کرکٹ

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی جنگ کل سے

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کل سے شروع ہونے والی 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز عالمی چیمپئن شپ کے لحاظ سے کافی اہم ہے اور دونوں ہی ٹیموں کے لئے فائنل میں جگہ بنانے کا آخری موقع ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

چنئی: ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین جمعہ سے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں آئی سی سی عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنانے کے ارادے سے اتریں گی ہندوستان اور انگلینڈ اپنی گزشتہ سیریز جیت کر اس مقابلے میں بلند حوصلہ کے ساتھ اتر رہی ہیں۔ چنئی میں پہلے دونوں ٹسٹ کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز عالمی چیمپئن شپ کے لحاظ سے کافی اہم ہے اور دونوں ہی ٹیموں کے لئے فائنل میں جگہ بنانے کا آخری موقع ہے۔ ہندوستان نے اپنی گزشتہ سیریز میں آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر دو۔ایک سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو دو۔صفر سے کلین سویپ کرکے ہندوستان پہنچی ہے۔

Published: undefined

ہندوستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بعد چوتھے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کا اپنا آئندہ دورہ ملتوی کر دیا ہے جس سے دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ نے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ فائنل کی دوسری پوزیشن کی ٹیم کے لئے مقابلہ اب تین ٹیموں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ تک محدود ہوگیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ سیریز سے ہی فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا، جو رواں سال جون میں انگلینڈ کے لارڈز گراؤنڈ میں کھیلا جانا ہے۔ ہندوستان-انگلینڈ سیریز کا نتیجہ ہی طے کرے گا کہ ان تین ٹیموں میں سے کون سی ٹیم فائنل میں پہنچے گی۔

Published: undefined

ہندوستان نومبر 2019 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے اور کورونا وبا کے بعد گھریلو سرزمین پر اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہا ہے۔ ہندوستان کے تمام بڑے کھلاڑی چند کھلاڑیوں کے علاوہ سبھی فٹ ہیں اور وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا کو انگلینڈ کو چیلنج دینے کے لئے ایک مضبوط الیون کا منتخب کرنا ہوگا۔ جب ہندوستان نے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں چوتھا اور آخری ٹیسٹ جیتا تو اس کے بہت سے اہم کھلاڑی زخمی ہوکر میچ سے باہر ہوگئے تھے اور برسبین کے گابا گراؤنڈ میں ہندوستان نے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔

Published: undefined

ٹیم انڈیا نے پہلے ٹیسٹ کے لئے حتمی الیون کا اعلان نہیں کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ سلامی بلے بازی کے لئے روہت شرما کے ساتھ شبھمن گیل کے رہنے کی پوری امید ہے جنہوں نے آسٹریلیا میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چیتشور پجارا تیسرے نمبر پر موجود ہوں گے جبکہ باقاعدہ کپتان وراٹ چوتھے نمبر پر واپسی کریں گے۔ آسٹریلیا میں تین میچوں کی کپتانی کرنے والے اجنکیا رہانے پانچویں نمبر پر موجود رہیں گے۔

Published: undefined

وکٹ کیپر کے لئے رِدھمن ساہا اور رشبھ پنت کے بیچ ایک بار پھر مقابلہ رہے گا ۔ اگرچہ پنت نے گابا گراؤنڈ پر میچ وننگ اننگز کھیلی تھی، لیکن ان کی وکٹ کیپنگ میں ابھی بھی خامیاں ہیں اور ساہا ہندوستان کی اسپن کی مددگار پچوں پر اسپنرز کے سامنے وکٹوں کے پیچھے زیادہ کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر ہندوستانی ٹیم تین اسپنرز کے ساتھ اترنے کا فیصلہ کرتی ہے تو ساہا کو ان کی بہتر وکٹ کیپنگ کی وجہ سے ترجیح ملے گی۔

