سنچورین: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کی بہترین اننگز کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ پر فتح حاصل کرلی۔ تیز گیند باز شاردل ٹھاکر (25 رن پر چار وکٹ) کے کیریر کی بہترین کارکردگی کے بعد وراٹ (ناٹ آؤٹ 129) کی 35 ویں سنچری سے ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو چھٹے اور آخری ون ڈے میں جمعہ کو آٹھ وکٹ سے روند کر 5۔1 سے سیریز جیت لی۔
ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 46.5 اوور میں 204 رن پر ڈھیر کرنے کے بعد وراٹ کی طوفانی سنچری سے 32.1 اوور میں دو وکٹ پر 206 رن بناکر یکطرفہ جیت حاصل کرلی۔ دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو اسی کے میدان پر اتنی بڑی شرمندگی برداشت کرنے کے لئے مجبور کردیا۔
لگاتار نئے ریکارڈ بنانے والے وراٹ اپنی 35 ویں سنچری بناکر اب سچن تندولکر کی 49 ویں سنچری کے عالمی ریکارڈ سے محض 14 سنچری دور رہ گئے ہیں۔ وراٹ نے اس سیریز کی تیسری سنچری اور جنوبی افریقی دورے کی اپنی چوتھی سنچری بنائی۔ وراٹ نے 96 گیندوں کی اپنی اننگز میں 19 چوکے اور دو چھکے لگائے۔
گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے روہت شرما کے 15 رن بناکر آؤٹ ہوجانے کے بعد وراٹ نے شکھر دھون کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 61 رنوں کا اضافہ کیا۔ شکھر 18 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ نے پھر اجنکے رہانے کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 126 رن کی میچ فاتح ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔ وراٹ نے فتح کا چوکا لگاکر 32.1 اوور میں میچ ختم کردیا۔ رہانے 50 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 34 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
Published: 17 Feb 2018, 9:44 AM IST
اس سے پہلے تیز گیند باز شاردل ٹھاکر کی کیریر کی بہترین کارکردگی نے شروع سے ہی جنوبی افریقہ کو بے بس کئے رکھا۔ ممبئی کے 26 سالہ تیز گیند باز شاردل کو اس میچ میں بھونیشور کمار کو آرام دیکر موقع دیا گیا جس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے 8.5 اوور میں 52 رن دیکر چار وکٹ اپنے نام کئے۔ شاردل نے اوپنر ہاشم آملہ، کپتان ایڈن مارکرم، فرحان بیہردین اور اینڈلے فہلووک وایو کے وکٹ لیے۔ شاردل نے جنوبی افریقہ کے دونوں اوپنروں آملہ اور مارکرم کو 43 رن تک پویلین بھیج کر میزبان ٹیم پر ایسا دباؤ بنایا جس سے وہ آخر تک ابھر نہیں سکی۔ آملہ نے 10 اور مارکرم نے 24 رن بنائے۔
جنوبی افریقہ کی مشکل کا سبب بننے والے لیگ اسپنر یجویندر چہل نے جارح بلے باز اے بی ڈی ویلیئرس کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر پوری کردی۔ ڈی ویلیئرس نے 34 گیندوں میں 30 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کے ساتھ یہی مسئلہ رہا کہ اس کی اننگز میں ایک بھی مضبوط شراکت داری نہیں ہو سکی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ شاردل کے چار وکٹوں کے علاوہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے 24 رن پر دو وکٹ، چہل نے 38 رن پر دو وکٹ، ہاردک پانڈیا نے 39 رن پر ایک وکٹ اور کلدیپ یادو نے 51 رن پر ایک وکٹ لیا۔
Published: 17 Feb 2018, 9:44 AM IST
کھایا جونڈو نے ایک سرے کو سنبھال کر کھیلتے ہوئے 74 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 54 رن کی اہم اننگز کھیلی جس کی بدولت میزبان ٹیم 200 کے عدد کو پار کرسکی۔ جونڈو، ٹیم کے ساتویں بلے باز کے طور پر 151 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ لوور آرڈر میں اینڈلے فہلووک وایو نے 42 گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 34 رن بنائے جبکہ مورن مارکل نے 19 گیندوں میں دو چھکے لگاکر 20 رن بنائے۔ شاردل نے اینڈلے فہلووک وایو کو اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے میزبان ٹیم کی اننگز سمیٹ دی۔
فہلووک وایو نے شاردل پر لگاتار دو چھکے مارکر جنوبی افریقہ کو 200 کے پار پہنچایا لیکن شاردل نے فہلووک وایو کو آؤٹ کرکے اس کا بدلہ لے لیا۔
Published: 17 Feb 2018, 9:44 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Feb 2018, 9:44 AM IST