حیدرآباد: امباٹی رائیڈو (79) اور سریش رینا (ناٹ آؤٹ 53) کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد فاسٹ بولر دیپک چاہر (15 رن پر تین وکٹ) کی بہترین بولنگ سے چنئی سپر کنگز نے سن رائزرس حیدرآباد کو آئی پی ایل 11 کے مقابلے میں اتوار کو سانس روک دینے والے دلچسپ مقابلے میں چار رنز سے ہرا دیا۔
چنئی نے 20 اوور میں تین وکٹ پر 182 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن حیدرآباد کی ٹیم اپنے کپتان کین ولیمسن کی 84 رنز اور یوسف پٹھان کی 45 رنز کی بہترین اننگز کے باوجود چھ وکٹ پر 178 رن ہی بنا سکی۔ حیدر آباد ٹیم کے لئے راشد خان نے یوسف پٹھان کے آؤٹ ہونے کے بعد اپنی ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ 4 رن دور رہ گئے انہوں نے 4 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 17 رن بنائے۔ چنئی کی پانچ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے جبکہ حیدرآباد کی اتنے ہی میچوں میں یہ دوسری شکست ہے۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کی شروعات بے حد خراب رہی اور رکی بھوئی (0)، منیش پانڈے (0) اور دیپک ہڈا (1) کے وکٹ پانچویں اوور تک 22 رن پر ہی گر گئے۔ راجستھان کے تیز گیند باز دیپک چاہر نے یہ تینوں وکٹ لےکر حیدرآباد کو پریشانی میں ڈال دیا۔
ایسی صورت میں کپتان کین ولیمسن نے مورچہ سنبھالا اور شکیب الحسن کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 49 رن کی ساجھیداری کی۔شکیب کو کرن شرما نے آؤٹ کر حیدرآباد کو چوتھا جھٹکا دیا۔ شکیب نے 19 گیندوں میں 24 رن بنائے۔
لیکن پھر یوسف پٹھان اپنے کپتان کے ساتھ وکٹ پر ٹک گئے۔دونوں نے زور دار شاٹ کھیلتے ہوئے ٹیم کے رنز کی رفتار کو برقرار رکھا۔ولیمسن نے اپنے 50 رن 35 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے پورے کئے۔ولیمسن اور پٹھان کے درمیان 50 رنز کی شراکت 31 گیندوں میں پوری ہوئی۔
اس شراکت سے چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی فکر بڑھتی جا رہی تھی اور میچ دلچسپ ہونے لگا تھا۔حیدرآباد کے 150 رن 17.5 اوور میں پورے ہو گئے۔لیکن ڈیون براوو نے 18 ویں اوور کی آخری گیند پر ولیمسن کو آؤٹ کر حیدرآباد کو گہرا جھٹکا دیا۔ولیمسن کا کیچ رویندر جڈیجہ نے لپکا۔ولیمسن نے 51 گیندوں پر 84 رن میں پانچ چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔
حیدرآباد کو اب آخری دو اوور میں جیت کے لئے 33 رنز کی ضرورت تھی۔پٹھان نے 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر شاردل ٹھاکر پر چھکا مار ديالیكن ٹھاکر نے چوتھی گیند پر پٹھان کو آؤٹ کر بدلہ چکا لیا۔میچ ابھی چنئی کی گرفت میں آ گیا۔پٹھان نے 27 گیندوں پر 45 رن میں ایک چوکا اور چار چھکے لگائے۔
راشد خان نے آتے ہی ٹھاکر کی آخری گیند پر چھکا مار دیا۔حیدرآباد کو آخری اوور میں جیت کے لئے 19 رنز چاہئے تھے۔راشد نے براوو کی چوتھی گیند پر چھکا اور پانچویں گیند پر چوکا مار دیا۔ ابھی آخری گیند پر حیدرآباد کو چھکے کی ضرورت تھی لیکن براوو نے ایک ہی رن دیا اور جیت چنئی کی جھولی میں ڈال دی۔
چاہر کے تین وکٹ کے علاوہ ٹھاکر، کرن شرما اور براوو نے ایک ایک وکٹ لیا۔
اس سے قبل امباٹی رائیڈو (79) اور سریش رینا (ناٹ آؤٹ 53) کی شاندار نصف سنچریوں سے چنئی سپر کنگز نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل 11 کے مقابلے میں اتوار کو 20 اوور میں تین وکٹ پر 182 رن کا مضبوط اسکور بنا یا تھا ۔
رینا اور رائیڈو نے تیسرے وکٹ کے لئے 112 رن کی شراکت کر چنئی کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔دونوں نے ٹیم کو دو وکٹ پر 32 رن سے سنبھالا۔گزشتہ میچ کے سنچری میکر شین واٹسن اس بار صرف نو رنز بنا کر چوتھے اوور میں 14 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔بھونیشور کمار نے واٹسن کا وکٹ لیا۔
چنئی کو دوسرا جھٹکا آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر فاف ڈو پلیسس کے آؤٹ ہونے سے لگا۔ڈو پلیسس کو لیگ اسپنر راشد خان نے اسٹمپ کرا دیا۔ڈو پلیسس نے 13 گیندوں میں 11 رن بنائے۔اس وقت تک چنئی کی رنز کی رفتار بہت سست چل رہی تھی اور یہ وکٹ گرنا چنئی کے لئے فائدہ کا سودا ہی ثابت ہوا۔
میدان پر اترے رائیڈو نے آنے کے ساتھ ہی رن رفتار کو تیز کر دیا۔چنئی کے جہاں 7.1 اوور میں 32 رن تھے وہیں اس کے 100 رنز 13.5 اوور میں پورے ہو گئے۔رائیڈو نے اپنے 50 رن صرف 27 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے پورے کئے۔
تیسرے وکٹ کے لئے 100 رن کی شراکت محض 51 گیندوں میں بنی۔رائیڈو 37 گیندوں میں نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنانے کے بعد 17 ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔رائیڈو کا وکٹ 144 کے اسکور پر گرا۔
رینا نے اپنی نصف سنچری 39 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کے سہارے مکمل کی ۔ رینا نے 43 گیندوں پر ناٹ آوٹ 54 رن کی اننگز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 12 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 25 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ چنئی نے آخری پانچ اوورز میں 62 رن بنائے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز