گزشتہ شب بالی ووڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کو داووس میں منعقد ورلڈ اکونومک فورم میں (ڈبلیو ای ایف) ’کرسٹل ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ حقوق انسانی اور حقوق نسواں سے متعلق کیے گئے ان کے تعاون کو دیکھتے ہوئے دیا گیا۔ شاہ رخ ’ایسڈ اٹیک‘ سے متاثر خواتین کو قانونی اور میڈیکل سہولیات مہیا کرانے والی غیر منفعت بخش آرگنائزیشن ’میر فاؤنڈیشن‘ کے بانی بھی ہیں اور اس کے تحت ان کے کاموں کا ڈبلو ای ایف نے اعتراف کیا۔ اس فاؤنڈیشن کے ذریعہ وہ ایسڈ اٹیک کی شکار خواتین کے لیے قانونی مدد کے ساتھ ساتھ ان کے رہنے کا خرچ اور ٹریننگ کی ذمہ داری بھی سنبھالتے ہیں۔ شاہ رخ کے اس اہم کام کو دیکھتے ہوئے ’ڈبلیو ای ایف‘ نے انھیں اس ایوارڈ سے سرفراز کیا۔
24واں سالانہ کرسٹل ایوارڈ قبول کرتے وقت شاہ رخ نے جو تقریر کی وہ لوگوں میں بہت پسند کی جا رہی ہے۔ دراصل اپنی تقریر میں انھوں نے کرسٹل ایوارڈ کے لیے شکریہ ادا کیا اور پھر ایسڈ اٹیک کی شکار خواتین کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’یہ ایوارڈ میرے لیے نہیں ہے۔ یہ ایوارڈ ان خواتین کے لیے ہے جن کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔ میرے خیال سے ہم بہت ہی کم کام کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم ایسڈ اٹیک متاثرین کی بازآبادکاری میں مدد کر سکیں۔ میں بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ مجھے اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ مجھے میرے ایک چھوٹے سے کام کے لیے دیا گیا ہے جو میں اپنے دل سے کرنا چاہتا ہوں۔ اس سے بھی خوشی کی بات تو یہ ہے کہ ہندوستان یہاں پوری طاقت کے ساتھ موجود ہے۔‘‘ اس کے علاوہ انھوں نے تقریر کے دوران اپنی بہن، بیوی اور بیٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اپنی بہن، میری بیوی اور میری بیٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے مجھے گزارش کرنے کی اہمیت سے روشناس کرایا۔ مجھے اس بات کا احساس کرایا کہ اپنا فیصلہ ان پر جبراً تھوپنے کی جگہ کسی بھی خاتون سے ’ہاں‘ سننے کے لیے گزارش کرنی چاہیے۔‘‘
Published: 23 Jan 2018, 4:42 PM IST
اپنے مزاحیہ انداز کے لیے مشہور شاہ رخ خان نے کرسٹل ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنی تقریر کی شروعات کرتے ہوئے دو اشخاص کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں تہہ دل سے اس ایوارڈ کے لئے شکرگزار ہوں اور دو شاندار، غیر معمولی و باصلاحیت شخصیتوں کیٹ بلینچٹ اور سر ایلٹن جان کے ساتھ ہونا سچ میں میرے لیے خوش قسمتی کی بات ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’وہ (بلینچٹ) بالکل ایک ایسی خاتون ہیں جو ہواؤں کا رخ طے کرتی ہیں اور سر آپ (ایلٹن جان) نے کروڑوں لوگوں کا، جن میں میں بھی شامل ہوں، اپنے نغموں سے دل جیتا ہے۔‘‘ اس دوران انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں دونوں ہی فنکار سے ایک سیلفی کی گزارش بھی کی اور ساتھ میں کہا کہ ’’اس سے ان کے بچوں کو شرم محسوس ہو سکتی ہے۔‘‘ شاہ رخ کی اس بات پر ہال میں موجود سبھی ناظرین ہنسے بغیر نہیں رہ سکے۔
بہر حال، اس سے قبل بالی ووڈ بادشاہ نے داووس کی وادیوں میں اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں وہ دونوں بانہیں پھیلائے ہوئے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ انھوں نے لکھا کہ ’’سوئٹزرلینڈ میں آ کر یہ نہ کیا تو کیا کیا؟ داووس میں آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
Published: 23 Jan 2018, 4:42 PM IST
گزشتہ شب ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انھوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’ایلٹن اور کیٹ بلینچٹ کے ساتھ ڈبلیو ای ایف تقریب میں کرسٹل ایوارڈ پا کر بہت خوش ہوں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ان سے پہلے امیتابھ بچن، ملکہ سارابھائی، اے آر رحمن، شبانہ اعظمی، روی شنکر اور امجد علی خان کو بھی کرسٹل ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔
Published: 23 Jan 2018, 4:42 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Jan 2018, 4:42 PM IST
تصویر: پریس ریلیز