مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کا پہلا گروپ طواف قدوم کا مرحلہ انتہائی آسانی اور سہولت کے ساتھ مکمل کر چکا ہے۔ طواف قدوم کا سلسلہ ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے شروع ہوا اور یہ شام کو 8 بجے تک جاری رہا۔ 40 ہزار حجاج کرام طواف قدوم کر چکے ہیں جب کہ باقی 20 ہزار حجاج کرام آج اتوار کو اس فریضہ کو انجام دیں گے۔ عازمین آج خیموں کے شہر منیٰ پہنچیں گے اور حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ کل ادا کیا جائے گا۔
Published: 18 Jul 2021, 9:41 AM IST
اس موقع پرصحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرایا گیا۔ حجاج کرام کے درمیان سماجی فاصلہ رکھا گیا اور چہروں کو ماسک سے ڈھانپے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت صحت، ہلال احمر اور دوسرے اداروں کی ٹیمیں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ طواف کے موقع پر حجاج کرام کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے اور انہیں دھوپ سے بچنے کے لیے چھتریاں فراہم کی گئی ہیں۔ طواف کے ہر ٹریک پر حجاج کرام میں تواتر کے ساتھ آب زمزم تقسیم کیا جا رہا ہے۔
Published: 18 Jul 2021, 9:41 AM IST
ہفتے کی صبح کو 1770 بسوں کے ذریعے عازمین حج کو چار مراکز النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الھدا سے حرم مکی تک پہنچایا گیا۔ ایک مرحلے میں چھ ہزار عازمین حج کو ان کی قیام گاہوں تک پہنچایا گیا۔ ہربس میں 20 عازمین حج سوار تھے جنہیں ایک گائیڈ کی بھی معاونت حاصل تھی۔
دوسری طرف طواف قدوم کے مناسک ادا کرنے والے حجاج کرام کے سامان کے بیگ بسوں کے ذریعے ان کی قیام گاہوں تک پہنچائے گئے۔
Published: 18 Jul 2021, 9:41 AM IST
ان تمام عازمین نے حج کے لیے مکہ مکرمہ میں آمد سے قبل ویکسین لگوا لی تھی۔ سعودی حکومت نے انہیں کورونا وائرس سے تحفظ مہیا کرنے کے لیے سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر اور سکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں۔ حج کے ایام میں کسی غیر مجاز شخص کو مشاعر مقدسہ کی حدودمیں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے اس مرتبہ بھی صرف مملکت میں مقیم اپنے شہریوں اورتارکِ وطن مکینوں کو حج کی اجازت دی ہے اور ان میں سے طے شدہ معیارپر پورا اترنے والے 60 ہزار خوش نصیبوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن کا تعلق دنیا کے مختلف ملکوں سے ہے۔
Published: 18 Jul 2021, 9:41 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 Jul 2021, 9:41 AM IST
تصویر: پریس ریلیز