کرکٹ کابارہواں جونیئر عالمی کپ نیوزی لینڈ میں ہفتہ(13 جنوری) سے شروع ہورہا ہے جس میں16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کو تیسری مرتبہ جونیئر عالمی کپ منعقد کرانے کا اعزاز حاصل ہو اہے۔ اس سے پہلے اس نے2002 اور 2010 میں کرکٹ کا جونیئر عالمی کپ کرایا تھا۔
ٹسٹ کا درجہ رکھنے والے دس ممالک کی19سال سے کم عمر ٹیموں کے علاوہ چھ ایسوسی ایٹ ممبران ممالک کی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی ہیں۔
ابھی تک جو گیارہ ٹورنامنٹ ہوئے ہیں ان کو پانچ ٹیموں نے جیتا ہے۔ آسڑیلیا اور ہندوستان نے تین تین مرتبہ جونیئر عالمی کپ جیتا ہے جبکہ پاکستان دو مرتبہ چمپیئن بنی ہے۔ انگلینڈ،جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
کرکٹ کاپہلا جونیئر عالمی کپ 1988 میں آسٹریلیا میں کھیلا گیا تھا اور فائنل میں آسڑیلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دےکر پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ دس سال بعد یعنی1998 میں جنوبی افریقہ میں ہوئے دوسرے جونیئر عالمی کپ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹ سے ہراکرخطاب اپنے نام کیا تھا۔
ہندوستان نے یہ اعزاز پہلی مرتبہ2000 میں سری لنکا میں ہوئے ٹورنامنٹ میں حاصل کیا تھا۔فائنل میں اس نے میزبان ٹیم کوچھ وکٹ سے شکست دی تھی۔2002 میں نیوزی لینڈ میں ہوئے ٹورنامنٹ میں آسڑیلیا نے جنوبی افریقہ کوسات وکٹ سے شکست دیکر چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
پاکستان نے پہلی مرتبہ19سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ2004 میں بنگلہ دیش میں ہوئے ٹورنامنٹ میں جیتا تھا۔ اس نے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو25 رن سے شکست دی تھی۔2006 میں سری لنکا میں ہوئے ٹورنامنٹ میں پاکستان نے کامیابی کے ساتھ خطاب کا دفاع کیا تھا۔ اس نے فائنل میں ہندوستان کو 38 رن سے شکست دی تھی۔
ملیشیا میں2008 میں ہوئے 19سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ میں ہندوستان نے دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی۔فائنل میں اس نے جنوبی افریقہ کو ڈکورتھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت12 رن سے شکست دی تھی۔آسڑیلیا نے تیسری مرتبہ یہ اعزاز2010 میں نیوزی لینڈ میں ہوئے ٹورنامنٹ میں حاصل کیا تھا ۔فائنل میں اس نے پاکستان کو 25 رن سے ہرایا تھا۔
ہندوستان نے آسڑیلیا کو فائنل میں چھ وکٹ سے شکست دےکر 2012میں آسڑیلیا میں ہوا عالمی کپ جیتاتھا جو اس کا تیسرا تھا۔متحدہ عرب امارات میں2014میں ہوئے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کوچھ وکٹ سے ہراکر پہلی مرتبہ چمپئین ہونے کا اعزازحاصل کیا تھا۔2016 میں بنگلہ دیش میں ہونے والا ٹورنامنٹ ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کوپانچ وکٹ سے ہراکر جیتا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر سوشل میڈیا