آزادی کے بعد سے ملک میں کئی انتخابات ہوئے اور کئی لوگوں نے انتخابات کے بعد ملک کی قیادت کی۔ ملک میں اس سال بھی عام انتخابات ہو رہے ہیں اور ابھی تک 7 میں سے 6 مرحلوں کے لئے ملک کے عوا م نے اپنی رائے کا اظہار کر دیا ہے۔ ان انتخابات میں شخصیت کے اعتبار سے جہاں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سب سے بہترین سیاست داں کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں، وہیں سب سے اہم ایشو رام مندر کی تعمیر نہیں بلکہ آئین کی حفاظت بن کر سامنے آیا ہے۔
Published: undefined
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بی جے پی کی قیادت والا بر سر اقتدار اتحاد این ڈی اے کا ان انتخابات میں مرکزی موضوع رام مندر کی تعمیر تھا اور ہے جبکہ انڈیا نامی اتحاد آئین کی حفاظت کو اپنا مرکزی موضوع بنانے میں کامیاب رہا ہے۔ جیسے جیسے انتخابی مہم آگے بڑھی ویسے ویسے انڈیا نامی اتحاد کچھوے کی چال سے آگے بڑھتا نظر آیا اور اس کی چال ایسی تھی کہ وہ کسی کی نظر میں بھی نہیں آیا، اس کے اوپر این ڈی اے نامی اتحاد یعنی خرگوش نے اپنی اچھل کود انتخابی مہم شروع ہونے سے پہلے ہی شروع کر دی تھی اور اس اچھل کود میں 400 پار کا نعرہ دیا گیا۔ اس نعرے کے بعد بیچ میں یہ خرگوش سو گیا اور جب جاگا تو اس اتحاد کے قائد نریندر مودی نے اتحاد کے پرانے آزمودہ نسخے کا استعمال شروع کر دیا اور بہت تیزی کے ساتھ منگل سوتر، بھینس، ٹونٹی اور مجرے کا استعمال اپنی تقاریر میں شروع کر دیا۔
Published: undefined
انڈیا نامی اتحاد یعنی کچھوا اپنی اسی چال سے چلتا رہا جس کی وجہ سے 6 مرحلوں کی ووٹنگ کے بعد مبصرین اور لوگوں کی رائے میں اتنی تو تبدیلی آ گئی ہے کہ اب وہ کہنے لگے ہیں ’کچھ نہیں کہا جا سکتا اور مقابلہ ٹکر کا ہے۔‘ انتخابی مہم کے دوران بات یہاں تک پہنچانے کا سہرا کانگریس اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے سر جاتا ہے۔ اس میں دوسرے کھلاڑیوں کا کردار بھی اہم رہا ہے، چاہے وہ آر جے ڈی کے تیجسوی کی نوکری کی بات ہو، اکھلیش کی ’پی ڈی اے‘ کی بات ہو، ادھو ٹھاکرے کا جوش ہو، شرد پوار کی اپنی ساکھ ہو، اسٹالن کی تمل ناڈو میں اپنی مقبولیت ہو یا دیگر پہلو رہے ہوں لیکن وہ مین آف دی میچ نہیں رہے اس سارے کھیل میں مین آف دی میچ راہل گاندھی ہی نظر آ رہے ہیں۔
Published: undefined
راہل گاندھی صرف انتخابی مہم کے دوران کھیل کر مین آف دی میچ نہیں بن گئے بلکہ اس کے لئے ان کی ’بھارت جوڑو یاترا‘، ’بھارت جوڑو نیائے یاتراُ اور سب سے اہم ان کا مزاج جس کے تحت انہوں نے خاموشی سے اپنے اوپر تمام حملے اور دوستوں کے جانے کے طعنوں کو برداشت کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہنے کا بھی دخل رہا۔ ایک عرصے بعد ہندوستانی سیاست میں یہ ہوا کہ علاقائی سیاسی پارٹیوں کو لڑائی اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کانگریس کی بیساکھیوں کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کانگریس اگر اکیلے انتخابی میدان میں اترتی تو وہ بڑے فرق سے نہ صرف ہارتی بلکہ کچھ علاقوں میں تو کھاتا بھی نہیں کھول پاتی یعنی کانگریس اور اتحادی پارٹیاں ایک دوسرے کی ضرورت ہیں۔ کانگریس اور راہل گاندھی نے اتحاد کی کامیابی میں جس بڑے دل کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال سیاسی دنیا میں کم ہی ملتی ہے اور اس کا سہرا راہل گاندھی کے سر ہی جاتا ہے۔
Published: undefined
انڈیا نامی اتحاد کچھوے کی دھیمی چال سے آگے بڑھ رہا ہے جبکہ این ڈی اے نامی اتحاد خرگوش کی طرح اپنی اچھل کود اور تیزی پر یقین رکھے ہوئے ہے اور ایسا کیوں نہ ہو کیونکہ گزشتہ دو انتخابات میں اس کو کامیابی اسی تیزی کی وجہ سے ملی تھی جب اس کے مقابلے پر انڈیا نامی اتحاد یعنی دھیمی چال والے لیکن مسلسل چلنے والا کچھوا نہیں تھا۔ انتخابات کے نتائج کچھ بھی آئیں لیکن انڈیا نامی اتحاد نے کچھ چیزوں میں بڑھت بنا لی ہے جیسے مبصرین اور لوگ یہ اعتراف کرنے لگے ہیں کہ مقابلہ قریبی ہے اور انتخابات میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دوسرا یہ کہ پہلی مرتبہ بر سر اقتدار جماعت حزب اختلاف کی پچ پر کھیلنے پر مجبور ہے اور سب سے بڑی بات یہ کہ اس مرتبہ راہل گاندھی کی منفی شبیہ بنانے میں بر سر اقتدار اتحاد کے کسی بھی فرد کی ہمت نہیں ہوئی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined