آئی سی آئی سی آئی بینک کی ایم ڈی (مینیجنگ ڈائریکٹر) اور سی ای او (چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر) چندہ کوچر کے خلاف الزامات اور تحقیقات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ وہیسل بلوور (گھوٹالہ کا انکشاف کرنے والے) اروند گپتا نے بھی نئے الزامات عائد کر دئے ہیں۔ اروند نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر اسے پبلیک کر دیا ہے۔ ویڈیوکون اور آئی سی آئی سی آئی بینک کی ڈیل میں اپنے شوہر کی کمپنی نیو پاور کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد ہونے کے بعد بینک کے جس بورٹ نے پہلے کوچر کی حمایت کی تھی اب وہ جانچ کرا رہا ہے اور ایک آزادانہ جانچ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ کسی اندرونی شخص کی طرف سے کی گئی ایک شکایت پر ان کے خلاف ایک اور سنجیدہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
بینک کے اندر سے یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ چندہ کوچر نے اپنے فیصلوں میں مفادات کے تضاد کو نظر انداز ہی نہیں کیا بلکہ ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ اس الزام کی بنیاد پر آئی سی آئی سی آئی کئی ملازمین کو نوکری سے نکال چکا ہے۔ اسی بینک سے وابستہ آئی سی آئی سی آئی لومبارڈ کے گھوٹالوں کا پردہ فاش کرنے والے وہیسل بلوور دیپک شریواستو نے قومی آواز کو بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرکے اسے نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ دیپک کا کہنا ہے کہ جب اتنے سنجیدہ الزامات بینک کے اعلی افسران پر عائد ہوئے ہیں تو انہیں کیوں نہیں عہدوں سے ہٹایا گیا!
ادھر اقتصادی معاملات کے ماہر اور آئی سی آئی سی آئی بینک میں چل رہی بے ضابطگیوں کا پردہ فاش کرنے والے وہیسل بلوور اروند گپتا نے قومی آواز کو بتایا کہ ایسار گروپ کے روئیا برادران سے انہیں فائدہ ملا جس کے بدلے اس گروپ نے چندہ کوچر کے شوہر دیپک کوچر کی کمپنی نیو پاور میں سرمایہ کاری کی۔
Published: undefined
اروند گپتا نے 11 مئی کو وزیر اعظم کو تحریر کئے گئے اپنے خط میں الزام عائد کیا کہ روئیا نے نیو پاور اور اس کی ساتھی فرموں میں اپنے داماد نشانت کنوڈیا اور بھتیجے انیرودھ بھوالکا کے ذریعہ دسمبر 2010 سے مارچ 2012 تک سرمایہ کاری کی اور شیئروں کو خریدا۔ واضح رہے کہ دو سال قبل اروند نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر یہ بتایا تھا کہ کس طرح چندہ کوچر اور ویڈیوکون کپنی کے بیچ گھوٹالہ ہوا ہے اور چندہ کوچر کے شوہر کی کمپنی میں سرمایہ کاری کی گئی۔ اب چندہ کوچر پر سیبی سمیت دیگر ایجنسیوں کی جانچ چل رہی ہے۔
اپنے تازہ خط میں اروند گپتا نے رجسٹرار آف کمپنی میں نیو پاور ری نیوایبل کی طرف سے دی گئی تفصیلات میں بتایا کہ نیو پاور میں میٹکس گروپ اور فرسٹ لینڈ ہولڈنگز کی طرف سے سرمایہ کاری کی گئی جن کا مالک ایسار کا داماد نشانت کنوڈیا ہے۔ پہلے ماٹکس گروپ نے 325 کروڑ کی سرمایہ کاری کی اور اپنی کمپنی فرسٹ لینڈ ہولڈنگز کو بند کر دیا۔
ان الزامات سے آئی سی آئی سی آئی اور ایسار گروپ نے انکار کیا ہے۔ ایسار گروپ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے، ’’ایسار گروپ کی کاروباری دلچسپی فرسٹ لینڈ ہولڈنگز سے کبھی نہیں رہی۔‘‘
دریں اثنا چندہ کوچر چھٹی پر چلی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان سے کہا گیا ہے کہ جانچ پوری ہونے تک وہ چھٹی پر ہی رہیں۔ حالانکہ آفیشل طور پر کہا گیا ہے کہ وہ طے شدہ چھٹی پر گئی ہیں۔
کم از کم اب یہ صاف ہو گیا ہےی کہ اس بینک میں جو بے ضابطگی چل رہی تھی اس سے کوئی انکار نہیں کر رہا۔ بینک نے اپنی شبیہ کی فکر کرتے ہوئے جانچ شروع کر دی ہے۔ تحقیقات کا نتیجہ کیا نکلے گا اس کا سبھی کو بے صبری سے انتظار ہے۔ فی الحال بینک کی ساکھ کو نقصان ضرور ہو رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز