بالی ووڈ میں بادشاہ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کی نئی فلم کا پوسٹر اور ٹیزر دونوں نے ہی دھوم مچا رکھا ہے۔ حالانکہ ان کی گزشتہ فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ فلم ناظرین اور ناقدین کے ذریعہ بہت زیادہ پسند نہیں کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود فلم ’زیرو‘ کو سوشل میڈیا پر ملے رِسپانس سے شاہ رخ بہت خوش ہیں۔ ڈائریکٹر آنند ایل رائے کے ساتھ ان کی یہ پہلی فلم ہے جس کا ٹیزر یکم جنوری 2018 کو منظر عام پر آیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کی فہرست میں شامل ہو گیا۔ جس طرح سے سوشل میڈیا پر ’زیرو‘ کے متعلق باتیں ہو رہی ہیں اس سے ظاہر ہے کہ فلم کے تئیں لوگ شاہ رخ خان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کر چکے ہیں۔ ایسا ہونا بھی چاہیے کیونکہ شاہ رخ خان پچھلی کئی فلموں میں اپنی وہ چھاپ نہیں چھوڑ پائے ہیں جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔ علاوہ ازیں ایک بونا کا کردار نبھانا اپنے آپ میں ایک دلچسپ بات ہے۔
جہاں تک اس فلم کے ٹیزر کا سوال ہے، ایک منٹ کے اس ویڈیو سے ظاہر ہو جاتا ہے کہ ناٹے قد کے شاہ رخ نے فلم میں مست مولا کردار ادا کیا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ٹیزر کے آغاز میں اسکرین پر پاگل، عاشق، شاعر، مکار، کم ظرف، مینٹل، دلدار جیسے الفاظ لکھے ہوتے ہیں اور پھر ایک پروقار تقریب میں شاہ رخ کی انٹری ہوتی ہے جس میں وہ اپنے ناٹے قد کی پروا کیے بغیر خوب مستی میں ڈانس کرتے ہیں۔ آخر میں وہ ایک جملہ کہتے ہیں ”ہم جس کے پیچھے لگ جاتے ہیں، لائف بنا دیتے ہیں۔“ اس جملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے قد سے متعلق کسی طرح کے احساسِ کمتری میں مبتلا نہیں ہیں اور نہ صرف ایک بھرپور زندگی جینے کا مادہ رکھتے ہیں بلکہ دوسرے کے لیے معاون بھی ثابت ہوتے ہیں۔ ٹیزر میں ایک کمی کا احساس ضرور ہوتا ہے اور وہ یہ کہ فلم کی اداکارہ انوشکا شرما اور کیٹرینہ کیف کی جھلک دیکھنے کو نہیں ملتی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فی الحال شاہ رخ کے اسٹارڈم سے لوگوں میں تجسس پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور یقیناً آنے والے وقت میں انوشکا اور کیٹرینا پر مبنی ویڈیو بھی جاری ہوگا۔
Published: 07 Jan 2018, 5:16 PM IST
اب جب کہ اس ٹیزر کو ریلیز ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے لیکن پھر بھی اس پر لوگوں کا رد عمل آنا لگاتار جاری ہے۔ شاہ رخ خان کے شیدائیوں کے لیے مشکل یہ ہے کہ فلم ریلیز کی تاریخ 21 دسمبر 2018 مقرر کی گئی ہے، گویا کہ انھیں ایک سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔ لیکن یقینا یہ فلم کے ہدایت کار آنند ایل رائے اور شاہ رخ خان کی پالیسی کا حصہ ہے اور وہ اس ایک سال میں اپنی فلم کا منصوبہ بندی کے ساتھ مارکیٹنگ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کی شروعات بھی ہو چکی ہے۔ 5 جنوری کو شاہ رخ خان نے ’زیرو‘ کو پسند کیے جانے سے متعلق شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ”زیرو کو ہیرو بنانے کے لیے شکریہ۔ ہماری زندگی میں یہ اہم نہیں ہوتا کہ ہم کون ہیں، بلکہ یہ اہم ہوتا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں دوسروں کی موجودگی کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔“
Published: 07 Jan 2018, 5:16 PM IST
ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بن رہی اس فلم میں بونے شاہ رخ کو دیکھ کر عام فلم شائقین ہی نہیں بالی ووڈ کی ہستیاں بھی پرجوش نظر آ رہی ہیں اور کنگ خان کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں۔ بالی ووڈ فلموں میں کامیڈی کے لیے مشہور راج پال یادو نے 6 جنوری کو کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”شاہ رخ، جب آپ نے ریڈ چلیز شروع کیا تھا تو مجھے حیرانی ہوئی تھی کہ آپ کس قدر تجرباتی فلمیں بنائیں گے اور مجھے لگتا ہے کہ ’زیرو‘ اب تک کی ایسی فلموں میں بہترین ثابت ہوگی۔ بھائی، واقعی مجھے ٹریلر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، فلم دیکھنے کے لیے انتظار نہیں ہو رہا۔“ اداکارہ سوشانت سنگھ راجپوت نے تو یکم جنوری کو ٹیزر دیکھتے ہی ٹوئٹ کیا تھا کہ ”ہمارے سپر ہیرو شاہ رخ کو ’زیرو‘ میں دیکھنے کے لیے انتظار نہیں کر سکتا۔“
Published: 07 Jan 2018, 5:16 PM IST
منفی کردار نبھانے کے لیے مشہور پرکاش راج نے بھی شاہ رخ کے ٹیزر پر اپنا رد عمل ظاہر کیا لیکن ان کا انداز تھوڑا مزاحیہ ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”شاہ رخ نے اپنی آئندہ فلم کا نام ’زیرو‘ رکھ کر زبردست ہوشیاری کامظاہرہ کیا ہے۔ وہ پورے سال پٹرول پمپ پر موجود کارکن کے ذریعہ مفت کی پبلسٹی حاصل کر پائیں گے جب یہ کارکن کہیں گے کہ ’سر زیرو دیکھنا‘۔“ اسی طرح وانی کپور، اعجاز خان، عرفان وغیرہ نے بھی اس فلم میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے اور انھیں اس سے کافی امیدیں بھی وابستہ ہیں۔ لیکن دیکھنے والی بات یہ ہے کہ شاہ رخ خود کو ’زیرو‘ کے ذریعہ ایک بار پھر ’ہیرو‘ ثابت کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں فی الحال کچھ کہنا جلد بازی ہوگی اس لیے ایک سال کا انتظار کرنا ہی مناسب ہوگا۔ شاہ رخ کے محبان اور شیدائیوں کو مشورہ ہے کہ تب تک اس فلم سے جڑی خبروں اور آئندہ ریلیز ہونے والے پوسٹرس و ٹریلرس سے محظوظ ہوتے رہیں۔
Published: 07 Jan 2018, 5:16 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jan 2018, 5:16 PM IST
تصویر: پریس ریلیز