انسانی تاریخ کے سیل رواں میں حق وباطل کے درمیان بے شمار واقعات کا ایک طویل سلسلہ ملتا ہے،کتنے واقعات غبار وقت کی گرد میں گم ہوکر رہ گئے ، زمانہ ایسے تاریخی واقعات کو کبھی نہ بھلا سکا جو اپنی نظیر نہیں رکھتے تھے۔ سانحہ کربلا انسانی تاریخ کا ایسا ہی انقلاب آفریں تاریخی اور آفاقی واقعہ ہے ، جس کی نظیر تاقیامت نہ مل سکے گی۔ یوں تو خلقت آدم سے قربان گاہ راہ عشق میں انبیاء کرام اور صالحین خدا کے ذریعہ امتحان وقربانیوں کی عملی شہادتیں پیش کی جاتی رہی ہیں ، مگر مورخ زمانہ سید الشہداء امام حسین ؑ جیسا عظیم کردار پیش نہ کرسکا۔ عقل حیران ہے کہ اب سے1400سال پہلے سن 680 میں کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں نواسہ رسول نے اپنے بہتر ساتھیوں کے ہمراہ جوقربانی پیش کی تھی، وہ کتنی عظیم تھی کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود بھی اس واقعہ کی یاداسی طرح تازہ ہے جیسے کل کی بات ہو۔ انسان کی فطرت ہے کہ وہ اپنے ذاتی غموں کو وقت کے ساتھ بھول جاتا ہے، اس کی یاد کو زیادہ عرصہ تک قائم نہیں رکھ پاتا، اسے صبر آہی جاتا ہے، مگر خون شہید ان راہ حق کی تاثیر کچھ اور ہی ہے، یہ دستور قدرت ہے کہ وہ اپنی راہ میں ہوئے شہیدوں کے ذکر کو معراج عطا کرتی ہے۔
Published: undefined
محرم ہرسال آتا ہے اور دنیامیں مختلف تہذیبوں وتمدن کے اقوام انسانیت کے اس عظیم اور لافانی کردار کو اپنے طریقہ سے نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں جس سے انسانی شعور کی بیداری، اصول پسندی اور حق شناسی کا اظہار بھی ہوتا ہے۔ ریگزار کربلا پریہ خونی انقلاب جس نے اپنے دور کے بدعنوان وباطل قوتوں کے مظہر یزید کے ایوانوں میں انقلا ب برپا کردیا اور مردہ ضمیر انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ بظاہر واقعہ جنگ صبح عاشورہ سے شروع ہو کر عصر تنگ ہونے تک چند پہروں کا واقعہ تھا مگریہ اپنے دامن میں اصول، حق وصداقت، عدل وانصاف اور اقدار انسانیت کے تحفظ کی راہ میں فدا کاری ایثار وقربانی ،صبر و تحمل اورمعراج شہادت کے ایسے آفاقی اثرات چھوڑ گیا جس کی مثال تاریخ عالم پیش کرنے سے قاصر ہے۔
Published: undefined
حسینؑ جس نے آغوش ختم المرتبت حضرت محمد میں آنکھیں کھولی ہوں ، سیدہ عالم حضرت فاطمہ ؑ کی گود میں پرورش پائی ہواور فاتح اسلام شیرخدا علی ؑ ابن ابی طالب جیسے عظیم باپ کا خون جس کی رگوں میں دوڑرہا ہو، وہ بھلاایک فاسق وفاجر ، دشمن اسلام وانسانیت کے مطالبہ بیعت کو کیوں کر قبول کرتا۔ امام حسین ؑ جنھوںنے اپنے نانا کے دین کے تحفظ وبقا انسانیت کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردیا، آبروئے وفا عباس جیسا بھائی فدا کردیا،اپنا کڑیل جوان اکبر بھی دے دیا۔ اپنے بھائی حسن ؑ کی نشانی قاسم کا فدیہ بھی پیش کیا، بہن زینب ؑ کے بچے عون ومحمد بھی قربان کردیئے۔ یہاں تک کہ چھ مہینہ کا شیر خوار ننھا اصغر کا فدیہ بھی پیش کردیا، اپنے عزیزترین اصحاب واقربا ء کی قربانی پیش کردی اور اپنا سر اقدس بھی کٹا دیا، حسینؑ جس نے یہ توگوارہ کیا کہ بعد عاشورہ ان کے اہل حرم قید ہوں، خیام حسینی میں آگ لگا دی جائے ، اہل حرم کو اسیر بنایا جائے اور دربار یزید میں قیدی بنا کر لایا جائے مگر کسی طرح دین محمد بچ جائے۔
Published: undefined
انسانی تاریخ میں کیا کوئی ایسا واقعہ ہے جس میں ظلم وستم کا اس طرح بازار گرم کیا گیا ہو؟ ظلم کی انتہا کرب وبلا ہے، جہاں انسانیت کا نپ اٹھتی ہے، یہی سبب ہے کہ عالمی تہذیب و تمدن اس عظیم قربانی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔ مورخ زمانہ، رہنمائے قوم وملت، مفکر وشاعر، دانشور حضرات اورمختلف طبقہ فکر کے عوام ہر زمانہ میں اس واقعہ سے متاثر ہوتے رہے ہیں اور انھوںنے انسانیت کے اس عظیم ہیروکوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ہندوستان کی جنگ آزادی کے قائد مہاتما گاندھی امام حسین ؑ کو ایک عظیم آئیڈیل تسلیم کرتے ہیں، ایک جگہ وہ انسانیت کے اس عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں:
”حسین ؑ اور ان کی مختصر ساتھوں پر مشتمل جماعت نے ظلم اور بے انصافی کے سامنے سرنہیں جھکایا، اس وقت وہ جانتے تھے کہ انہیں موت ہی کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر وہ سرجھکا دیتے تو انسانیت بھی رسوا ہوجاتی ، ان کا مذہب اور عقیدہ بھی رسوا ہوجاتا ، اس لیے انھوں نے موت کا استقبال کیا، حسین ؑ نے اپنی گود میں اپنے بیٹے اور بھتیجہ کو ذبح ہوتے ہوئے دیکھا، ان کے ساتھیوں نے تشنگی کو ترجیح دی لیکن جس نظام کو وہ بے انصافی اور ظلم قرار دیتے تھے، اس کے سامنے سر نہیں جھکا یا، میرا یقین ہے کہ اسلام تلوار سے نہیں اپنے(ایسے ہی) درویشوں کی قربانیوں سے پھیلا ہے“۔
Published: undefined
مفکراسلام علامہ اقبالؒ نے جو مقام اور منزلت حسین ؑ کو حقیقت ابدی سے تعبیر کرتے ہیں انھوں نے ایک جگہ اس طرح خراج عقیدت پیش کیا ہے:”امام حسین ؑ نے ظلم وجور کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیا، ان کے خون وشہادت سے جنگل کے دامن میں ایک نیا گلستاں بن گیا وہ حق کی حفاظت کے لئے خاک وخون میں لوٹے اور کلمہ’ ’لاالٰہ الا اللہ‘ ‘ کی بنیاد بن گئے۔ اگر اقتدار کو حاصل کرنا امام کا مقصد ہوتا تو وہ اس قدربے سروسامان نہ رہتے۔ ان کے دشمنوں کی تعداد اگر چہ ریت کے ذرّوں کی طرح بے گنتی اور بے شمار تھی، لیکن خود ان کے ساتھیوں کی تعداد صرف بہتر تھی، جوابجد کے قاعدے سے لفظ ”یزداں“ کے برابر ہے، امام حسین ؑ کی قربانی سے ابراہیم ؑ واسماعیل ؑ کی قربانی کے اسرار بھی منکشف ہوتے ہیں۔ جس نے ابراہیم اوراسماعیل کے دین کو بھی چار چاند لگا دیئے۔ ان کا ارادہ چٹان کی طرح مضبوط واٹل تھا۔ ان کی تلوار صرف اس لئے اٹھی تھی کہ وہ خدا کے دین کی حفاظت کرے، مسلمان صرف اللہ کی اطاعت کرتا ہے، اس کا سر کسی بھی ظالم کے روبرو کبھی نہیں جھکتا۔ اسلام کا یہ راز امام حسین ؑ ہی نے اپنے لہو سے افشاء اور آشکار کیا ہے اور انھوں نے امت مسلمہ کو خواب غفلت سے چونکا دیا“۔
Published: undefined
کربلا کے میدان میں امام حسین ؑ نے اطمینان نفس کے ساتھ راہ حق میں جو عظیم قربانی پیش کی وہ آج عصر حاضر سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان آئیڈیل کرداروں کی تاسی کرتے ہوئے اخلاق وکردار کو سنوارا جائے ، زمانہ کے یزیدی صفت ظالموں اوربدعنوان درندوں سے مظلومیت کو آزادی دلاکرعدل وانصاف کی راہیں استوار کی جائیں، محسن انسانیت ، سیدالشہدا حضرت امام حسین ؑ کی بارگاہ میں صحیح خراج عقیدت ان کے اعلیٰ مقصد کی بقاء اوراس کا تحفظ ہے اگر ہم اس راہ میں ناکام ہیں تو انقلا ب کربلا کا حسین کل بھی مظلوم تھا اور آج بھی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined