بالی ووڈ

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو سینسر بورڈ نے ابھی تک نہیں دیا سرٹیفکیٹ، کچھ تبدیلیاں کرنے کی ہدایت جاری

سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین پرسون جوشی نے جمعرات کو کہا کہ سنسر بورڈ نے شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' کے بنانے والوں کو گانوں سمیت کچھ مناظر میں تبدیلیاں کرنے کی ہدایت کی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ممبئی: شاہ رخ خان کی تنازعات میں پھنسی فلم ’پٹھان‘ کو سینسر بورڈ نے ابھی تک سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا ہے۔ دریں اثنا، سینسر بورڈ نے فلم کے ذمہ داروں کو ہدایات دی ہے کہ فلم کے کچھ گانوں اور مناظر میں تبدیلیاں کی جائیں۔ سی بی ایف سی (سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن) کے چیئرمین پرسون جوشی نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ فلم بنانے والی کمپنی یشراج فلمز سے بورڈ کی ہدایات کے مطابق فلم کی ترمیم شدہ نقل پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے ان تبدیلیوں کی تفصیل پیش نہیں کی ہے جنہیں فلمسازوں سے عمل میں لانے کو کہا گیا ہے۔

Published: undefined

خیال رہے کہ فلم 'پٹھان' تنازعات میں گھری ہوئی ہے اور قدامت پسندوں کی جانب سے اس کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ 12 دسمبر کو اس کے گانے 'بے شرم رنگ' کے ریلیز ہونے کے بعد اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔ دراصل اس گانے کے ایک منظر میں اداکارہ دیپیکا پادوکون زعفرانی رنگ کی بکنی میں نظر آ رہی ہیں، جس پر ملک بھر میں احتجاج کیا گیا اور الزام لگایا کہ اس نے 'ہندو جذبات' کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ جوشی نے ایک بیان میں کہا ’’فلم حال ہی میں سرٹیفیکیشن کے لیے سی بی ایف سی کی جائزہ کمیٹی کے پاس پہنچی اور سی بی ایف سی کے رہنما خطوط کے مطابق جائزہ کے پورے عمل سے گزری۔‘‘

Published: undefined

انہوں نے کہا ’’کمیٹی نے فلم سازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم کے گانوں اور مناظر میں تجویز کردہ تبدیلیاں کریں اور اس کی نظر ثانی شدہ نقل تھیٹروں میں ریلیز کرنے سے پہلے پیش کریں۔‘‘ جوشی نے کہا کہ سی بی ایف سی کا مقصد فلمسازوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور سامعین کے جذبات کے درمیان توازن قائم کرنا اور حل تلاش کرنا ہے۔

Published: undefined

غورطلب ہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا اور وشو ہندو پریشد جیسی تنظیمیں ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے 'بے شرم رنگ' گانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے اور اس میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ مدھیہ پردیش علما بورڈ نے بھی الزام عائد کیا کہ فلم میں اسلام کی غلط تصویر پیش کی گئی ہے، لہذا اس پر پابندی عائد کی جائے۔ فلم سازوں نے گزشتہ ہفتے ایک اور گانا 'جھومے جو پٹھان' بھی ریلیز کر دیا۔ فلم پٹھان میں شاہ رخ خان کے علاوہ اداکار جان ابراہم بھی نظر آئیں گے اور یہ 25 جنوری کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined