کرکٹ

آئی پی ایل میگا نیلامی: سعودی عرب کے جدہ میں سج گیا اسٹیج، 24 اور 25 نومبر کو لگے گی کھلاڑیوں کی بولی!

میگا نیلامی میں 12 کھلاڑیوں کو ’مارکی پلیئرز‘ کی لسٹ میں رکھا گیا ہے جو سب سے پہلے نیلام ہوں گے۔ ان میں رشبھ پنت، شریس ایئر، کے ایل راہل، جوس بٹلر، محمد سمیع، مشیل اسٹارک اور محمد سراج وغیرہ شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>آئی پی ایل نیلامی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>

آئی پی ایل نیلامی، تصویر @IPL

 

دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے 17ویں سیزن کی نیلامی کے لیے اسٹیج پوری طرح سج چکا ہے۔ اس بار کی نیلامی دو وجوہات سے خاص ہے۔ ایک یہ تو کہ یہ ’میگا نیلامی‘ ہے جس میں بڑے اسٹار کرکٹرس نیلام ہوں گے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ اس بار کی نیلامی کے لیے سعودی عرب کے جدہ شہر کا تعین کیا گیا ہے۔ 24 اور 25 نومبر کا دن کرکٹ شائقین اور کرکٹرز کے لیے کافی خاص رہنے والا ہے۔ 2 دن تک چلنے والی اس میگا نیلامی میں سینکڑوں کھلاڑیوں پر مختلف فرنچائزی بولی لگائیں گی۔ آئی پی ایل کرکٹ لیگ اس وجہ سے بھی خاص ہے کہ یہاں پر پیسوں کی بارش ہوتی ہے۔ تمام ممالک کے نمایاں کھلاڑیوں کا خواب آئی پی ایل میں کھیلنا ہوتا ہے۔ کئی بار ایسا دیکھا گیا ہے کہ کئی غیر ملکی کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی نہ کر کے آئی پی ایل میں اپنی فرنچائزی کی نمائندگی کو ترجیح دیتے ہیں۔

Published: undefined

بی سی سی آئی نے اس بار میگا نیلامی کے لیے کچھ نئے اصول پیش کیے ہیں۔ پہلی بار بورڈ نے ہر ٹیم کو نیلامی سے قبل 4 کے بجائے 6 کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھنے کا اختیار دیا تھا۔ اب یہ ٹیموں پر منحصر تھا کہ وہ تمام 6 کھلاڑیوں کو پہلے ہی برقرار رکھتی ہیں یا میگا نیلامی میں اپنے ’رائٹ ٹو میچ‘ حق کا استعمال کرتی ہیں۔ کچھ ٹیموں نے مکمل 6 کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھا لیکن بیشتر نے کم کھلاڑی ٹیم میں برقرار رکھ کر ’رائٹ ٹو میچ‘ کا راستہ کھلا رکھا ہے۔ اس وجہ سے اس بار کی نیلامی میں کئی ٹیموں کی محنت اور منصوبہ بندی کو دوسری ٹیمیں ’رائٹ ٹو میچ‘ کے ذریعے خراب کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس بار بی سی سی آئی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے بھی سخت قوانین نافذ کیے ہیں۔ کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی اگلی ’مِنی نیلامی‘ کے لیے تبھی رجسٹر کر سکتا ہے جب اس نے میگا نیلامی کے لیے رجسٹریشن کرایا ہو۔ پچھلے کئی سیزن سے یہ دیکھا گیا ہے کہ منی نیلامی میں غیر ملکی کھلاڑی صرف زیادہ بولی حاصل کرنے کے لیے آتے تھے، جس کے بارے میں فرنچائزی نے بی سی سی آئی سے شکایت کی تھی۔ اس کے علاوہ اب نیلامی میں فروخت ہونے کے بعد غیر ملکی کھلاڑی سیزن شروع ہونے سے پہلے اپنے نام واپس نہیں لے سکیں گے۔ ایسا کرنے پر 2 سال کی پابندی لگ جائے گی۔ اس بار میگا نیلامی میں کھلاڑیوں کو اگلے 3 سیزن کے لیے خریدا جائے گا۔

Published: undefined

میگا نیلامی کے لیے 577 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جن میں سے بی سی سی آئی کی جانب سے 12 کھلاڑیوں کو ’مارکی پلیئرز‘ کی لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ ان 12 کو 6-6 کے دو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ 12 کھلاڑی سب سے پہلے نیلام ہوں گے۔ ان میں 5 ہندوستانی مایہ ناز کھلاڑی ایسے ہیں جن پر سبھی کی نگاہیں ہوں گی۔ وہ پانچوں کھلاڑی ہیں رشبھ پنت، محمد سمیع، شریس ایئر، محمد سراج اور کے ایل راہل۔ ان پانچوں کے علاوہ جوس بٹلر اور مشیل اسٹارک جیسے کھلاڑی بھی اس سٹ کا حصہ ہیں۔ ان تمام پر نگاہیں مرکوز ہوں گی اور امید کی جا رہی ہیں کہ ان کھلاڑیوں پر فرنچائزی بے تحاشہ پیسے خرچ کریں گی۔ میگا نیلامی کی شروعات ہندوستانی وقت کے مطابق کل یعنی 24 نومبر کو دو پہر 3.30 سے ہوگی۔

Published: undefined

گزشتہ تمام منی اور میگا نیلامی کی طرح اس بار بھی بی سی سی آئی نے فرنچائزی کے نیلامی پَرس میں اضافہ کیا ہے۔ اس بار یہ بڑھ کر 120 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ اس قدم سے ٹیموں کو کھلاڑیوں کو خریدنے میں کافی مدد ملے گی۔ اگر ہم کل ہونے والی نیلامی کے پرس کی بات کریں تو تمام 10 فرنچائزی کے پاس مجموعی طور پر 641 کروڑ روپے ہیں۔ کل 577 کھلاڑیوں میں سے زائد از زائد 204 سلاٹ دستیاب ہوں گے۔ اگرچہ ہر فرنچائزی کے پاس 25 کھلاڑیوں کا اسکواڈ تیار کرنے کا اختیار ہے، لیکن ہر اسکواڈ میں کم از کم 20 کھلاڑیوں کا ہونا لازمی ہے۔ ایسے میں یہ کہنا مشکل ہے کہ کیا تمام 204 سلاٹ بھرے جائیں گے۔ جن کھلاڑیوں کے حق میں فرنچائزی بولی لگائے گی وہ راتوں رات کروڑ پتی بن جائیں گے۔ کئی ایسے بھی ہوں گے جنہیں کوئی خریدار نہیں ملے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined

,
  • مہاراشٹر کے نتائج میں فرقہ پرستی اور پیسوں کا دخل... سید خرم رضا