کرائسٹ چرچ : شبھم گل (ناٹ آؤٹ 102) کی شاندار سنچری کے بعد ایشان پوریل (17 رن پر چار وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت نوجوان ہندوستانی کھلاڑیوں نے منگل کو اپنے روایتی حریف پاکستان کو 203 رنوں کی کراری شکست دے کر آئی سی سی انڈر -19 کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔
ہندوستانی کپتان پرتھوی شا نے ٹاس جیت کرپہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹ پر 272 رن کا اسکور بنایا۔ اس کے جواب میں پاکستان 29.3 اووروں میں محض 69 رن کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندستان نے اسی کے ساتھ عالمی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی ناقابل شکست آرڈربھی برقرار رکھا اور اب خطاب کے لئے اس کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ 3 فروری کو ماؤنٹ مانگنوئي میں ہوگا۔
ٹیم انڈیا کی فتح میں اس کے اسٹار بلے باز شبھم کا اہم کردار رہا جنہوں نے موجودہ ٹورنامینٹ میں مسلسل چھٹی مرتبہ 50 سے زیادہ کا اسکور بنایا۔ انہوں نے 94 گیندوں میں سات چوکے لگاکر ناٹ آؤٹ 102 رن بنائے۔ اوپنر اور کپتان پرتھوی شا ن نے 41 رن اور منجوت کالرا نے 47 رن بناکر ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔
دوسری جانب بڑے ہدف کے سامنے پاکستان کے بلے باز وں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور ٹیم 100 رنوں تک بھی نہیں پہنچ سکی اس کے صرف تین بلے باز دہائی کے ہندسے تک ہی پہنچ سکے جن میں روہیل ناظر نے 18 رنوں کی بڑی پا ری کھیلی۔ سعد خان 15 اور محمد موسی نے ناٹ آؤٹ 11 رن بنائے۔ ہندستانی گیندبازوں میں ایشان چھ اووروں میں 17 رن دیکر چار وکٹ حاصل کرکے کامیاب رہے ۔ شیوا اور ریان پراگ کو دو دو وکٹیں ملیں جبکہ انکل رائے اور ابھیشیک شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
راہل دراوڑ کی قیادت میں انڈر 19 ٹیم نے اہم سیمی فائنل مقابلے میں زبردست کھیل دکھایا اور بلے بازی اور گیندبازی کے علاوہ شیوم ماوی اور پرتھوی شا نے فائن لیگ اور سلپ میں کمال کے کیچ لے کر ٹیم کی کامیابی میں اہم تعاون دیا۔ ہندستان کے تیسرے تیز گیندباز ایشان نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ چار وکٹ لئے اور پاکستان کو ٹورنامینٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکور پر آل آؤٹ کردیا۔
ہندستان کی کارکردگی جہاں عمدہ رہی وہیں پاکستانی فیلڈروں نے منجوت کو تین مرتبہ اور پرتھوی کا ایک بار کیچ چھوڑ کر نئی زندگی بخشی جس کا فائدہ دونوں اوپنروں نے اٹھاتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 89 رنوں کی شراکت داری کی۔پرتھوی نے 42 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ منجوت نے 59 گیندوں میں سات چوکے لگائے۔پرتھوی کو موسی نے رن آؤٹ کیا اس کے بعد منجوت بھی جلد ہی موسی کے شکار بن گئے۔شبھم نے 102 رن بنائے اور میدان سے ناٹ آؤٹ لوٹے۔ اس کے بعد ہاروك ڈیسائی نے 20 رن اور انكول نے 33 رن بناکر ٹیم کو 250 رنوں کے مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ شبھم نے چھٹے وکٹ کے لئے انکول کے ساتھ 67 رن کی شراکت داری بھی کی۔
سیمی فائنل سے پہلے ٹورنامنٹ میں مسلسل تین نصف سنچری بنا چکے شبھم نے آخری 10 اووروں میں 42 رن جوڑے۔ پاکستان نے آخری اوور میں سب سے زیادہ رن دیئے اور ہندستان نے کل 75 رن بنائے۔ شبھم کو اس کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے موسی نے 67 رن پر ہندستان کے سب سے زیادہ چار وکٹ لئے جبکہ ارشد اقبال کو 51 رن پر تین وکٹ ملے۔ شاهین شاہ آفریدی کو ایک وکٹ حاصل ہوا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined