چنئی: ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو چار ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں 317 رنوں سے ہرا دیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگ میں محض 164 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی انگلینڈ کے خلاف رنوں کے حساب سے یہ سب سے بڑی جیت ہے۔ وہیں، رنوں کے اعتبار سے ہندوستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پانچویں سب سے بڑی جیت ہے۔
ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل نے شاندار گیند بازی کی اور وہ انگلینڈ کے خلاف 5 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ وہیں، آر اشون نے تین اور کلدیپ نے 2 وکٹ حاصل کیے۔ اشون نے شاندار ہرفن مولا کھیل کا مظاہرہ کیا، ہندوستان کی دوسری اننگ میں اشون نے بلے بازی کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور انہوں نے 104 رن بنائے، جبکہ انگلینڈ کی پہلی اننگ میں انہوں نے پانچ وکٹ حاصل کیے۔ ہندوستان نے اس ٹیسٹ میچ کو جیت کر سیریز کو ایک ایک سے برابر کر لیا ہے۔
اس سے قبل دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے پہلے سیشن میں اشون نے اپنی شاندار اسپن گیند بازی کی۔ انہوں نے پنت کے ہاتھوں لارنس کو اسٹمپ کراکر انگلینڈ کو چوتھا دھچکا دیا، جب کہ بین اسٹوکس کو سلپ میں کوہلی کے ہاتھوں کیچ کراکر انگلینڈ کو پانچواں دھچکا دیا۔ لارنس 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور اسٹوکس صرف 8 رنز ہی بنا سکے۔
انگلینڈ کو 90 رنز کے اسکور پر پانچواں دھچکا لگا، جبکہ بھارت کو چھٹی کامیابی 110 رنز پر حاصل ہوئی۔ انگلینڈ کا ساتواں وکٹ 116 رنز کے مجموعی اسکور پر گرا۔ اس کے بعد انگلینڈ کا نواں وکٹ 126 پر اور آخری وکٹ 164 رنز پر گرا۔ آخر میں معین علی نے تیز بلے بازی کی اور 18 گیندوں پر 43 رنز بنا دیئے۔ انہوں نے 5 چھکے بھی لگائے، تاہم معین علی کلدیپ یادو کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined