دانبولا، 21 اگست (یو این آئی) ہندوستانی سلامی بلے باز شکھر دھون نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں اپنی مین آف دی میچ والی اننگز کے بعد کہا کہ سال 2019 کے عالمی کپ تک میرا مقصد اسی طرح کی فارم اور فٹنس برقرار رکھ کر کھیلنا ہے اور وہ اب رکنے والے نہیں ہیں۔
دھون نے اتوار کو دانبولا میں ہوئے پہلے ون ڈے میں 90 گیندوں میں 20 چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 132 رن کی اننگز کھیلی تھی اور ہندوستان کی 9 وکٹ سے شاندار جیت میں وہ مین آف دی میچ قرار دئے گئے تھے۔ انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’ ابھی مجھے اگلے عالمی تک تک طویل سفر طے کرنا ہے۔ میں اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں اور میرا مقصد بھی یہی ہے ‘‘۔ میں جانتا ہوں کہ ٹیم میں بہترین بلے باز موجود ہیں اور اگر میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کروں گا تو کوئی بھی دیگر کھلاڑی میری جگہ حاصل کرلے گا۔یہ اہم بات میرے ذہن میں ہے اور دوسری اہم بات یہ ہے کہ مجھے اپنی فٹنس بہتر بنائے رکھنی ہوگی کیونکہ ٹیم میں باقی نوجوان کھلاڑی ہیں۔ مجھے خود کو فٹ رکھنا ہوگا اور میچ کے حساب سے کھیلنا ہوگا۔
سلامی بلے باز نے کہا میرے پاس اس کے علاوہ کوئی اور خاص ہدف نہیں ہے اور نہ ہی میرا ہدف رنوں کے کسی ہندسے تک پہنچنے کا ہے۔ میں صرف فٹنس، کارکردگی اور فیلڈنگ پر ہی توجہ مرکوز کرکے کھیل رہا ہوں۔ دھون کی اس سے پہلے چمپئن ٹرافی میں بھی بہترین کارکردگی رہی تھی نیز ٹیسٹ سیریز میں بھی انہوں نے زبردست بلے بازی کی تھی جبکہ انہیں مرلی وجے کی جگہ متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
اکتیس سالہ دھون نے ساتھ ہی کہا کہ جب وہ برے دور سے گزر رہے تھے تب انہیں کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور تب بھی ان کی سوچ مثبت تھی۔ انہوں نے کہا ناکامی آپ کو کافی کچھ سکھادیتی ہے اور میں نے بھی اس سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ میں نے کافی خراب وقت دیکھا ہے اس لئے میں بہت زیادہ نہیں سوچتا کیونکہ جب کچھ ہونا ہوتا ہے توہ ہوکر ہی رہتا ہے۔ میں تو اس ان حالات کو بھی انجائے کرتا ہوں۔ جب میں اچھا نہیں کھیل پارہا تھا تب بھی سیکھ رہا تھا اور اب بھی میں کھیل کے بارے میں سیکھ رہا ہوں کیونکہ یہ سب عمل کا حصہ ہے۔
سری لنکا دورے پر تین سنچریاں لگانے والے سلامی بلے باز نے اپنی موجودہ فارم کا 2013 کی چمپئنس ٹرافی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے 2013 کی چمپئنس ٹرافی کے لئے ون ڈے ٹیم میں واپسی کی تھی تب بھی میں اسی فارم میں کھیل رہا تھا اور اس بار لندن میں چمپئنس ٹرافی میں بھی میں نے ویسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میں اسی فارم میں ہوں۔
ٹیم میں گبّر کے نام سے مشہور بلے باز نے کہا کہ سچ کہوں تو جب میں نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تب بھی میں ایسا ہی کھیلتا تھا یا پھر جیسے میں نے گالے میں پہلے ٹسٹ میں کھیلا تھا۔ میں بالکل اسی دور کی طرح کھیل رہا ہوں۔ میں اپنے لئے اسی حکمت عملی کو دوبارہ استعمال کرنا چاہتا ہوں۔
گیندوں کے لحاظ سے ہندوستان نے اس میچ میں بڑی جیت حاصل کی تھی۔ وہیں کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ پچ بلے بازی کے لحاظ سے بہت اچھی تھی۔ دھون نے اس بارے میں کہا کہ انہیں پچ کے بارے میں اتنی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پچ کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا۔ میں صرف گیند کو دیکھ رہا تھا اور مجھے لگا کہ پچ بہت اچھی ہے جس طرح سے سری لنکا نے کھیلنا شروع کیا ہمیں 300 کے ہدف کی امید تھی۔
برے دور سے گزر رہی سری لنکائی ٹیم کے بارے میں دھون نے کہا کہ یہ ایک نئی اور نوجوانوں کی ٹیم ہے اور تبدیلی سے گزر رہی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ وقت کے ساتھ ٹیم میں بہترین نظر آئے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined