کرکٹ

آئی پی ایل 2023: ممبئی نے حیدر آباد کو قریبی مقابلے میں 14 رنوں سے ہرایا، ارجن تندولکر کو بھی ملا وکٹ

ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوور 5 وکٹ کے نقصان پر 192 رن بنائے تھے، جواب میں سنرائزرس حیدر آباد کی پوری ٹیم 20 اوور میں محض 178 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ممبئی انڈینز، @IPL</p></div>

ممبئی انڈینز، @IPL

 

آئی پی ایل 2023 کا پچیسواں میچ آج ممبئی انڈینز اور سنرائزرس حیدر آباد کے درمیان کھیلا گیا جو کہ سابق مایہ ناز بلے باز سچن تندولکر کے بیٹے ارجن تندولکر کے لیے یادگار رہا۔ دراصل حیدر آباد کو آخری اوور میں جیت کے لیے 20 رنوں کی ضرورت تھی اور گیند تھی ارجن تندولکر کے ہاتھوں میں۔ حیدر آباد کے ہاتھ میں محض 2 وکٹ تھے اور ارجن تندولکر کی بہترین گیندبازی کی وجہ سے کوئی بھی بلے باز بڑا شاٹ نہیں لگا سکا۔ پہلے تو 2 رن لینے کی کوشش میں عبدالصمد رَن آؤٹ ہو گئے، اور پھر اوور کی پانچویں گیند پر ارجن نے بھونیشور کمار کو کپتان روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ 5 گیندوں میں ارجن نے محض 5 رن دیے اور آئی پی ایل میں اپنا پہلا وکٹ بھی حاصل کر لیا۔ حیدر آباد کو اس میچ میں 14 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ آئی پی ایل میں ارجن تندولکر کا محض دوسرا میچ تھا اور آج انھوں نے 2.5 اوور میں محض 18 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔

Published: undefined

آج حیدر آباد کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ایک بار پھر ممبئی کے کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے ٹیم کو تیز شروعات دی، لیکن روہت شرما 18 گیندوں پر 28 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ ایشان کشن نے 31 گیند پر 38 رن بنائے، لیکن سب سے زیادہ متاثر کیا کیمرون گرین نے، جنھوں نے 40 گیند پر ناٹ آؤٹ 64 رن بنائے۔ تلک ورما نے بھی لاجواب بلے بازی کی جنھوں نے محض 17 گیندوں پر طوفانی 37 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ٹم ڈیوڈ نے بھی 11 گیندوں پر 16 رن بنائے اور بیسویں اوور کی آخری گیند پر رَن آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار یادو نے آج ایک بار پھر مایوس کیا، کیونکہ انھوں نے محض 7 رن بنائے۔ مقررہ 20 اوور میں ممبئی نے 5 وکٹ کے نقصان پر 192 رن بنائے۔

Published: undefined

حیدر آباد کی طرف سے مارکو یانسین سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 2 وکٹ لیے، لیکن 4 اوور میں 43 رن لٹا دیے۔ بھونیشور کمار نے 4 اوور میں 31 رن دے کر 1 وکٹ اور ٹی نٹراجن نے 4 اوور میں 50 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیے۔ 4 اوور میں 33 رن دینے والے واشنگٹن اور 4 اوور میں 35 رن دینے والے مینک مارکنڈے کو کوئی بھی وکٹ حاصل نہیں ہو سکا۔

Published: undefined

حیدر آباد کے بلے باز جب 193 رنوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اترے تو شروعات ہی اچھی نہیں رہی۔ ہیری بروک محض 9 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور راہل ترپاٹھی بھی 7 رن بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔ مینک اگروال نے 48 رن ضرور بنائے، لیکن اس کے لیے انھوں نے 41 گیندیں کھیلیں۔ کپتان ایڈن مارکرم بھی 17 گیند پر 22 رن بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔ ہینرک کلاسین نے ضرور تیز بلے بازی کی اور محض 16 گیندوں پر 36 رن بنا ڈالے، لیکن انھیں کسی اور بلے باز کا ساتھ نہیں ملا۔ ابھشیک شرما محض 1 رن، عبدالصمد 9 رن، مارکو یانسین 13 رن، واشنگٹن سندر 10 رن اور بھونیشور کمار 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مینک مرکنڈے ناٹ آؤٹ رہے جنھوں نے 2 گیندوں پر 2 رن بنائے۔ مقررہ 20 اوور میں حیدر آباد 178 رن ہی بنا سکی اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

Published: undefined

ممبئی کی طرف سے ارجن تندولکر نے گیندبازی کی شروعات کی تھی اور پہلے 2 اوور میں محض 13 رن دیے تھے۔ جیسن بہرینڈورف (4 اوور میں 37 رن)، ریلے میریڈتھ (4 اوور میں 33 رن) اور پیوش چاؤلہ (4 اوور میں 43 رن) کو 2-2 وکٹ حاصل ہوئے، جبکہ کیمرون گرین (4 اوور میں 29 رن) اور ارجن تندولکر (2.5 اوور میں 18 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔ ایک اوور میں 12 رن دینے والے ریتک شوقین کو کوئی وکٹ نہیں ملا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined