کرکٹ

ڈومنی کے ایک روزہ کرکٹ میں ایک اوور میں37 رن

جین پال ڈومنی نے آوٹ ہوئے بغیر70 رن کی اننگ کے دوران ایک اوور میں37 رن بنائے اور جنوبی افریقہ کے لئے ایک روزہ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا جین پال ڈومنی

جنوبی افریقہ میں مومنٹم ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ کے اسٹار کھلاڑی جین پال ڈومنی کیپ ٹاون میں کھیلے گئے میچ میں کیپ کوبراس کی جانب سے کھیلے ہوئے نائیٹس کے خلاف37 منٹ میں37 بالوں پر دو چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر70 رن بنائے اور اپنی ٹیم کو13 اوور قبل جیت دلائی۔

اس میچ میں نائٹس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے50 اوور میں9 وکٹ پر239 رن بنائے تھے۔ کیپ کوبراس نے37 اوور میں دو وکٹ پر 245 رن بناکر میچ آٹھ وکٹ سےجیتا اور بونس پوائنٹ بھی حاصل کیا جسکی ان کو اشد ضرورت تھی۔

جین پال ڈومنی نے اپنی آوٹ ہوئے بغیر70 رن کی اننگ کے دوران ایک اوور میں37 رن بنائے اور جنوبی افریقہ کے لئے ایک روزہ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

اننگ کا 37 واں اوور کرانے لیگ بریک بالر ایڈی لی نے کرایا۔جو جنوبی افریقہ کے لئے دو ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔پہلی چار بالوں پر چار شاندار چھکے لگانے کے بعدجین پال ڈومنی نے دو رن بنائے۔پانچویں بال نو بال تھی جس پر پانچ رن بنے۔ اوور کی چھٹی اور آخری بال پر جین پال ڈومنی نے شاندار چھکا لگایا اور ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ایک روزہ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ زمبابوے کے ایلٹن چیگمبورا نے پاس ہے جنہوں نے ڈھاکہ پریمئر لیگ میں اکتوبر2013 میں کھیلے گئے میچ میں شیخ جمال دھان منڈی کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے ابھانی لمیٹڈ کے خلاف میر پور میں ایسا کیا تھا۔ یہ میچ دو دن یعنی 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو کھیلا گیا تھا۔

اننگ کا آخری اوور کرانے تیز بالر علاؤالدین آئے تھے۔پہلی بال نو بال تھی جس پر پانچ رن بنے۔ دوسری بال وائیڈ قرار دی گئی۔پہلی لیگل بال پر ایلٹن چیگمبورا نے شاندار چھکا لگایا جبکہ دوسری بال پر انہوں نے چوکا جمایا۔تیسری بال پر ایک شاندار چھکا مارا گیاجبکہ چوتھی بال پر چوکا لگا۔ پانچویں بال پر چھکا لگا جبکہ اگلی بال وائیڈ قرار دی گئی۔ جب یہ بال دوبارہ پھینکی گئی تواس پر شاندار چھکا لگاکر ایلٹن چیگمبورا نے اس اوور میں39 رن بٹورلئے اور ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

جنوبی افریقہ کے لئے ایک روزہ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا سابقہ ریکارڈ ہرشل گبس کے پاس تھا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے لئے کھیلتے ہوئے ہالینڈ کے خلاف سنٹ کیڈس میں16 مارچ 2007 کو کھیلے گئے میچ میں ڈان وین بنگی کے اوور میں36 رن بنائے تھے۔ انہوں نے اس اوورمیں ہر بال پر چھکا مارا تھا۔ ایسا اننگ کے30 ویں اوور میں ہوا تھا جوان وین بنگی کا چوتھا تھا۔پہلا چھکا لانگ آن پر اور دوسرلانگ آف پر مارا گیا تھا۔ تیسرا چھکا بھی لانگ آف پر لگا تھا۔ چوتھا چھکا ڈیپ مڈ وکٹ پر لگا تھا۔پانچواں چھکا لانگ آف پر اور آخری ڈیپ مڈ وکٹ پر مارا گیا تھا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined