سچن تندولکر کے بیٹے ارجن تندولکر نے اپنے والد کے ذریعہ 1988 میں کیے گئے کارنامہ کو انجام دے کر دنیائے کرکٹ میں مزید ایک قدم آگے بڑھا دیا ہے۔ ارجن نے رنجی ڈیبیو میچ میں گوا کی طرف سے سنچری لگا دی ہے، اور وہ ابھی آؤٹ بھی نہیں ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ممبئی کی طرف سے انھیں رنجی کھیلنے کا موقع نہیں مل پا رہا تھا جس کی وجہ سے انھوں نے گوا کی طرف سے کھیلنے کا ارادہ کیا۔ اب گوا کی طرف سے ڈیبیو کرتے ہوئے انھوں نے اپنا کمال دکھانا شروع کر دیا ہے۔ ارجن تندولکر نے راجستھان کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ 15 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے 112 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ارجن تندولکر آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز ٹیم کا حصہ ہیں، لیکن ممبئی کی طرف سے انھیں اب تک رنجی میں کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا۔ ممبئی کے پاس کئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جس کی وجہ سے ارجن کو موقع نہیں مل پا رہا تھا، اور صحیح وقت پر انھوں نے گوا کی طرف سے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ارجن تندولکر آل راؤنڈر کھلاڑی ہیں اور وہ بائیں ہاتھ سے تیز گیندبازی بھی کرتے ہیں۔ ایسے میں گوا ٹیم کے لیے ارجن جیسا کھلاڑی کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ ویسے آئی پی ایل میں بھی ارجن ابھی تک ڈیبیو نہیں کر سکے ہیں۔ جہاں تک ٹی-20 میچوں کا سوال ہے، ارجن نے 9 میچوں میں 12 وکٹ لیے ہیں اور 10 رن دے کر 4 وکٹ لینا ان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ لسٹ ’اے‘ کے 7 میچوں میں وہ 8 وکٹ لے چکے ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ ارجن تندولکر کے والد سچن تندولکر نے دسمبر 1988 میں ممبئی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 15 سال کی عمر میں گجرات کے خلاف رنجی ڈیبیو کیا تھا۔ اس وقت سچن نے ناٹ آؤٹ 100 رن کی اننگ کھیلی تھی۔ اس کے ساتھ ہی سچن فرسٹ کلاس کرکٹ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے کم عمر میں سنچری بنانے والے ہندوستانی بلے باز بنے تھے۔ سچن نے بعد میں دلیپ ٹرافی اور ایرانی ٹرافی میں بھی ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور بنائی تھی۔ بہرحال، ارجن تندولکر کی راجستھان کے خلاف لگائی گئی سنچری بھی بہت اہم ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ راجستھان کی ٹیم دو مرتبہ رنجی چمپئن رہی ہے۔ اس ٹیم میں انکیت چودھری، کملیش ناگرکوٹی اور مہیپال لومرور جیسے اسٹار گیندباز ہیں۔ ویسے بھی ارجن تندولکر ساتویں نمبر پر بلے بازی کرنے اترتے تھے، اور اس نمبر پر ڈیبیو میں ہی سنچری بنانا اپنے آپ میں بڑی بات ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined