کرکٹ

تیسرے ٹی-20 میں ہندوستان کی شرمناک شکست، سری لنکا سیریز پر 2-1 سے قابض

ہندوستان کے ذریعہ جیت کے لیے دیے گئے 82 رن کے ہدف کو سری لنکا نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر 14.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری لنکائی اسپن گیند باز وانندو ہسارنگا کی خطرناک گیندبازی (4 اوور میں 9 رن پر 4 وکٹ) اور پھر بہترین بلے بازی (9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 14 رن) کی وجہ سے سری لنکا نے ہندوستان کو تیسرے ٹی-20 میچ میں بہ آسانی 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ ہندوستانی کپتان شکھر دھون نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر جو وکٹوں کی پت جھڑ شروع ہوئی تو بڑی مشکل سے ٹیم کا اسکور 81 رن تک پہنچ پایا۔ 82 رنوں کا ہدف سری لنکا نے 14.3 اوور میں 7 وکٹ رہتے حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رن دھننجے ڈی سلوا (20 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 23 رن) نے بنائے۔ سلامی بلے باز اوشکا فرنانڈو 12 رن بنا کر راہل چہر کا شکار ہوئے اور منود بھانوکا کو بھی راہل چہر نے 18 رن کے ذاتی اسکور پر آؤٹ کیا۔ سمارا وکرما کو تو راہل چہر نے محض 6 رن کے ذاتی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ چہر نے 4 اوور میں محض 15 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔ ہندوستان کے کسی دیگر گیندباز کو وکٹ حاصل نہیں ہو سکا۔ اس طرح سے سری لنکا نے تین میچوں کی ٹی-20 سیریز پر 2-1 سے قبضہ کر لیا۔ سری لنکا نے دوسرے اور تیسرے ٹی-20 میں جیت کا پرچم لہرایا۔ ہسارنگا کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Published: undefined

اس سے قبل سری لنکا نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی-20 مقابلے میں جمعرات کو 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 81 رن کے معمولی سے اسکور پر روک دیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کی شروعات بے حد خراب تھی اور اس نے 36 رن تک اپنے پانچ وکٹ گنوا دیے۔ کلدیپ یادو نے 28 گیندوں پر 16 رن بنا کر ہندوستان کو پوری طرح سے غرقاب ہونے سے بچا لیا۔

Published: undefined

وانندو ہسارنگا نے چار اوور میں محض نو رن پر چار وکٹ لے کر ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ ہسارنگا نے رتوراج گائکواڈ 14، سنجو سیمسن 00، بھونیشور کمار 16 اور ورون چکرورتی 00 کو پویلین بھیجا۔ کپتان شکھر دھون کھاتہ کھولے بغیر پہلے اوور کی چوتھی گیندپر چمیرا کرونارتنے کا شکار ہو گئے۔ دیودت پڈیکل محض 9 رن بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر پویلین کو لوٹ گئے۔ نتیش رانا15 گیندوں میں چھ رن بنا کر کپتان داسُن شناکا کو ریٹرن کیچ تھما بیٹھے۔ آدھی ٹیم کے 36 رن پر پویلین لوٹ جانے کے بعد ہندوستانی بلے باز کسی طرح 20 اوور پورے کھیلنے میں کامیاب رہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined