کرکٹ

عالمی کپ میں اب تک 7 بار مدمقابل ہوئے ہند-پاک، آئیے جانیں ساتوں میچ کی تفصیل

عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئے اب تک کے سبھی سات مقابلوں میں ہندوستان کی فتح ہوئی اور ان میں سب سے زیادہ 3 مرتبہ مین آف دی میچ سچن تندولکر رہے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور بابر اعظم، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

روہت شرما اور بابر اعظم، تصویر آئی اے این ایس

 

عالمی کپ 2023 میں 14 اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان مدمقابل ہوں گے اور اس میچ کا سبھی کو بے صبری سے انتظار ہے۔ عالمی کپ میں آج تک ان دونوں ٹیموں کے درمیان 7 مقابلے ہوئے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سبھی میچ ہندوستانی ٹیم نے جیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی ٹیم ہر حال میں اپنی جیت یقینی کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی، جبکہ ہندوستانی ٹیم آٹھواں مقابلہ بھی اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔

Published: undefined

ہفتہ کے روز ہندوستان اور پاکستان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پچھلی بار عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ہندوستانی سرزمین پر 2011 میں ہوا تھا۔ یعنی ہندوستانی زمین پر عالمی کپ میں مقابلہ دونوں ٹیموں کے درمیان 12 سال بعد ہوگا۔ پچھلی بار موہالی میں یہ دونوں ٹیمیں مد مقابل ہوئی تھیں۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ سات مقابلوں میں سے چھ مقابلے ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جیتی ہیں، اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ ٹاس جیتنے والے کپتان کل کے مقابلے میں پہلے بلے بازی کرنے کا ہی فیصلہ کریں گے۔ یہ بات بھی غور کرنے والی ہے کہ اب تک عالمی کپ میں ہوئے 7 ہند-پاک مقابلوں میں سے 3 میں سچن تندولکر پلیئر آف دی میچ رہے۔ آئیے ایک سرسری نظر ڈالتے ہیں عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے سبھی 7 مقابلوں پر۔

Published: undefined

1. 1992، سڈنی:

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عالمی کپ میں پہلا مقابلہ 1992 میں آسٹریلیا کے سڈنی گراؤنڈ میں ہوا تھا۔ 4 مارچ کو کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 49 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 216 رن بنائے تھے۔ جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 48.1 اوورس میں 173 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم کو 43 رنوں سے جیت ملی تھی۔ ناٹ آؤٹ 54 رن اور 1 وکٹ لینے والے سچن تندولکر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

Published: undefined

2. 1996، بنگلور:

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہندوستانی زمین پر پہلا عالمی کپ مقابلہ 9 مارچ 1996 کو بنگلور میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان کو 39 رنوں سے فتح حاصل ہوئی تھی۔ ہندوستان نے 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 287 رن بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 49 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 248 رن ہی بنا سکی۔ 93 رن بنانے والے نوجوت سنگھ سدھو کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

Published: undefined

3. 1999، مانچسٹر:

عالمی کپ میں تیسرا ہند-پاک مقابلہ 1999 میں مانچسٹر میں 8 جون کو کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں بھی ہندوستان نے پہلے بلے بازی کی تھی اور 50 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 227 رن بنائے تھے۔ یہ اسکور بھی پاکستانی ٹیم پار نہیں کر سکی اور 45.3 اوورس میں 10 وکٹ کے نقصان پر محض 180 رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان کو 47 رن سے جیت ملی اور 5 وکٹ لینے والے ونکٹیش پرساد کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ملا۔

Published: undefined

4. 2003، سنچورین:

عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئے اب تک کے مقابلوں میں یہ واحد مقابلہ ہے جب پہلے پاکستانی ٹیم نے بلے بازی کی تھی۔ 2003 میں سنچورین میں کھیلے گئے اس مقابلے کو ہندوستانی ٹیم نے 6 وکٹ سے جیتا تھا۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں 273 رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے 45.4 اوورس میں ہی 4 وکٹ کے نقصان پر 276 رن بنا لیے۔ سچن تندولکر کو ان کے بہترین 98 رنوں کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

Published: undefined

5. 2011، موہالی:

2011 کا سال تو ہندوستانی ٹیم کے لیے نہایت یادگار ہے، کیونکہ اسی سال ہندوستانی ٹیم نے دوسری بار عالمی کپ جیتا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں جب ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ہوا تھا تو ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کی تھی۔ 50 اوورس میں ہندوستان نے 9 وکٹ کے نقصان پر 260 رن بنائے تھے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 49.5 اوورس میں 10 وکٹ کے نقصان پر 231 رن ہی بنا سکی۔ یعنی ہندوستانی ٹیم کو 29 رنوں سے فتح نصیب ہوئی۔ ایک بار پھر سچن تندولکر کو ان کی 85 رنوں کی اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

Published: undefined

6. 2015، ایڈیلیڈ:

عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا چھٹا مقابلہ ایڈیلیڈ میں 2015 میں کھیلا گیا تھا۔ اس مقابلے کو ہندوستانی ٹیم نے 76 رنوں کے بڑے فرق سے جیتا تھا۔ وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم 50 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 300 رن بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔ جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 47 اوورس میں 224 رن بنا کر ہی پویلین لوٹ گئی۔ 107 رنوں کی شاندار اننگ کے لیے وراٹ کوہلی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

Published: undefined

7. 2019، مانچسٹر:

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عالمی کپ میں اب تک کا ساتواں اور مانچسٹر میں دوسرا مقابلہ 2019 میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان کی طرف سے رنوں کی بارش ہوئی کیونکہ روہت شرما نے 140 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی تھی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 336 رن بنائے تھے۔ بارش سے متاثر اس میچ کو جیتنے کے لیے پاکستان کو 40 اوورس میں 301 رنوں کا ہدف ملا تھا لیکن پاکستانی ٹیم مقررہ اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 212 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح ہندوستان کو 89 رنوں سے جیت ملی۔ 140 رن بنانے والے روہت شرما کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined