اتراکھنڈ کے جنگل میں خوفناک آتشزدگی، نینی تال کی ہائی کورٹ کالونی تک اثر، فوج متحرک

تیز ہواؤں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔ نینی تال کے قریب لڑیاکانٹا میں لگی آگ ہندوستانی فوج کے علاقے تک پہنچ سکتی ہے، لہذا فوج کے جوان بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ کے جنگلات میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نینی تال کے قریب نینی تال بھوالی روڈ پر دیودار کے جنگلات میں خوفناک آگ لگ گئی، جس میں جنگل کا بڑا حصہ اور آئی ٹی آئی کی عمارت متاثر ہو گئی۔ نینی تال کے لڑیاکانٹا علاقے کے جنگل میں بھی آگ لگی ہے۔ آگ کی وجہ سے نینی تال سے بھوالی تک سڑک دھوئیں سے ڈھکی ہوئی ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے۔

تیز ہواؤں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔ نینی تال کے قریب لڑیاکانٹا میں لگی آگ ہندوستانی فوج کے علاقے تک پہنچ سکتی ہے، لہذا فوج کے جوان بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ کل سے انتظامیہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے نینی تال اور بھیم تال جھیلوں سے پانی لے کر آگ بجھانے کی کوشش کرے گی۔ نینی تال سمیت کماؤں کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ نینی تال کے آس پاس کے جنگلات بشمول بلدیاکھان، جیولی کوٹ، منگولی، کھرپا تال، دیوی دھورا، بھوالی، پائنز، بھیم تال مکتیشور میں آگ بھڑک رہی ہے۔


نینی تال ضلع ہیڈکوارٹر کے قریب جنگل میں لگی آگ نے شدید شکل اختیار کر لی ہے، جس کی وجہ سے پائنز علاقے میں واقع ہائی کورٹ کالونی کے مکین خطرے میں ہیں۔ جس سے علاقے میں ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔ علاقے کے رہائشی اور ہائی کورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار انیل جوشی نے بتایا کہ آگ نے دی پائنز کے قریب واقع ایک خالی مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

حالانکہ ہائی کورٹ کالونی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن یہ خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ آگ کے حساس علاقوں تک پہنچنے کے امکان کے پیش نظر آگ پر جلد از جلد بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آگ کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے نینی جھیل میں کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی ہے۔


نینی تال کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر چندر شیکھر جوشی نے کہا کہ ہم نے منورا رینج کے 40 اہلکار اور دو فارسٹ رینجرز کو آگ بجھانے کے لیے تعینات کیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کماؤں خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے 26 واقعات پیش آئے جبکہ گڑھوال کے علاقے میں پانچ واقعات پیش آئے، جہاں 33.34 ہیکٹر جنگلات کا رقبہ متاثر ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال یکم نومبر سے اب تک ریاست میں جنگلات میں آگ لگنے کے کل 575 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے 689.89 ہیکٹر جنگلاتی رقبہ متاثر ہوا ہے اور ریاست کو 14 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔ جاکھولی اور رودرپریاگ کے دو مختلف علاقوں میں جنگل میں آگ لگانے کے الزام میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔


رودرپریاگ کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر ابھیمنیو نے بتایا کہ یہ کارروائی جنگل میں لگی آگ کو روکنے کے لیے بنائی گئی ٹیم نے کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاکھولی کے تاڈیال گاؤں کے بھیڑ چرواہے نریش بھٹ کو جنگل میں آگ لگاتے ہوئے موقع سے پکڑ لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے اپنی بھیڑ بکریاں چرانے کے لیے نئی گھاس اگانے کے لیے آگ لگائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