27 دسمبر یوم پیدائش کے موقع پر خصوصی پیشکش
سلمان خان کی پیدائش 27 دسمبر 1965 میں ہوئی ان کا حقیقی نام عبدالرشید سلیم خان ہے ان کے والدسلیم خان فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اسکرین رائٹر اور ڈائیلاگ رائٹر ہیں۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے ان کا رجحان بھی فلموں کی جانب ہوگیا اور وہ اداکاربننے کاخواب دیکھنے لگے۔
سلمان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1988 میں فلم 'بیوی ہو تو ایسی' سے کیا جس میں انہوں نے مختصر کردار نبھایا تھا۔ تاہم بطور ہیرو انہیں 1989 میں راج شری پروڈکشن کی فلم 'میں نے پیار کیا' میں کام کرنے کاموقع ملا ۔سورج بڑجاتیہ کی ہدایت میں یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی اور انہیں فلم فئیر کا سرفہرست ڈیبو اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
سال 1991 میں آئی فلم ’صنم بے وفا‘ سلمان خان کے کیریئر کی اہم فلموںمیں شمار کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسی سال فلم ساجن ریلیزہوئی ، فلم کی ہیروئین مادھوری دیکشت کے ساتھ ان کی جوڑی کافی پسند کی گئی ۔ 1994 میں راجکمار سنتوشی کی ہدایت والی فلم ’اندازاپنا اپنا‘ میں سلمان کی اداکاری کا نیارنگ دکھائی دیا۔ اس فلم سے پہلے ان کے بارے میں یہ کہا جاتا تھا کہ وہ صرف رومانٹک کردار ہی ادا کرسکتے ہیں، لیکن سلمان نے عامر خان کے ساتھ اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو مسحور کردیا۔
سال 1994 میں ایک مرتبہ پھر سلمان کو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’هم آپ ہیں کون ‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں ان کی جوڑی مادھوری دکشت کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کافی پسند کی گئی اور فلم کامیابی کے نئے ریکارڈ بناتے ہوئے آل ٹائم گریٹیسٹ ہٹس میں شمار ہو گئی۔
سال 1997 میں آئی فلم’ جڑواں‘ میں سلمان نے ڈبل کردار نبھاکر ناظرین کو خوش کر دیا۔ 1998 میں انہوں نے اپنے بھائی سہیل خان کی ہدایت میں بنی فلم ’پيار کیا تو ڈرنا كيا‘ میں کام کیا جس میں ان کے اپوجٹ اداکارہ کاجول تھی۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔
Published: undefined
سال 1999 میں فلم ’ہم دل دے چکے صنم ‘سلمان خان کے کیریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں سلمان کی جوڑی ایشوریہ رائے کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ اجے دیوگن جیسے سنجیدہ اداکار کی موجودگی میں بھی سلمان کی اداکاری کو ناظرین نے جم کر سراہا ۔2003 میں فلم ’تیرے نام‘ ان کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں سلمان خان نے رومانس کے ساتھ ساتھ جذباتی اداکاری سے سامعین کو متاثر کر دیا۔ اسی سال انہیں امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’باغباں‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔فلم میں چھوٹا سا کردار ہونے کے باوجود سلمان شائقین کی توجہ اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہے۔
سال 2005 میں سلمان کی فلمیں میں نے پیار کیوں کیا اور نو انٹری جلوہ گر ہوئیں اس کے بعد 2007 میں انہوں نے فلم پارٹنر کے ذریعہ اپنی زبردست کامک ٹائمنگ کا نظارہ ناظرین کے سامنے پیش کیا۔2008 میں آئی فلم ’وانٹیڈ‘ ان کے کیریئر کے لئے بے مثال تبدیلی لے کر آئی۔ پربھو دیوا کی ہدایت میں بنی اس فلم میں سلمان خان نے ماچو ہیرو کاکردار نبھایا۔ ان کے اس اسٹائل کو ناظرین نے سر آنکھوں پر لیا اور فلم باکس آٖفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔
سلمان خان نے 2010 میں اپنے بھائی ارباز خان کی فلم ”دبنگ” میں کام کیا جس نے پوری دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے اور 150 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا۔ اس فلم میں انہوں نے ایک کرپٹ پولیس افسر کا کردار نبھایا جس کو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔ علاوہ ازیں ان کی فلمیں ریڈی ، باڈی گارڈ ، پریم رتن دھن پایو، ایک تھا ٹائیگر، دبنگ2، جے ہو،کک، بجرنگی بھائجان اور سلطان نمایاں ہیں جنہوں نے باکس آفس پر زبردست کمائی کی۔ ان میں کک (233 کروڑ)، بجرنگی بھائی جان (320 کروڑ)پریم رتن دھن پایو (207 کروڑ) سلطان (300 کروڑ) ٹائیگر زندہ ہے (339 کروڑروپے)سے زائد کی کمائی کی ہے۔
سلمان ان دنوں فلم بھارت میں کام کررہے ہیں اورجلدہی فلم دبنگ 3 کی شوٹنگ شروع کریں گے۔انہوں نے اپنے کیریئر میں اب تک تقریباً 90 فلموںمیں کام کیا ہے۔ ان کی قابل ذکر فلموںمیں پتھر کے پھول، دل تیرا عاشق، کرن ارجن، خاموشی، جیت، جب پیار کسی سے ہوتا ہے، بندھن ، بی وی نمبر ون، ہم ساتھ ساتھ ہیں، گرو، مجھ سے شادی کروگی، یوراج، ویر وغیرہ شامل ہیں۔
سلمان خان فلم اداکار، پروڈیوسر، کبھی کبھار پلے بیک گلوکار اور ٹیلی ویژن کی مشہور شخصیت ہیں ۔ وہ بطور پروڈیوسر دو قومی فلم ایوارڈ، اور بطور اداکار دو فلم فیئر ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز