عرب ممالک

سچ کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے: راہل گاندھی

کانگریس صدر نے اپنی تین اہم ترجیحات میں روزگار، تعلیم اور صحت کو شامل کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں ہندوستان کو عالمی معیار کا بنانا ضروری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا بحرین میں جی او پی آئی او کے ذریعہ منعقد گلوبل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی

’’ہندوستان میں کانگریس کو مرکزی اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں سب سے پہلے جو تین اقدام اٹھائے جائیں گے ان میں سب سے پہلا قدم روزگار پیدا کرنا ہوگا جس کے لیے اسمال اور میڈیم انڈسٹری کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ دوسرا قدم ایجوکیشن سسٹم کو عالمی سطح کا بنانا ہوگا جو انتہائی اہم ہے۔ ہمارے یہاں کے تعلیمی ادارے بہت اچھے ہیں اور اعلیٰ تعلیمی نظام بھی بہتر ہے لیکن اسے مزید معیاری بنانے کی ضرورت ہے۔ تیسرا اہم قدم جو مجھے لگتا ہے کہ اٹھانا بہت ضروری ہے وہ صحت کا شعبہ ہے۔ ہندوستان صحت کے معاملے میں کافی پیچھے ہے اور اس کو عالمی سطح پر لانا ایک چیلنج ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار کانگریس صدر راہل گاندھی نے بحرین میں ’گلوبل آرگنائزیشن آف پیپل آف انڈین آریجن‘ (جی او پی آئی او) کی ایک تقریب میں شامل ہند نژاد بزنس مین کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں سب سے پہلے راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران وہاں موجود لوگوں کا بہترین استقبال کے لیے شکریہ ادا کیا اور اس موقع کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔

Published: 08 Jan 2018, 10:35 PM IST

تصویر سوشل میڈیا

اپنی تقریر میں کانگریس صدر نے ہندوستان کی سیاست اور ہندوستان کے حالات پر اپنی رائے پیش کی اور اس کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے اس پر اظہار خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کا ویژن ایک اسٹیٹ یا ایک کاسٹ پر مبنی نہیں ہے بلکہ پورے ملک پر مبنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمارا مشن یہ ہے کہ سبھی طبقات اور سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر چلا جائے اور ملک میں سبھی کو ترقی کا یکساں موقع فراہم کیا جائے۔‘‘

Published: 08 Jan 2018, 10:35 PM IST

اس گلوبل کنونشن کے آخر میں وہاں موجود لوگوں کو راہل گاندھی سے سوال پوچھنے اور ان سے مخاطب ہونے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر ایک خاتون نے سوال پوچھا کہ سوشل میڈیا پر جس طرح آپ کے خلاف جھوٹی باتیں پھیلائی جاتی ہیں اس سے کس طرح بچا جا سکتا ہے؟ اس کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سوشل میڈیا کے پیچھے پیسہ ہے اس لیے جھوٹ ضرور پھیلے گا، لیکن سچ میں وہ طاقت ہے کہ خود نظر آ جاتا ہے۔ سچ تو ایک چمکدار ہیرا کی مانند ہوتا ہے اور آپ چاہیں تو اسے بہ آسانی محسوس کر سکتی ہیں۔‘‘ انھوں نے اپنے اس مختصر جواب سے یہ بتانے کی کوشش کی کہ سچ کا جادو ہمیشہ سر چڑھ کر بولتا ہے اور جھوٹ بہت زیادہ دیر تک اسے دبا نہیں سکتا۔

Published: 08 Jan 2018, 10:35 PM IST

تصویر سوشل میڈیا

کرناٹک سے تعلق رکھنے والے عتیق نامی ایک شخص نے راہل گاندھی سے کرناٹک انتخابات کے متعلق سوال پوچھ لیا اور کانگریس کے امکانات پر روشنی ڈالنے کے لیے کہا۔ راہل گاندھی نے اس سوال کے جواب میں پرجوش انداز میں کہا کہ ’’ہماری تیاری اچھی ہے۔ ہمارے وزیر اعلیٰ کرناٹک میں اچھا کام کر رہے ہیں اور وہاں ہم انتخاب میں فتح حاصل کریں گے۔‘‘

اس سے قبل بحرین میں مقیم ہندوستانیوں سے بہتر تعلقات استوار کرنے کے مقصد سے اپنے پہلے دورۂ بحرین پر پہنچے کانگریس صدر نے کراؤن پرنس سلمان بن حماد الخلیفہ سے ملاقات کی اور اس دوران بحرین و ہندوستان کے مفاد سے متعلق کئی ایشوز پر گفتگو ہوئی۔ انھوں نے اس ملاقات کو اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ شاندار اور مثبت قرار دیا۔ راہل گاندھی نے کراؤن پرنس کو سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی کتاب ’ڈسکوری آف انڈیا‘ تحفۃً پیش کیا۔ بعد ازاں ظہرانہ پر ان کی ملاقات بحرین کے وزیر خارجہ پرنس شیخ خالد بن احمد الخلیفہ سے ہوئی۔ شیخ خالد کی مہمان نوازی سے راہل لطف اندوز ہوئے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

Published: 08 Jan 2018, 10:35 PM IST

تصویر سوشل میڈیا

بحرین کے وقت کے مطابق شام چار بجے راہل گاندھی نے ہند نژاد بزنس لیڈروں کے ساتھ انتہائی اہم میٹنگ کی جس سیم پترودا، مدھو یشکی اور ششی تھرور وغیرہ موجود تھے۔ اس میٹنگ میں راہل گاندھی نے بزنس لیڈر کے ساتھ کئی اہم موضوعات پر گفتگو کی اور بحرین میں ان کے بزنس میں درپیش معاملات کو سمجھنے کی کوشش کی۔

Published: 08 Jan 2018, 10:35 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Jan 2018, 10:35 PM IST