Published: undefined

آف اسپنر روی چندرن اشون کا کھیلنا طے ہے اور اگر ہندوستان تین اسپنرز کے ساتھ اترنا چاہتا ہے تو چائنامین گیندباز کلدیپ یادو کو موقع مل سکتا ہے۔ کلدیپ آسٹریلیا میں ایک ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ تیسرے اسپنر کے لئے اسپن آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل کے بیچ مقابلہ رہے گا۔ سندر آف اسپن گیندبازی کرتے ہیں جبکہ پٹیل لیفٹ آرم اسپنر ہیں۔

Published: undefined

ہندوستان کے دونوں ٹاپ تیزگیندباز ایشانت شرما اور جسپریت بمراہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور چنئی میں وہ انگلینڈ کے سامنے سخت چیلنج پیش کریں گے۔ ایشانت آسٹریلیا کے دورے میں نہیں کھیلے تھے جبکہ بمراہ کو چوتھے ٹیسٹ سے باہر کر دیا گیا تھا۔ اگر تیسرے تیزگیندباز کو موقع دینے کی بات سامنے آئی تو محمد سراج کی دعویداری مضبوط ہوگی اور کلدیپ یادو کو بھی باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔

Published: undefined

ہندوستان کے چوٹی کے تیزگیندباز ایشانت شرما نے حال ہی میں دہلی کی جانب سے سید مشتاق علی ٹرافی کھیل کر اپنی میچ فٹ نیس ثابت کی تھی۔ ایشانت 300 ٹسٹ وکٹ حاصل کرنے والے ہندوستان کے چھٹے تیزگیندباز بننے سے تین وکٹ دور ہیں۔ اگر بمراہ چنئی ٹسٹ میں کھیلنے اترتے ہیں تو طویل فارمیٹ میں ہندوستان کی سرزمین پر یہ ان کا پہلا ٹسٹ ہوگا۔ 2018 میں کیپ ٹاؤن میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد انہوں نے اپنے تمام 17 ٹیسٹ غیر ملکی سرزمین پر کھیلے ہیں۔

Published: undefined

انگلینڈ کو پہلا ٹسٹ شروع ہونے سے جیک کراولی کے زخمی ہونے کے سبب پہلے دو ٹسٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے گہرا جھٹکا لگا ہے۔ کلائی کی انجری کے سبب کرولی چنئی میں کھیلے جانے والے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں باہر ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ نے اولی پوپ کو ٹیم میں شامل کیا ہے تاکہ ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں توازن برقرار رہے۔ سری لنکا کے دورے میں ڈبل سنچری اور ایک سنچری بنانے والے کپتان جو روٹ کا 100 واں ٹیسٹ ہوگا۔ روٹ نے ہندوستان میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2012 میں ناگپور میں کیا تھا اور اب وہ ہندوستان میں ہی اپنا 100 واں ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں۔ انگلینڈ نے سری لنکا میں آسانی سے دونوں ٹیسٹ جیت لئے تھے۔ تاہم ان دونوں ٹیسٹوں میں ان کے سرکردہ آف اسپنر معین علی کورونا کی وجہ سے باہر رہے تھے لیکن اب وہ فٹ ہیں اور انگلینڈ کے اسپن حملہ کو سنبھالیں گے۔

Published: undefined

انگلینڈ کے تیزگیندباز جوفرا آرچر سے مضبوطی ملے گی جو سری لنکا میں نہیں کھیل سکے تھے۔ آرچر کا ساتھ دینے کے لئے اسٹورٹ براڈ موجود رہیں گے۔ ٹیم کے پاس بین اسٹوکس اور جوس بٹلر کی شکل میں دو انتہائی تجربہ کار اور اسٹار کھلاڑی ہیں جو ہندوستانی ٹیم کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ ہندوستان کی طرح انگلینڈ کی بھی نگاہیں ورلڈ چیمپین شپ کے فائنل میں جگہ بنانے پر ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ سیریز کی سمت کا فیصلہ طے کرے گا اور اس بات کا بھی پتہ چلے گا کہ کون سی ٹیم فائنل میں جگہ بنانے کے لئے تیار ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined