لاہور: جب بھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کوئی بھی کھیل کامقابلہ ہوتا ہے دونوں ممالک میں ایک خاص قسم کا ماحول بن جاتا ہے اور لوگوں کے جذبات احمقوں والی شدت اختیار کر لیتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی حال ہندوستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان میں نظر آ رہا ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہندوستانی ٹیم نے لگاتار دو میچوں میں کراری شکست دی، جس کے بعد ملک بھر میں ماتم ہو رہا ہے۔ پاکستانی عوام تو اپنی ٹیم کو کوس ہی رہے ہیں بلکہ سیاسی رہنما اور سابق کرکٹرز بھی اس معاملہ میں پیچھے نہیں ہیں۔
پاکستان کے سابق و موجودہ کرکٹرز نے بھی ایشیا کپ کے ایک اور میچ میں روایتی حریف ہندستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پرمایوسی کا اظہار کیا ہے تو وہیں دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر قرارداد بھی پیش کر دی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں کہا کہ روایتی حریف ہندستان سے مسلسل دوسری شکست سے پوری قوم کو دلی صدمہ ہوا ہے اور پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔
Published: 25 Sep 2018, 11:10 AM IST
اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ قومی خزانے سے کرکٹ ٹیم پرسالانہ کرڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم کوئی خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کرنے میں ناکام ہے۔ متن میں ایوان سے مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت ایشیا کپ میں پاکستان کی عبرت ناک شکست کا نوٹس لے اور پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
Published: 25 Sep 2018, 11:10 AM IST
پاکستان کے سابق و موجودہ کرکٹرز کا پاکستان کی شکست پر اظہار مایوسی
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم چھوٹی ٹیموں کے خلاف تو اچھا کھیلتی ہے لیکن جب کوئی بڑی ٹیم سامنے آجاتی ہے تو کھلاڑی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ پاکستان کی شکست پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ جس وکٹ پر تین سو رنز بن سکتے ہیں وہاں 237 رنز بنائیں گے تو کیسے جیتیں گے؟ ٹیسٹ کرکٹر سہیل تنویر نے کہا کہ پاکستان نے مایوس کن بیٹنگ کی، اتنے کم اسکور کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔
سکندر بخت کا کہنا ہے کہ ہندستانی بالرز کی گیند سوئنگ بھی نہیں ہو رہی تھی پھر بھی ہمارے بلے باز نہیں کھیل پا ئے۔ سابق کرکٹر اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ عامر کارکردگی نہیں دکھار ہے جبکہ جنید خان کی جگہ بنتی ہے اور محمد حفیظ کوٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے تھا۔ سابق فاسٹ بالر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستانی فاسٹ بالرز گیند سوئنگ کرتے نظر نہیں آئے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Published: 25 Sep 2018, 11:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Sep 2018, 11:10 AM IST