آسٹریلیا کی سرزمین پر آسٹریلیا کو ہرانا کسی بھی ملک کے لیے آسان نہیں ہوتا، لیکن ہندوستانی ٹیم کے جانبازوں نے یہ کارنامہ ایک بار پھر کر دکھایا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے 4 سال قبل ’گابا‘ کے میدان میں آسٹریلیا کا گھمنڈ توڑا تھا، اور اب ایک بار پھر ’پرتھ‘ کے آپٹس میدان میں آسٹریلیا پر تاریخی فتح حاصل کر کے 5 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا کو 4 دنوں کے اندر ریکارڈ 295 رنوں سے شکست دے کر 5821 دنوں بعد ہندوستانی ٹیم نے تاریخ رقم کر دی۔ یہ جیت اس لیے بھی خاص ہے کہ سال 2018 میں اسی میدان پر آسٹریلیائی ٹیم نے سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔
Published: undefined
آسٹریلیا پر اس شاندار جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے کئی شاندار ریکارڈ بنائے جو تاریخ کے اوراق میں درج ہو گئے۔ کچھ کھلاڑیوں نے بھی انفرادی ریکارڈس بنائے ہیں جو قابل ذکر ہیں۔ آئیے نیچے دیکھتے ہیں اس ٹیسٹ میچ کے ختم ہونے کے ساتھ کون کون سے اہم ریکارڈس بنے۔
Published: undefined
آپٹس اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے والی پہلی ٹیم ہندوستان بن گئی ہے۔ اس سے قبل یہاں کھیلے گئے 4 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا نے جیت درج کی تھی۔
ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو 295 رنوں کے بڑے فرق سے ہرایا جو آسٹریلیائی سرزمین پر رنوں کے اعتبار سے ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل سال 1977 میں ہندوستانی ٹیم نے ملبورن میں 222 رنوں سے جیت حاصل کی تھی۔
’سینا‘ (جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) ممالک میں بھی رنوں کے اعتبار سے ہندوستان کی یہ سب سے بڑی جیت ہے۔ اگر ہندوستان کی بیرون ممالک میں سب سے بڑی جیت کی بات کریں تو ویسٹ انڈیز کے خلاف نارتھ ساؤنڈ میں 318 اور سری لنکا کے خلاف 304 رنوں کی جیت مل چکی ہے۔
جسپریت بمراہ نے اس میچ میں 72 رن کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں، جو غیر ملکی سرزمین پر کسی بھی ہندوستانی کپتان کی فتح میں نمایاں کارکردگی کا نیا ریکارڈ ہے۔
جسپریت بمراہ صرف دوسرے ایشیائی ہیں جنہوں نے ’پرتھ‘ میں ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ اس سے قبل کا بھی ریکارڈ ہندوستان کے ہی نام ہے۔ سال 2008 میں واکا (پرتھ کا پرانا اسٹیڈیم) میں انل کمبلے کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جیت درج کی تھی۔
ہندوستانی سلامی بلے باز یشسوی جیسوال 161 رن بنا کر آسٹریلیا میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے سنچری بنانے والے تیسرے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل سنیل گواسکر (1977ء) اور موٹگنہالی جیہ سمہا (1968ء) نے آسٹریلیا میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے سنچری بنائی تھی۔
وراٹ کوہلی نے پرتھ ٹیسٹ میں شاندار ناٹ آؤٹ 100 رن بنائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیا میں کسی بھی غیر آسٹریلیائی کھلاڑی کے ذریعہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 10 سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، آسٹریلیا میں آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ 7 ٹیسٹ سنچری بنانے والے وہ پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے سچن تندولکر کی سب سے زیادہ 6 سنچری کو پیچھے چھوڑا۔
یشسوی جیسوال نے اپنی 161 رنوں کی اننگ میں 2 چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ 2024 میں سب سے زیادہ 34 چھکا لگانے والے ٹیسٹ کرکٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ 33 چھکا لگانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے بلے باز میک کولم کے نام تھا جو انھوں نے 2014 میں بنائے تھے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر @revanth_anumula