انکے ٹیم میں رہتے افغانستان کو جن42 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ہار ہوئی ہے ان کی42اننگوں میں انہوں نےتین نصف سنچریوں کی مدد سے21.02 کی اوسط اور78.14 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ883 رن بنائے ہیں۔جو دو میچ نامکمل رہے ہیں ان میں محمد نبی کو بلے بازی کرنے کا موقع نہیں ملا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined