اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری (106) مکمل کی جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں 286 رن بنائے اور انگلینڈ کے سامنے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں جیت کے لئے 482 رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا۔ اس کے جواب میں اتری انگلینڈ کی ٹیم مشکل میں نظر آ رہی ہے کیونکہ چنئی میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر اس کے 3 وکٹ محض 53 رن پر گر گئے ہیں۔ دونوں سلامی بلے باز روڑی برنس (25 رن) اور ڈوم سبلی (3 رن) بنا کر پویلین لوٹ گئے ہیں، اور نائٹ واچ مین کی شکل میں بھیجے گئے جیک لیچ بھی بغیر کوئی رن بنائے واپس چلے گئے ہیں۔ چوتھے دن کا کھیل جب منگل کے روز شروع ہوگا تو ایک طرف ڈان لارینس (19 رن) بلے بازی کرتے ہوئے نظر آئیں گے، اور دوسری طرف کپتان جو روٹ (2 رن) کھیلتے نظر آئیں گے۔ آج انگلینڈ کے جو تین وکٹ گرے ہیں ان میں سے دو وکٹ اکشر پٹیل نے اور ایک وکٹ روی چندرن اشون نے لیے ہیں۔
Published: undefined
آج ہندوستان نے پہلی اننگز میں 329 رن بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 134 رن پر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 195 رن کی بڑی سبقت ملی تھی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں پیر کے روز تیسرے دن ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز 286 رن پر جاکر ختم ہوئی۔اشون نے شاندار بلے بازی کی اور 233 منٹ کریز پر رہ کر 148 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے کیریر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ ان کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی سنچری ہے۔ ان کی باقی چار سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی ہے۔
Published: undefined
ہندوستان نے صبح اپنی اننگز ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے بڑھائی۔ روہت شرما نے 25 اور چتیشور پجارا نے سات رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو صبح دوسرا جھٹکا جلد ہی لگ گیا جب پجارا اپنے کل کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے۔ پجارا گیند کو کھیلنے کریز سے باہر نکل آئے تھے اور گیند شارٹ لیگ پر پہنچی جہاں فیلڈر نے فوراً گیند وکٹ کیپر کو دی جنہوں نے پجارا کو رن آوٹ کر دیا۔ ہندوستان کا دوسر اوکٹ 55 کے اسکور پر گرا۔
Published: undefined
ہندوستان کو اسی اسکور پر سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روہت شرما لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوئے۔ پہلی اننگز میں 161 رن بنانے والے روہت نے 70 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رن بنائے۔ وکٹ کیپر رشھ پنت کو تیزی سے رن بنانے کے لئے اجنکیا رہانے سے پہلے بھیجا گیا لیکن پنت 11 گیندوں میں آٹھ رن بنانے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوگئے۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ 65 کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان نے 10 رن کے وقفے میں تین وکٹ گنوائے۔
Published: undefined
پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے نائب کپتان رہانے بھی زیادہ وقت تک کریز پر ٹھہر نہیں سکے اور آف اسپنر معین علی کا شکار بن گئے۔ رہانے نے 14 گیندوں میں 10 رن بنائے اور اولی پوپ کو کیچ دے بیٹھے۔ پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے اسپن آل راونڈر اکشر پٹیل کو معین نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ پٹیل نے 18 گیندوں پر سات رن بنائے۔ ہندوستان کے چھ وکٹ 106 رن پر گرے اور ہندوستان کی دوسری اننگز مشکل میں نظر آرہی تھی۔
Published: undefined
اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی کو اشون کی شکل میں بہترین ساتھی ملا اور دونوں نے ساتویں وکٹ کے لئے 96 رن کی اہم شراکت کرتے ہوئے ہندوستان کو 200 کے پار پہنچایا۔ پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری بنانے والے کپتان وراٹ نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری مکمل کی۔ کپتان نے 149 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ وراٹ پہلی اننگز میں بغیر کھاتہ کھولے معین کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں معین نے ہی انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ وراٹ کے کیریئر کی یہ 25 ویں نصف سنچری تھی۔ ہندوستان کا ساتواں وکٹ 202 رن پر گرا۔ کلدیپ یادو صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کلدیپ کو بھی معین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
Published: undefined
ایشانت شرما نے 24 گیندوں پر سات رن بنائے اور وہ نویں بلے باز کے طور پر 237 کے اسکور پر آوٹ ہوئے ۔ اشون نے پھر آخری بلے باز محمد سراج کے ساتھ آخری وکٹ کے لئے 49 رن کی اہم شراکت قائم کی اور اس دوران انہوں نے اپنی پانچویں سنچری بھی مکمل کی۔ اشون کی اننگز کا اختتام تیزگیند باز اولی اسٹون نے کیا۔ سراج 21 گیندوں میں 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کے لئے لیچ نے 33 اوورز میں 100 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور معین نے 32 اوورز میں 98 رن پر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ اسٹون کو 21 رنز پر ایک وکٹ ملا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز