معروف لوک گلوکارہ شاردہ سنہا کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، وزیر داخلہ امت شاہ، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو سمیت کئی رہنماؤں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے شاردہ سنہا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "معروف لوک گلوکارہ شاردہ سنہا کے انتقال کی خبر سن کر شدید رنج ہوا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اپنے میٹھی آواز میں میتھلی اور بھوجپوری لوک گانوں کو عوامی سطح پر مقبول بنایا۔ خاص طور پر چھٹھ کے گانوں میں ان کی آواز کی گونج ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘
Published: undefined
راہل گاندھی نے شاردہ سنہا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چھٹھ کے تہوار کے موقع پر گونجتے ان کے گانے ہمیشہ ان کی یاد دلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاردہ سنہا اپنے منفرد انداز سے ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ شاردہ سنہا نے 5 دہائیوں تک اپنی پاری آواز سے ہندوستانی موسیقی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہیں ’بہار کوکیلا‘ کہا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاردہ سنہا کے چھٹھ کے گانے سن کر اس تہوار کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے اور اس سال ان کی آواز کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔
Published: undefined
آر جے ڈی کے رہنما لالو پرساد یادو نے کہا کہ شاردہ سنہا کے انتقال سے لوک گائیکی کے شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ان کی میٹھی آواز نے چھٹھ گانے کو عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو اور دیگر آر جے ڈی رہنماؤں نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بہار کوکیلا، شاردہ سنہا کا انتقال افسوسناک ہے۔ انہوں نے نہ صرف میتھلی اور بھوجپوری بلکہ ہندی گانوں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ ان کے گائے ہوئے چھٹھ کے گانے بہار اور اتر پردیش کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ شاردہ سنہا کا منگل کی رات دہلی کے ایمس اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 72 سال کی تھیں اور کچھ دنوں سے علیل تھیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined