کرکٹ

بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے اچانک ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان، ٹی-20 اور ٹیسٹ کرکٹ کو کہا الوداع!

شکیب الحسن نے ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے کانپور ٹیسٹ میچ سے قبل کہا کہ انھوں نے فوری اثر سے ٹی-20 کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف میرپور ٹیسٹ آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔

شکیب الحسن، تصویر آئی اے این ایس
شکیب الحسن، تصویر آئی اے این ایس 

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم اس وقت ہندوستان میں ہے اور 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا و آخری میچ 27 ستمبر یعنی کل سے کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سے عین قبل بنگلہ دیش کے مشہور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے ٹی-20 اور ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، یعنی یک روزہ کرکٹ کھیلنا وہ جاری رکھیں گے۔

Published: undefined

کانپور ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے ایک دن قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا کہ وہ فوری اثر سے ٹی-20 کرکٹ چھوڑ رہے ہیں، جبکہ ٹیسٹ میچ چھوڑنے کے لیے انھوں نے بنگلہ دیش کے میرپور میدان کا انتخاب کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ ماہ میر پور میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی گھریلو سیریز کے آخر میں ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوں گے۔ لیکن شکیب الحسن کو اس سیریز میں کھیلنے کے لیے سیکورٹی منظوری نہیں ملتی ہے تو کانپور ٹیسٹ میچ ہی ان کے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔

Published: undefined

شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ’’میں نے بی سی بی سے میرپور میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ میں نے یہ بات بی سی بی کو بتائی ہے اور وہ مجھ سے متفق ہیں۔ وہ سب انتظام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ میں بنگلہ دیش جا سکوں۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو کانپور میں ہندوستان کے خلاف میچ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا آخری میچ ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ (ٹی-20) میں اپنا آخری میچ وہ ٹی-20 عالمی کپ 2024 میں کھیل چکے ہیں۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ شکیب الحسن کا شمار بنگلہ دیش کے سب سے کامیاب کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ شکیب دنیا کے سب سے شاندار آل راؤنڈرس میں سے بھی ایک ہیں۔ انھوں نے بنگلہ دیش کے لیے ابھی تک 70 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ اس دوران شکیب الحسن نے 4600 رن بنائے ہیں جس میں 31 نصف سنچری اور 5 سنچری شامل ہیں۔ ان میچوں میں انھوں نے 242 وکٹ بھی لیے ہیں جس میں 19 مرتبہ اننگ میں 5 وکٹ لینے کا کارنامہ بھی شامل ہے۔

Published: undefined

شکیب کے ٹی-20 کیریئر کی بات کریں تو انھوں نے بنگلہ دیش کے لیے مجموعی طور پر 129 میچ کھیلے۔ ان میچوں میں انھوں نے 2551 رن بنائے اور 149 وکٹ لیے۔ علاوہ ازیں شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کے لیے 247 یک روزہ میچ بھی کھیلے ہیں۔ یک روزہ میچوں میں انھوں نے 7570 رن بنائے اور 317 وکٹ اپنے نام کیے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined