بالی ووڈ

روہنگیا مسلمانوں کو مدد کی ضرورت ہے: پرینکا چوپڑا

معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا نے بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کیمپوں کا دورہ کیا اور دنیا بھر میں لوگوں سے روہنگیا کیمپ میں رہائش پذیر بچوں اور خواتین کے لئے مدد کی اپیل کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بنگلہ دیش کے کوکس بازار کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کیا ہے۔ ان تصاویر اور ویڈیوز کو دس لاکھ سے زائد افراد نے لائک کیا اورپرینکا کو ان پوسٹس پر ہزاروں کامنٹس موصول ہوئے۔ پرینکا اقوام متحدہ کے بچوں کے لیے قائم ادارے یونیسیف کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بارہ سالہ بچے کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’جب منصورعلی بالو خالی کیمپ میں قائم بچوں کے سینٹر میں آیا تو وہ صرف خون اور تشدد کی تصاویر بناتا تھا۔ وہ اپنے جلتے ہوئے گاؤں اور جلی ہوئی لاشوں کی تصویریں بناتا تھا۔ آج اس بچے کی بنائی گئی تصاویر پرامید ہیں۔‘‘ پرینکا لکھتی ہیں کہ کوکس بازار پہنچنے کے بعد یہ روہنگیا بچے پرہجوم کیمپ میں رہنے پر مجبور تھے۔ تین لاکھ روہنگیا بچوں کے لیے بنائے گئے مراکز وہ جگہیں ہیں جہاں وہ عام بچوں کی طرح کھیل سکتے ہیں۔

Published: 26 May 2018, 9:13 AM IST

یونیسف کی جانب سے بنگلہ دیش کے کوکس بازار میں بچوں کے لیے کچھ خاص جگہیں بنائی گئی ہیں جہاں وہ میوزک، مصوری، رقص، کھیل اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ پرینکا کہتی ہیں کہ ان مراکز کے ذریعے کوشش کی جارہی ہے کہ یہ بچے تلخ یادوں کو بھول پائیں۔

Published: 26 May 2018, 9:13 AM IST

اسی طرح پرینکا نے ایک آٹھ ماہ کی بچی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا،’’ آٹھ ماہ کی بچی شوہادا نے اپنی مسکراہٹ سے میرا دل جیت لیا۔ یہاں اسے ضرورت کی تمام چیزیں میسر ہیں۔ لیکن کچھ ماہ قبل اس کی انیس سالہ ماں جب وہ چھ ماہ کی حاملہ تھی، پندرہ دن پیدل چل کر بنگلہ دیش پہنچی تھی۔‘‘

ایک ویڈیو میں پر ینکا روہنگیا بچوں کے ساتھ ہنستی کھیلتی نظر آرہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے پرینکا کے اس اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا ہے کہ پرینکا روہنگیا مہاجرین کی مشکلات اور ان کی زندگی کے تلخ واقعات کو ایک مرتبہ پھر مرکزی دھارے میں لے آئی ہیں۔

Published: 26 May 2018, 9:13 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 May 2018, 9:13 AM IST