ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کا پہلا میچ آج موہالی میں انتہائی سرد موسم میں کھیلا گیا۔ پہلا میچ ہندوستان نے بہ آسانی 6 وکٹ سے جیت لیا، لیکن کچھ ایسی چیزیں ضرور رہیں جس کے بارے میں ہندوستانی ٹیم کو غور کرنا ہوگا۔ مثلاً روی بشنوئی (3 اوورس میں 35 رن) بہت خرچیلے ثابت ہوئے اور شبھمن گل اچھی شروعات کے باوجود غلط وقت پر آؤٹ ہو گئے۔
Published: undefined
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی شروعات بہت دھیمی رہی کیونکہ عرشدیپ سنگھ اور مکیش کمار نے اچھے لائن لینتھ کے ساتھ گیندبازی کی۔ افغانستان کا پہلا وکٹ 50 رن پر گرا جب رحمان اللہ گرباز 23 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے لیے افغانستان نے 8 اوور لے لیے۔ یعنی رَن ریٹ بہت اچھا نہیں تھا۔ پھر جلد ہی کپتان ابراہیم زادران (25 رن) اور رحمت شاہ (3 رن) بھی پویلین لوٹ گئے۔ یہاں پر محمد نبی نے تیزی کے ساتھ رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ انھوں نے 27 گیندوں میں 42 رنوں کی اننگ کھیلی اور مکیش کمار کی گیند پر رنکو سنگھ کو کیچ تھما بیٹھے۔ آخر میں نجیب اللہ زادران نے 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رن بنا کر کسی طرح ٹیم کو لڑنے لائق اسکور تک پہنچایا۔ کریم جنت نے 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 9 رنوں کا تعاون کیا۔ 20 اوورس میں افغانستان کی ٹیم 5 وکٹ کے نقصان پر 158 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔
Published: undefined
ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل (4 اوورس میں 23 رن) اور مکیش کمار (4 اوورس میں 33 رن) نے 2-2 وکٹ لیے۔ 1 وکٹ شیوم دوبے کو ملا جنھوں نے 2 اوورس میں محض 9 رن دیے۔ عرشدیپ ایک بھی وکٹ نہیں حاصل کر سکے، لیکن انھوں نے 7 اوورس میں ایک میڈن کے ساتھ 28 رن ہی دیے۔ روی بشنوئی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 3 اوورس میں 35 رن خرچ کیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔
Published: undefined
جب ہندوستان نے 159 رنوں کا تعاقب کرنا شروع کیا تو کپتان روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے رَن آؤٹ ہو گئے۔ شبھمن گل نے روہت کی آواز پر رَن نہیں دوڑا اور دونوں ہی کھلاڑی گیندبازی والے سرے پر کھڑے نظر آئے جب افغان فیلڈر نے وکٹ کیپر کی طرف گیند پھینک کر روہت کو رَن آؤٹ کر دیا۔ شبھمن گل کی اس غلطی پر کپتان روہت شرما ناراض بھی ہوئے۔ سست شروعات کے بعد شبھمن گل نے کچھ اچھے شاٹ لگائے، لیکن بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں آگے بڑھے اور اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 12 گیندوں پر 23 رنوں کا تعاون کیا۔ تلک ورما اور شیوم دوبے نے ہندوستان کے لیے تیزی سے رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا، لیکن پھر تلک ورما 22 گیندوں پر 26 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز جتیش شرما نے بھی تیزی سے رن بٹورے اور اسی کوشش میں 20 گیندوں پر 31 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پھر ہندوستان کی طرف سے کوئی وکٹ نہیں گرا۔ شیوم دوبے نے 40 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 60 رن اسکور کیا اور رنکو سنگھ نے بھی 9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 16 رن بنائے۔ شیوم دوبے کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہندوستان نے 159 رن محض 4 وکٹ کے نقصان پر 17.3 اوورس میں حاصل کر لیے۔
Published: undefined
افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمن کو چھوڑ کر کوئی بھی گیندباز ہندوستانی بلے باز پر قابو نہیں رکھ سکا۔ مجیب الرحمن نے 4 اوورس میں 21 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ عظمت اللہ عمرزئی کو ملا جنھوں نے 4 اوورس میں 33 رن دیے۔ فضل حق فاروقی نے 3 اوورس میں 26 رن، محمد نبی نے 2 اوورس میں 24 رن، نوین الحق نے 3.3 اوورس میں 43 رن اور گلبدین نائب نے 1 اوور میں 12 رن خرچ کیے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined