ڈھاکہ: گیندبازوں کی عمدہ گیندبازی اور بلے بازوں کی بہترین اننگز کی بدولت میزبان بنگلہ دیش نے بدھ کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ٹی-20 میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کی شاندار گیندبازی کے سامنے پوری طرح بے بس نظرآئی اور 16.5 اوورز میں صرف 60 رنز ہی بنا سکی۔ جواب میں بنگلہ دیش نے 15 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز بنائے اور میچ سات وکٹوں سے بہ آسانی جیت لیا۔
Published: undefined
بنگلہ دیش کی جانب سے تجربہ کار تیز گیندباز مستفیض الرحمن نے 2.5 اوورز میں 13 رنز دے کر سب سے زیادہ تین، نسم احمد، شکیب الحسن اور محمد سیف الدین نے دو-دو اور مہدی حسن نے ایک وکٹ لیا۔ میزبان ٹیم کی بلے بازی بھی اچھی رہی۔ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم اور کپتان محموداللہ نے ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔ دونوں نے بالترتیب 16 اور 14 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شکیب کو بلے اور گیند دونوں کے ساتھ عمدہ کارکردگی کے لئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Published: undefined
بلے بازی میں فلاپ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی گیند بازی بھی کمزور نظر آئی۔ بلے بازی میں جہاں کپتان ٹام لیتھم اور مڈل آرڈر بلے باز ہنری نکولس نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے، وہیں گیندبازی میں اعجاز پٹیل، کول میک کونچی اور رچن رویندرا کو ایک-ایک وکٹ ملا۔ ان کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی دوسرا کھلاڑی متاثر کن نہیں رہا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز