بارڈر-گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستان نے کئی ریکارڈ بناتے ہوئے میچ کو ڈرا کرایا اور اس کے لیے ہنوما وِہاری کی کرکٹ شیدائی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔ سڈنی میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری دن ہندوستان کو جیت کے لیے 300 سے زائد رن کی ضرورت تھی اور اس کے دونوں سلامی بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔ پانچویں دن کی شروعات اچھی نہیں رہی اور کپتان اجنکیا رہانے بھی جلدی آؤٹ ہو گئے تھے اور ایسے میں آسٹریلیا کی گرفت میچ پر بہت مضبوط ہو گئی تھی۔ لیکن اس وقت رشبھ پنت کی 97 رنوں کی تیز طرار اننگ، اور پھر ہنوما وِہاری کی 161 گیندوں پر کھیلی گئی ناٹ آؤٹ 23 رنوں کی اننگ نے آسٹریلیا کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔ میچ ڈرا ہونے کے بعد ہنوما وِہاری کی اس لیے تعریف ہوئی کیونکہ وہ ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے باوجود کھیلتے رہے اور وکٹ کے لیے آسٹریلیائی گیندبازوں کو ترسا دیا، لیکن بی جے پی لیڈر بابل سپریو نے ہنوما وِہاری کی پرزور تنقید کر دی ہے اور انھیں کرکٹ کا قاتل تک ٹھہرا دیا ہے۔
Published: undefined
دراصل بابل سپریو کو ہنوما وِہاری کی دھیمی بلے بازی بالکل بھی پسند نہیں آئی اور ناراض ہوتے ہوئے انھوں نے ایک ٹوئٹ کر دیا۔ اس ٹوئٹ میں بابل سپریو نے لکھا ہے ’’7 رن بنانے کے لیے ہنوما بہاری نے 109 گیندیں کھیلی ہیں۔ ہنوما بہاری نے تاریخی فتح حاصل کرنے کے لیے نہ صرف ہندوستان کے لیے کسی بھی امکان کو ختم کر دیا ہے، بلکہ کرکٹ کا بھی قتل کر دیا ہے۔‘‘ یہ ٹوئٹ بابل سپریو نے اس وقت کیا تھا جب میچ ختم نہیں ہوا تھا اور ہنوما وِہاری 7 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ بی جے پی لیڈر نے اپنے ٹوئٹ میں تیز بلے بازی کرنے والے رشبھ پنت کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اگر ہنوما خراب گیندوں پر بڑا شاٹ لگاتے تو ہندوستان کو تاریخی فتح نصیب ہوتی۔ حالانکہ ٹوئٹ میں بابل سپریو نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’مجھے کرکٹ کے بارے میں کچھ بھی نہیں پتہ ہے۔‘‘ بابل سپریو نے یہ بات سچ کہی ہے کیونکہ ان کی کرکٹ سے متعلق جانکاری نہ ہونے کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے ہنوما وِہاری کا نام ٹوئٹ میں ’ہنوما بہاری‘ لکھ دیا ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ بارڈر-گواسکر ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں 338 رن بنائے تھے اور ہندوستان کی پہلی اننگ 244 رنوں پر سمیٹ کر 94 رنوں کی سبقت حاصل کر لی تھی۔ دوسری اننگ میں آسٹریلیا نے 6 وکٹ کے نقصان پر 312 رن بنا کر اننگ کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں ہندوستان نے 131 اوور کھیل کر محض 5 وکٹ کے نقصان پر 334 رن بنائے۔ اس ڈرا کے ساتھ ہی چار ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں دونوں ہی ٹیمیں 1-1 کی برابری پر ہیں۔ اب سبھی کی نظریں چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ پر ہے جو 15 جنوری سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز