بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار امیتابھ بچن اور ان کی فیملی ان دنوں کورونا پازیٹو کی زد میں ہیں اور بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی کئی مشہور ہستیوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاء بھی کی ہے۔ لیکن اس درمیان رام گوپال ورما نے امیتابھ بچن کے لیے دعاء کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے امیتابھ بچن کے ذریعہ کورونا پازیٹو ہونے کی خبر سے متعلق کیے گئے ٹوئٹ پر اپنا رد عمل پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "سرکار مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کورونا کو لات مار کر مزید مضبوطی سے واپسی کریں گے، جیسا کہ آپ نے ہمیشہ کیا ہے۔ میں آپ کے لیے دعاء نہیں کروں گا، لیکن میں کورونا کے لیے ضرور دعاء کروں گا جو جلد ہی آپ سے مقابلہ کرتے ہوئے ضرور مر جائے گا۔"
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے کرن جوہر کے ذریعہ ارونیما سنہا پر بنائی جانے والی بایو پک میں کام کرنے سے منع کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک طرف نیپٹوزم کو لے کر عالیہ اور کرن لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن رہے تھے اور دوسری طرف لاک ڈاؤن کے سبب ارونیما سنہا پر بننے والی بایو پک پر کام شروع نہیں ہو پا رہا تھا، اسی کو دیکھتے ہوئے عالیہ بھٹ نے اس فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ایسی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ اب کرن جوہر نے سارہ علی خان اور جانوی کپور کا نام اس بایو پک کے لیے آگے کیا ہے، لیکن فی الحال کچھ فائنل نہیں ہوا ہے۔
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST
بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار اکشے کمار کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں وہ فوٹوگرافر کو ماسک ٹھیک طرح سے لگانے کی نصیحت دے رہے ہیں۔ یہ ویڈیو وومپلا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے جس میں اکشے کمار سفید ٹی شرٹ پہنے ہیں اور سفید رنگ کا ماسک بھی لگائے ہوئے ہیں۔ وہ اپنے ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے سامنے کھڑے فوٹوگرافر سے کہتے ہیں کہ "ناک پہ لگا ماسک۔" ان کی اس نصیحت کے بعد فوٹوگرافر اپنا ماسک ٹھیک کرتا ہے اور پھر اکشے کمار کی تصویر کھینچتا ہے۔
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST
بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ ہیما مالنی کے کورونا پازیٹو ہونے اور اسپتال میں علاج کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر اب خود ہیما مالنی کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ ایک ویڈیو کے ذریعہ انھوں نے اپنے چاہنے والوں کو حقیقت حال سے آشنا کرایا ہے۔ انھوں نے ویڈیو میں کہا ہے کہ "رادھے رادھے... میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے، میں اسپتال میں داخل ہوں، اس طرح کی افواہیں ہر جگہ پھیل رہی ہیں۔ لیکن میں اپنے سبھی حامیوں اور شیدائیوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے کچھ نہیں ہوا۔ میں پوری طرح سے ٹھیک ہوں۔ میں آپ کی دعاؤں اور بھگوان کرشن کے کرم سے اچھی ہوں۔"
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST
امیتابھ بچن کی فیملی میں کئی اراکین کورونا کی زد میں آ چکے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ اس درمیان بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے ایشوریہ رائے بچن اور ان کی بیٹی آرادھیا کی جلد صحت یابی کے لیے دعاء کی ہے۔ دراصل انھوں نے 'فلم فیئر' کے ایک ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ہماری دعاء ہے کہ فیملی جلد صحت یاب ہو جائے۔" فلم فیئر نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں ایشوریہ رائے بچن اور آرادھیا بچن کے کورونا پازیٹو پائے جانے کی خبر دی گئی تھی۔
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ دیپیکا پادوکون نے سوشل میڈیا ٹوئٹر پر اپنے ہینڈل کا نام بدل دیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر ہینڈل کا نام بدل کر 'ویرونیکا' رکھ دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ نام فلم 'کاک ٹیل' میں دیپکا کے کردار کا تھا اور اس فلم کو ریلیز ہوئے آج پورے 8 سال ہو گئے ہیں۔ دیپکا پادوکون نے اسی موقع پر اپنے کردار کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹر ہینڈل کا نام تبدیل کر کے 'ویرونیکا' رکھ دیا ہے۔ پنک وِلا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے دیپیکا پادوکون کے اس قدم پر ایک سوال یہ قائم کیا گیا ہے کہ کیا دیپکا کوک ٹیل فلم کے سیکوئل کی طرف اشارہ کر رہی ہیں؟ لیکن اس تعلق سے ابھی کچھ بھی واضح نہیں ہے اور نہ ہی دیپکا کی طرف سے کوئی بیان سامنے آیا ہے۔
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Jul 2020, 2:47 PM IST