سینچورین: ہندستانی مرد اور خاتون کرکٹ ٹیمیں سینچورین میں بدھ کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے ٹوئنٹی 20 میچوں میں ایک ساتھ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے اتریں گی۔
ہرمن پريت کور کی کپتانی میں ہندستانی خاتون ٹیم کے پاس جوہانسبرگ میں سیریز میں ناقابل تسخیر برتری بنانے کا موقع تھا لیکن جنوبی افریقہ نے وہ میچ پانچ وکٹ سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز کو 2۔1 کے اسکور کے ساتھ دلچسپ بنا دیا۔اگرچہ اسی دن بعد میں اسی میدان پر وراٹ کوہلی کی کپتانی والی مرد ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔
خاتون ٹیم اب چوتھے میچ کو جیت کر جہاں سیریز میں 3۔1 کی ناقابل تسخیر برتری بنانا چاہے گی تو وہیں وراٹ سینا کی نظریں دوسرے میچ کو جیت کر 2۔0 کی ناقابل تسخیر برتری بنانے پر ہوں گی۔اگر ہندستانی مرد اور خاتون ٹیمیں اپنے اپنے میچ جیت جاتی ہیں تو غیر ملکی زمین پر یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں ہندستانی ٹیموں نے ایک کے بعد ایک مسلسل دو سیریز جیتی ہوں گی ۔
ہندستانی مرد ٹیم چھ میچوں کی ون ڈے سیریز 5۔1 سے اور خاتون ٹیم ون ڈے سیریز 2۔1 سے جیت چکی ہیں ۔ دونوں ٹیمیں اگر اس بے مثال موقع سے چوک جاتی ہیں تو پھر انہیں فیصلہ کن میچ کا انتظار کرنا پڑے گا۔
ہندستانی خاتون ٹیم کو تیسرے میچ میں تجربہ کار بلے باز متالی راج کا صفر پر آؤٹ ہونا بہت بھاری پڑا تھا۔گزشتہ دو میچوں میں مسلسل نصف سنچری بنا کر پلیئر آف دی میچ رہیں سابق کپتان متالی پہلے اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہو گئیں جس کے بعد ہندستانی ٹیم 17.5 اوور میں 133 رن پر آؤٹ ہو گئی۔جنوبی افریقہ نے 19 اوور میں پانچ وکٹ پر 134 رن بنا کر میچ جیت لیا تھا۔
میڈیم فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے 30 رن پر پانچ وکٹ لے کر ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑ دی تھی۔سمرتی مدھانا نے 37 اور کپتان ہرمن پريت نے 48 رن بنائے لیکن 12 ویں اوور میں دو وکٹ پر 93 رن کی مضبوط پوزیشن کے بعد ہندستان کی بلے بازی کا زوال ہو گیا اور اس نے محض 40 رن جوڑ کر آخری آٹھ وکٹ گنوا دیئے۔
ہندستانی خاتون ٹیم کو اس صورت حال سے بچنا ہو گا،خاص طور پر متالی کو وکٹ پر طویل عرصے تک ٹکا رہنا ہوگا۔متالی میں آخری اوور تک ٹکے رہنے کی مہارت ہے اور اگر وہ ایسا کر جاتی ہیں تو ہندستان پہلے کھیلنے کی صورت میں بڑا اسکور بھی بنا سکتا ہے اور ہدف کا تعاقب کرنے کی پوزیشن میں کامیابی بھی حاصل کر سکتا ہے۔
ٹوئنٹی 20 میں 66 میچوں میں 1838 رنز بنا چکی متالی نے پہلے دو میچوں میں ناقابل شکست 76 اور ناٹ آؤٹ 54 رنز کی اننگز کھیل کر ہندستان کو آسان جیت دلائی تھی اور چوتھے میچ میں ہندستان کو اپنی سابق کپتان سے ایسے ہی کارکردگی کی توقع رہے گی۔
ہندستانی مرد ٹیم نے پہلے ٹوئنٹی 20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے میزبان ٹیم کے ہوش اڑا دیئے تھے اور وراٹ کی یہی کوشش ہوگی کہ دوسرے میچ میں بھی جنوبی افریقہ کی کلین سوئپ کر دے۔ہندستان جنوبی افریقہ کے دورے میں پہلے دو ٹیسٹ گنوانے کے بعد اگلے آٹھ میچوں میں سات میچ جیت چکا ہے۔ان سات جیتوں میں ایک ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 شامل ہے۔
ہندستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رن کا مضبوط اسکور بنایا تھا جو ہندوستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 میں سب سے زیادہ ا سکور تھا۔ ہندستان نے پھر جنوبی افریقہ کو نو وکٹ پر 175 رن پر روک دیا تھا۔جنوبی افریقہ کو روکنے میں فاسٹ بولر بھونیشور کمار کا بڑا ہاتھ رہا تھا جنہوں نے 24 رن پر پانچ وکٹ لے کر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس کارکردگی کے بعد پوری امید ہے کہ دوسرے میچ میں ہندستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی اور وہی ٹیم الیون میدان میں اترے گی جو پہلے میچ میں کھیلی تھی۔ ہندستان کی جیت میں سریش رینا کی واپسی اہم رہی تھی جنہوں نے اپنی مختصر اننگز میں نہ صرف پرانے تیور دکھائے بلکہ ان کا پکڑا گیا ایک کیچ قابل تعریف تھا۔رینا کو وکٹ پر تھوڑا وقت خرچ کرنے کی کوشش کرنی ہوگی تاکہ وہ ایک اچھا اسکور بنا سکیں ۔
ہندستان کی بلے بازی کی خاص بات یہی رہی کہ تمام بلے بازوں نے میدان پر اترنے کے ساتھ ہی رن بٹورے جس سے ہندستان 200 کے پار پہنچ سکا اور 200 کے اوپر کا یہی اسکور میزبان ٹیم پر نفسیاتی دباؤ بنا گیا۔
جنوبی افریقہ کو واپسی کرنے کے لئے بلے اور گیند سے کچھ جذبہ دکھانا ہوگا تاکہ وہ سیریز کو دلچسپ بنا سکے اور اسے فیصلہ کن میچ تک کھینچ سکے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined