عرب ممالک

حج 2020: مملکت سعودی عرب علامتی تعداد کو دے گی حج کی اجازت!

حج کے معاملات سے جڑے ذرائع کے مطابق حکام رواں برس صرف علامتی تعداد کو حج کی اجازت دینے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بزرگوں پر پابندی اور صحت کے حوالے سے سختی کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ریاض: حکومت سعودی عرب نے ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہونے کے بعد رواں برس حج میں عازمین کی تعداد کو بڑے پیمانے پر کم کرنے کی تجویز پرغور شروع کردیا ہے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں برس جولائی کے آخر میں حج شروع ہوگا- لیکن سعودی حکومت عازمین کی تعداد کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ حج کے معاملات سے جڑے ذرائع کا کہنا تھا کہ حکام رواں برس صرف علامتی تعداد کو حج کی اجازت دینے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بزرگوں پر پابندی اور صحت کے حوالے سے سختی کی جائے گی۔

Published: 09 Jun 2020, 5:11 PM IST

رپورٹ کے مطابق بعض حکام کا مشورہ ہے کہ حج کو منسوخ کردیا جائے جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے تمام ممالک کو معمول کے کوٹے سے 20 فیصد کی اجازت دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سعودی حج امور کے ترجمان یا سرکاری میڈیا کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم سخت پابندیوں کے ساتھ 20 فیصد کوٹے کی اجازت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

Published: 09 Jun 2020, 5:11 PM IST

حج کو محدود کرنے سے سعودی عرب کی معیشت کو بڑے نقصان کا خطرہ ہے جبکہ کورونا وائرس کے باعث سعودی معیشت پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے مارچ میں غیر ملکی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی اور ملک میں کرفیو نافذ کردیا تھا جس میں بعد ازاں نرمی کی گئی تھی، لیکن گزشتہ ہفتے ایک مرتبہ پھر جدہ میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔

Published: 09 Jun 2020, 5:11 PM IST

حج کے لیے سالانہ 25 لاکھ سے زائد مسلمان سعودی عرب جاتے ہیں جس سے مقامی معیشت کو ایک اندازے کے مطابق 12 ارب ڈالر کا فائدہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث مسلمانوں کو حج کی تیاریاں مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔ انڈونیشیا نے 2 جون کو سعودی عرب کی جانب سے کوئی جواب نہ آنے پر رواں برس حج کے لیے اپنے شہریوں کو نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے باعث کیا گیا ہے۔

Published: 09 Jun 2020, 5:11 PM IST

وزیر مذہبی امور فچوری رضی کا کہنا تھا کہ ’’سعودی عرب نے اب تک کسی بھی ملک کو حج سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 2020 کا حج کا سفر منسوخ کیا جائے، ہمارے لیے یہ فیصلہ کرنا انتہائی مشکل تھا اور ہم جانتے ہیں کہ کئی شہری دلبرداشتہ ہوں گے‘‘۔ اس سے قبل انڈونیشیا کی حکومت نے کہا تھا کہ اگر سعودی عرب نے 20 مئی تک کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا تو ہم اپنا پروگرام منسوخ کریں گے۔

Published: 09 Jun 2020, 5:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Jun 2020, 5:11 PM IST