( 6ستمبر یوم پیدائش کے موقع پر)
بالی وڈ فلمساز یش جوہر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور ’کل ہو نہ ہو‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر یش جوہر 6 ستمبر 1929 کو لاہور کے پنجاب میں پیدا ہوئے۔
یش جوہر نے ساٹھ کی دہائی میں ایک فوٹوگرافر کی حیثیت سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور مختلف ہدایتکاروں کے ساتھ معاون کی حیثیت سے کام کیا۔انہوں نے بالی وڈ میں اپنے کریئر کی شروعات سن 1952 میں سنیل دت پروڈکشن ہاؤس اجنتا آرٹ سے کی۔ یش جوہر نے فلم ’مجھے جینے دو ‘ اور ’یہ راستے ہیں پیار کے ‘ جیسی فلموں میں اسسٹنٹ کے طور پر کیا۔ یہی نہیں انہوں نے دیو آنند کی فلم ’گائیڈ ‘ میں بھی اپنا بھرپور تعاون دیا ۔ اس فلم نے باکس آفس پر شہرت کے ساتھ زبردست کمائی کی تھی۔
یش جوہر زندگی میں ایک کامیاب انسان بننا چاہتے ہیں۔ بس اسی مقصد کے ساتھ وہ بالی ووڈ میں اپنے وقت کے معروف اداکار دیوا ٓنند کے ساتھ مسلسل کام میں مصروف رہنے لگے۔ یش جوہر ، دیو آنند کی ’نوکیتن ‘ فلم سے وابستہ ہوگئے اور ان کے ساتھ ’جویل تھیف‘، پریم پجاری اور ہرے راما ہرے کرشنا جیسی فلموں میں اپنا تعاون دیا۔
ایک معاون کے طور پر کام کرتے ہوئے یش جوہر کو خاصہ تجربہ ہوگیا تھا ۔ انہوں نے 1976 میں ’دھرما پروڈکشن ‘ کے نام سے اپنا بینر قائم کیا اور فلمسازی کے میدان میں قسمت آزمائی کی۔ انہوں نے راج کھوسلہ کی ہدایت میں سب سے پہلے فلم ’دوستانہ ‘ بنائی جو باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں امیتابھ بچن، شتروگھن سنہا اور زینت امان نے کام کیا۔ دھرما پروڈکشن نے 80 اور 90 کی دہائی میں ’اگنی پتھ ‘ ، ’گمراہ ‘ اور ’ڈپلی کیٹ ‘ جیسی فلمیں بنائیں۔
یش جوہر کی شادی ہیرو جوہر سے ہوئی تھی جو نامور فلم ہدایت کار بی آرچوپڑا اور یش چوپڑا کی بہن تھیں۔یش جوہر کے دھرما پروڈکشن کی 1998 میں ریلیزہونے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے ‘ کوبہترین فلم قرار دیا گیا۔ یہ فلم ان کے صاحبزادے کرن جوہر نے بنائی تھی۔ اس فلم میں شاہ رخ، رانی مکھرجی، کاجول کے اہم کردار تھے ۔ اس فلم نے ملک میں ہی نہیں بلکہ غیر ممالک میں شہرت کے جھنڈے گاڑدیئے۔ کرن جوہر نے اس فلم کو اس قدر بہترین انداز میں بنایا تھا کہ اس فلم کو 44 ویں سالانہ فلم فیئر ایواڑ میں بہترین فلم کا خطاب حاص ہوا۔ ساتھ اسے لکس زی سنے ایوارڈ، سانسوئی ویورس چوائس ایوارڈ ، بالی ووڈ مووی ایوارڈ اور نیشنل فلم ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا۔
زندگی کی مشکلات کا سامنا کرکے کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے والے یش جوہر کینسر جیسی موذی بیماری میں مبتلا ہوگئے تھے اور 26 جون 2004کو زندگی کو الوداع کہہ کر اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگئے۔
Published: 07 Sep 2019, 7:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Sep 2019, 7:10 PM IST
تصویر: پریس ریلیز