بنگلہ دیش کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ مقابلے کے چوتھے دن آج ہندوستان نے بے مزہ ہوتے ٹیسٹ میچ کو انتہائی دلچسپ موڑ پر لا کر کھڑا کر دیا۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا نصف کھیل بارش سے متاثر ہوا تھا، اور پھر دوسرے و تیسرے دن کا پورا کھیل بارش کی نذر ہو گیا۔ آج جب بنگلہ دیش کی پہلی اننگ 233 رنوں پر ختم ہوئی، تو لگ رہا تھا جیسے یہ ٹیسٹ ڈرا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ لیکن کپتان روہت شرما نے کچھ الگ ہی سوچ رکھا تھا۔ انھوں نے میدان میں اترتے ہی ایسی آتشی بلے بازی شروع کی کہ ہر کوئی دیکھتا رہ گیا۔ روہت کوئی بڑی اننگ نہیں کھیل سکے، لیکن ان کے انداز کو دوسرے بلے بازوں نے اختیار کیا، اور پھر میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا۔
Published: undefined
اس درمیان ہندوستانی کی سلامی جوڑی نے وہ کارنامہ انجام دیا جو 147 سال کی ٹیسٹ تاریخ میں آج تک نہیں ہو سکی۔ روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے محض 3 اوورس میں 50 رن پورے کر لیے۔ کپتان روہت نے محض 6 گیندوں میں 19 رن بنائے، جبکہ جیسوال نے 13 گیندوں پر 30 رن بنائے۔ 2 رن ایکسٹرا بھی ملے۔ یعنی 3 اوورس میں ہندوستان کے 51 رن بن گئے تھے۔ روہت شرما کی طوفانی اننگ کو مہدی حسن میراز نے ختم کیا۔ وہ 11 گیندوں میں 23 رن بنا کر پویلین لوٹے۔
Published: undefined
روہت-جیسوال کی جوڑی نے ٹیسٹ تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری شراکت داری جب پوری کی تو انھوں نے انگلش ٹیم کا ریکارڈ توڑا جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم ٹیسٹ میں 4.2 اوورس میں 50 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ نے ایسا 2024 میں دو مرتبہ کیا ہے۔ ایک بار ناٹنگھم میں اور پھر برمنگھم میں ویسٹ انڈیز کے ہی خلاف۔ اس سے قبل 30 سال قبل یہ ریکارڈ بھی انگلینڈ کے ہی نام تھا جب اس نے 1994 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 4.3 اوورس میں 50 رن بنائے تھے۔ بہرحال، اب یہ ریکارڈ ہندوستان کے نام درج ہو چکا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز