ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ملنے کے بعد اب ایک اور بری خبر کا سامنا ہندوستانی ٹیم کو کرنا پڑ رہا ہے۔ آئی سی سی نے اوور کی دھیمی رفتار کے لیے ہندوستانی ٹیم کی پوری میچ فیس کاٹ لی ہے۔ یہ جھٹکا آئی سی سی نے صرف ہندوستانی ٹیم کو ہی نہیں دیا ہے، بلکہ آسٹریلیائی ٹیم کی بھی میچ فیس کا 80 فیصد کاٹنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
Published: undefined
دراصل فائنل میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے بیشتر اوور اپنے تیز گیندبازوں سے کرائے تھے، اسی کا نتیجہ ہے کہ کسی بھی دن پورے 90 اوور کا کھیل نہیں ہو پایا۔ میچ کے بعد آئی سی سی نے دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 100 فیصد اور آسٹریلیائی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 80 فیصد جرمانہ لگایا گیا۔ ہندوستانی ٹیم کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ طے مدت کے مطابق 5 اوور پیچھے تھی، جبکہ آسٹریلیا ٹیم 4 اوور پیچھے تھی۔ آئی سی سی کے اصول و ضوابط میں شق 2.22 کے مطابق جب کوئی ٹیم طے وقت پر پورے اوور نہیں کر پاتی ہے تو کھلاڑیوں پر ہر اوور کے لیے ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ لگایا جاتا ہے۔
Published: undefined
آئی سی سی نے ہندوستانی سلامی بلے باز شبھمن گل پر الگ سے جرمانہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس جرمانہ کی وجہ ہے متنازعہ کیچ کے بارے میں ان کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرنا۔ گل نے آئی سی سی کے شق 2.7 کی خلاف ورزی کی ہے جو ایک بین الاقوامی میچ میں ہونے والے واقعہ کے سلسلے میں برسرعام تنقید یا نامناسب تبصرہ سے متعلق ہے۔ شبھمن گل پر ان کی میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ لگایا گیا ہے۔ یعنی دھیمی اوور رفتار کی وجہ سے 100 فیصد میچ فیس تو گل کے لیے پہلے ہی کٹ گئی ہے، اب 15 فیصد اپنی جیب سے آئی سی سی کو جرمانہ بھرنا ہوگا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined