نئی دہلی: ہندی سینما کی مایہ ناز اداکارہ سادھنا شیوداسانی نے ماضی میں اپنی لازوال اداکاری سے انڈسٹری میں خوب نام کمایا، انہوں نے متعدد فلموں میں راج کپور، دیوآنند، راجند کمار کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا اور مقبولیت کے جھنڈے گاڑے، وہیں سادھنا نےاپنے منفرد اور اچھوتے ہیراسٹائل کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کی۔ ایک زمانے میں ان کی زلفوں کا اسٹائل ’سادھنا کٹ‘ کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا جس میں ان کے آگے کے قدرے چھوٹے کٹے ہوئے بال پیشانی پر نظر آتے تھے۔
Published: undefined
سادھنا کا فلمی کیریئر زیادہ طویل نہ تھا۔ سال 1974 میں شمی کپور کے ساتھ انہوں نے آخری فلم چھوٹے سرکار میں کام کیا، جو شمی کپور کی بھی بطور ہیرو آخری فلم تھی۔ تا ہم شمی اس کے بعد بھی فلموں میں اداکاری کرتے رہے، مگر سادھنا نے فلموں سے کنارہ کر لیا۔ 1989 میں ان کی پروڈکشن کمپنی نے ڈمپل کپاڈیا کے ساتھ فلم بنائی اور اس میں سادھنا نے ہدایت کاری کے فرائص بھی سرانجام دئیے۔ عمر کے آخری دنوں میں وہ فلمی مجلسوں میں دکھائی نہیں دیتی تھیں۔ وہ گوشہ نشیں ہوگئی تھیں۔ ان کی قریبی سہلیوں میں آشا پاریکھ، وحیدہ رحمان، ہیلن جرگ رچرڈسن اور نندہ تھیں۔ سادھنا نے 34 فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی آخری فلم ’’الفت کی نئی منزلیں‘‘ (1994) میں ریلیز ہوئی تھی۔
Published: undefined
اداکارہ نے 1955 میں راج کپور کی فلم ’’شری 420‘‘ کے ایک مشہور گانے ’’مڑمڑ کہ نہ دیکھ مڑمڑ کے‘‘ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر محض 15 برس تھی۔ بطور اداکارہ ’لو ان شملہ‘ ان کی ایسی پہلی فلم تھی جو ان کی منفرد پہچان کا سبب بنی۔ اسی فلم نے انہیں شہرت کی نئی بلندیاں عطا کیں۔ سادھنا کی کامیاب فلموں میں ’لو ان شملہ‘، ’پرکھ‘، میرا سایہ، ہم دونوں، ایک پھول دو مالی، من موجی، دلہا دلہن، آرزو، ’میرے محبوب‘، ’وقت‘، ’وہ کون تھی اور وقت سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔ سادھنا نے فلم گیتا میرا نام کی ہدایت کاری بھی کی تھی جن میں اُن کے ساتھ اداکار فیروز خان اور سنیل دت تھے۔ حالانکہ دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کی اُن کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ حالانکہ 70ء کی دہائی میں فلم سنگھرش کا جس وقت اعلان ہوا تھا اُس وقت دلیپ کمار کے ساتھ ہیروئن کے طور پر سادھنا کے نام کی تشہیر کی گئی تھی لیکن بعد میں اُن کی جگہ وجینتی مالا آگئیں۔
Published: undefined
سادھنا کی پیدائش 2ستمبر 1941 کو کراچی میں ہوئی تھی۔ وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں اور آٹھ سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی۔ سادھانا کا نام ان کے والد کی پسندیدہ اداکارہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کے والد اور اداکار ہری شودسانی بھائی تھے جو اداکارہ ’ببیتا‘ کے والد تھے۔ ان کی شادی ان کی پہلی فلم کے ہدایت کار رام کرشن نیّر سے ہوئی تھی اور ان کے کوئی اولاد نہیں تھی۔ اداکارہ کو 2002 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ سادھنا جنھوں نے برسوں قبل کسی انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’’وہ اپنے تمام دوستوں کے ساتھ کرسمس کا تہوار بڑے زور و شور سے مناتی ہیں‘‘ لیکن 2015ء کا کرسمس اُن کی موت کا پیغام لے کر آیا اور وہ بے شمار یادیں اپنے مداحوں کے لئے چھوڑ گئیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined