حیدرآباد: ممبئی انڈینس کے خلاف خراب آغاز کے باوجود گیندبازوں کے دم پر قابل تعریف جیت درج کرنے والی سن رائزرس حیدرآباد نے خود کو ثابت کر دیا ہے اور اب وہ جمعرات کو اپنے گھریلو میدان میں کنگز الیون پنجاب کے فتوحاتی سلسلے کو روکنے کے لئے اترے گی جو پوائنٹ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
حیدرآباد کی آئی پی ایل -11 میں کارکردگی اب تک کافی تسلی بخش رہی ہے اور اس نے اپنے چھ میچوں میں چار جیتے ہیں جبکہ دو میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہ پوائنٹ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پنجاب بھی بہترین فارم میں کھیل رہی ہے اور اپنے پانچ میچوں میں چار جیت اور واحد شکست کے بعد وہ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
دونوں ہی ٹیمیں جب حیدرآباد میں جمعرات کو آمنے سامنے ہوں گی تو ان کی کوشش جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی ہوگی۔
حیدرآباد نے اپنے گزشتہ میچ میں زبردست کھیل سے ثابت کر دیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں اس کے پاس مضبوط گیندبازی بھی ہے جو کبھی بھی میچ کا رخ پلٹ سکتی ہے۔ ممبئی کے خلاف محض 18.4 اوور میں 118 پر ڈھیر ہونے کے باوجود جہاں ایک وقت اسے ہارا ہوا تصور کیا جا رہا تھا لیکن اس کے گیند بازوں نے معمولی اسکور کا بھی شاندار دفاع کیا اور حریف ٹیم کو 87 رنز پر ہی ڈھیر کرکے میچ 31 رنز سے جیت لیا۔
Published: undefined
حیدرآباد کے لیے میڈیم تیز گیندباز سدھارتھ کول نے جہاں 23 رن پر تین وکٹ لئے تو افغانستان کے اسپنر راشد خان نے چار اوور میں 11 رن پر دو اور باسل تھمپی نے چار رن پر دو وکٹ لئے۔
وہیں سندیپ شرما نے بھی کفایتی گیند بازی کی اور تین اوور میں صرف نو رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ٹیم کے ہر گیندباز نے وکٹیں حاصل کیں اور رن بھی کم دیئے ۔ حیدرآباد کی جیت اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ اس نے ممبئی جیسی ٹیم کے بہترین بلے بازوں کو رن نہیں بنانے دیئے۔
دوسری طرف پنجاب بھی 11 ویں ایڈیشن میں نئے کپتان روی چندرن اشون کی قیادت میں زبردست فارم میں ہے اور اس نے گزشتہ میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولس کو اس کے گھریلو میدان پر محض چار رنز سے شکست دی تھی۔ یہ میچ بھی پنجاب کو اس کے گیند بازوں نے جتوايا تھا۔ مجیب الرحمن کی عمدہ گیندبازی سے ٹیم جیت کی دہلیز تک پہنچی۔
دوسری طرف پنجاب کے پاس بھی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ہے جس میں کرس گیل اس وقت کافی شاندار فارم میں ہیں اور ٹورنامنٹ میں پہلی سنچری بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ وہ تین میچوں میں 229 کی اوسط سے رن بنا چکے ہیں جس میں ناٹ آؤٹ 104 رن ان کی اہم اننگز ہے۔ اس کے علاوہ لوکیش راہل، کرون نائر، مینک اگروال بھی اچھے اسکورر ہیں تو کپتان اشون نچلے آرڈر پر بڑا اسکور کر سکتے ہیں۔
گیند بازوں میں افغانستان کے مجیب چھ وکٹ اور آدتیہ تارے گزشتہ چھ میچوں میں چھ چھ وکٹ کے ساتھ سب سے کامیاب رہے ہیں اور گزشتہ میچ میں جیت میں ان کا اہم کردار رہا تھا۔
پنجاب نے اس میچ کو گیل کے بغیر بھی جیتا اور دکھایا کہ وہ کسی ایک کھلاڑی پر منحصر نہیں ہے لیکن آل راؤنڈر یوراج سنگھ کی فارم اس کے لیے تشویش کاسبب ہے جنہوں نے 14،0،20،4، 12 کے خراب اسکور بنائے ہیں اور مڈل آرڈر میں ٹیم کی کمزور کڑی ثابت ہو رہے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined