فکر و خیالات

یومِ پیدائش پر خصوصی پیش کش: مہاتما گاندھی اور اُن کا نظریۂ قومی اتحاد

گاندھی جی کے تمام آدرش و اصول خواہ وہ اہنسا ہو، ستیہ گرہ ہو یا بھائی چارہ، نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں مقبول ہوئے اور عالمی پیمانے پر مفکروں، قلم کاروں اور فنکاروں نے اُنہیں سراہا۔

مہاتما گاندھی پونا میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے / Getty Images
مہاتما گاندھی پونا میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے / Getty Images 

مرضیہ عارف ( بھوپال)

مہاتما گاندھی ایک عہدساز بلکہ تاریخ ساز شخصیت کے مالک تھے، اُنہوں نے اپنے قول وفعل، مضبوط عزائم اور اصولوں کی پابندی کا مظاہرہ کرکے ہندوستان کی تقدیر بدلنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی دوسرے ملکوں کو بھی غیروں کی غلامی سے آزاد ہونے کی راہ دکھائی ہے۔ گاندھی جی کے اہم کارناموں میں قومی اتحاد، فرقہ وارانہ خیرسگالی، عدم تشدد اور اہنسا کا فلسفہ اِس قابل ہے کہ اُن پر پوری دیانت داری کے ساتھ آج بھی عمل کیا جائے تو ملک کے اندر اور باہر پنپنے والے تشدد اور عدم برداشت کے ماحول کو ہم دور کرسکتے ہیں۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

گاندھی جی کا مسلک تھا کہ ’’سرو دھرم سمبھاؤ‘‘ یعنی تمام مذہبوں کو پھلنے پھولنے کی آزادی یا ’’جیو اور جینے دو‘‘ کا اصول جو آج بھی مختلف گروہوں، قوموں اور ملکوں کے درمیان ہر مسئلہ کے منصفانہ حل اور پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔ ہم گاندھی جی کی تقریروں کا جائزہ لیں تو یہ حقیقت واضح ہوجاتی ہے کہ انہوں نے ذات، مذہب، علاقائیت، رنگ و نسل اور زبان کی بنیاد پر مختلف طبقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی، قومی ایکتا کا یہی نظریہ اُن کی فکرکا بنیادی پتھر ہے، جس پر وہ ایک خوشحال قوم کی تعمیر کرنا چاہتے تھے، گاندھی جی کا یہ نظریہ اُس قومی روایت پر مبنی معلوم ہوتا ہے، جس کے مطابق پوری کائنات کو اللہ کا کنبہ قرار دیا گیاہے۔ ’’الخلقُ عیال اللّٰہ‘‘ کی یہی روایت ہندو مذہب کی کتابوں میں بھی مختلف الفاظ کے ساتھ ملتی ہے۔ یہ گاندھی جی کی آفاقی فکر تھی جس نے اُنہیں رنگ و نسل، ذات برادری اور علاقائیت کے امتیازات سے اوپر اُٹھ کر سوچنے کی تحریک دی، انسان دوستی کے ا ِسی فلسفے نے اُن کے خیالات کو جِلا بخشی جس پر وہ آخری دم تک کاربند رہے۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

مہاتما گاندھی کو اِس کا احساس تھا کہ ہندوستان کو اُس وقت تک آزادی نہیں مل سکتی جب تک کہ یہاں رہنے اور بسنے والے دو بڑے فرقے باہم مل جل کر رہنا نہیں سیکھ لیں۔ اگر آزادی مل بھی گئی تو حقیقت میں وہ آزادی نہیں ہوگی، جس کے ہم سب متمنی ہیں۔ گاندھی جی ہندو مسلم اتحاد کے زبردست حامی تھے، اُن کا خیال تھا کہ اگر ہندو اور مسلمان امن و بھائی چارہ کے ساتھ زندگی گزارنا نہیں سیکھ لیتے تو اِس ملک کا جسے ہم بھارت کے نام سے جانتے ہیں وجود ختم ہوجائے گا۔ گاندھی جی نے مختلف مذاہب کی کتابوں اور دنیا کے قابل ذکر دانشوروں کے افکار ونظریات کا مطالعہ کیا تھا، اُن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ہر صبح گیتا کے ساتھ قرآن مجید اور انجیل مقدس کا مطالعہ کرتے تھے، اُن کی کتاب ’’مائی ایکسپریمنٹ وِتھ ٹُروتھ‘‘ میں یہ اعتراف موجود ہے کہ جنوبی افریقہ کے قیام کے دوران کئی مسلمانوں سے اُن کے گہرے مراسم تھے، جو اسلامی تعلیمات سمجھنے میں اُن کے لئے مفید ثابت ہوئے۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

اُن سے جب معلوم کیا گیا کہ رام راجیہ کے جس تصور کی وہ بات کرتے ہیں، وہ کس قسم کی حکومت کے طرز پر ہوگا تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’’وہ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کی حکومت کے طرز پر ہوگا‘‘۔ انگلینڈ کے دورانِ قیام اُنہوں نے عیسائیت اور وکالت کے دوران پارسی لوگوں کے میل جول سے اُن کے مذہب کی روح تک پہنچنے کی سعی کی، وہ تمام مذاہب کو احترام کی گہری نظر سے دیکھتے تھے لیکن اپنے آبائی مذہب یعنی ہندو فلاسفی سے اُن کا گہرا تعلق تھا، اِسی طرح گاندھی جی نے پورے ہندوستانی سماج کو غائر نظر سے دیکھا اور سمجھا یہاں تک کہ وہ اِس ملک کی سماجی زندگی کے ’’نبض آشنا‘‘ بن گئے۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

تحریک آزادی کے دوران تو اُن کا ملک کے ہر طبقہ اور ہر علاقے کے لوگوں سے سابقہ پڑا، یہی وہ عوامل تھے جو اُن کے ’’قومی اتحاد‘‘ کے نظریہ کی تشکیل میں مددگار بنے، گاندھی جی کے اِس نظریہ کا تجزیہ کرنے سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے، یہ اُن کے فطری رجحان کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اُن کے زمانے میں جاری تحریکات اور رجحانات کا تقاضا تھا کہ وہ قومی اتحاد کا سہارا لے کر انگریزوں کی ’’پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو‘‘ کی پالیسی کے تحت ہندو اور مسلمانوں میں نفرت کے جو بیج بوئے گئے ہیں، اُنہیں پھیلنے نہ دیں۔ 1909ء میں مارل منٹو کی اصلاحات سے بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا، ہندوؤں اور مسلمانوں میں الگ الگ انتخابی حلقوں کا اعلان، شُدّھی تحریک اور دوقومی نظریہ کا سامنے آنا، یہ وہ عوامل تھے جو آزادی کی تحریک کے لئے زہر ثابت ہوسکتے تھے۔ گاندھی جی نے اِن خطرات کا اندازہ لگاکر اُن سے مقابلہ کے لئے قومی اتحاد کا جھنڈا بلند کردیا، اُنہوں نے نہایت سمجھداری سے کام لے کر ڈاکٹر امبیڈکر اور اعلیٰ طبقہ کے درمیان سمجھوتہ کرایا اور اِس طرح آنے والی ایک بڑی مصیبت کو ٹال دیا۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

ملک میں صدیوں سے چلی آرہی چھوت چھات کی لعنت کے خلاف اُنہوں نے تحریک چلائی اور لسانی تفریق کو دور کرنے کے لئے ہندی یا اُردو کے بجائے ’’ہندوستانی زبان‘‘ کا تصور پیش کیا، وہ اردو کو ایک ایسی زبان کی شکل دینا چاہتے تھے جس میں فارسی اور عربی کی جگہ مقامی اور علاقائی زبانوں کے آسان الفاظ استعمال ہوں،تاکہ ہندوستان کا ہر فرد و بشر اِس زبان کو سمجھ سکے اور یہ ’’ہندوستانی زبان‘‘ پورے ملک کو لسانی سطح پر جوڑنے کا ذریعہ بن جائے۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

گاندھی جی فرقہ وارانہ فسادات کے سخت خلاف تھے، بہار کے نواکھالی علاقے میں فساد ہونے پر، خود وہاں گئے اور طویل عرصہ تک قیام کرکے صورت حال کو نارمل بنانے کی کوشش کی، ہندوستان کی آزادی کے بعد پھوٹ پڑنے والے فرقہ وارانہ دنگوں سے بھی سب سے زیادہ دُکھی وہی نظر آتے تھے، بعض ناسمجھ لوگوں نے اِسے اُن کی ہندو مخالفت سے تعبیر کیا، جو صحیح نہیں۔ حقیقت میں ظلم کسی کے خلاف ہو، گاندھی جی کا حساس دل اِسے برداشت نہیں کرسکتا تھا اور وہ اُس کے خلاف آواز اُٹھانے پر مجبور ہوجاتے تھے۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

گاندھی جی کے قومی اتحاد کے تعلق سے اِس نظریہ کا اہم پہلو یہ ہے کہ انہوں نے تمام طبقات کو متحد کرنے کے لئے گاؤں اور شہر کو قریب لانے کی کوشش کی، اُنہوں نے دیہی زندگی کی اصلاح اور ترقی پر خاص طور سے زور دیا۔ صنعتی ترقی سے شہروں کی خوشحالی کو دیکھ کر وہ دیہاتوں کے پچھڑے پن کو دور کرنے میں مصروف ہوگئے۔ اُن کے قول کے مطابق حقیقی ہندوستان دیہاتوں میں بستا ہے اور اِس ہندوستان کو ترقی کے مواقع ملنا چاہیے۔ گاندھی جی کا قومی ایکتا کا نظریہ ذات پات اور علاقائی حدود سے اونچا تھا۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

اُنہوں نے افریقہ میں قیام کے دوران کالے اور گوروں کے درمیان تفریق کو مٹانے میں سرگرم کوشش کی اور وہاں کے سیاہ فام باشندوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اُٹھائی۔ گاندھی جی کے تمام آدرش و اصول خواہ وہ اہنسا ہو، ستیہ گرہ ہو یا بھائی چارہ، نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں مقبول ہوئے اور عالمی پیمانے پر مفکروں، قلم کاروں اور فنکاروں نے اُنہیں سراہا۔ دوسری طرف یہ بھی ایک سچائی ہے کہ گاندھی جی کے قومی اتحاد کے نظریہ کو منافرت پھیلانے اور پھوٹ ڈالنے والوں نے کبھی پسند نہیں کیا۔ جس کی قیمت گاندھی جی کو اپنی جان دے کر چکانی پڑی۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

گاندھی جی کی عظمت کا ایک راز یہ بھی ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد اُنہوں نے اقتدار میں کوئی حصہ نہیں لیا، اقتدار سے اِس دوری نے اُنہیں عظیم سے عظیم تر بنادیا اور وہ علامہ اقبال ؔ کے اِس شعر کی مثال بن گئے؎

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا

ہندی ہیں ہم، وطن ہے ہندوستان ہمارا

(قومی آواز پر یہ مضمون سب سے پہلے 2 اکتبور 2019 کو شائع ہوا تھا)

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 02 Oct 2019, 9:10 AM IST