لوک سبھا انتخاب سے عین قبل آر جے ڈی نے پھر جنتا دل یو کو پہنچائی چوٹ، کئی لیڈران نے چھوڑا نتیش کا ساتھ

کیوٹی میں جنتا دل یو کے ضلع جنرل سکریٹری عبدالمنان انصاری نے اپنے عہدہ اور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے کر آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد کی موجودگی میں آر جے ڈی کی رکنیت حاصل کر لی۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار / تصویر آئی اے این ایس
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان لیڈران کا ایک پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بہار میں نتیش کمار کے لیے لگاتار بری خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان کی پارٹی کے کئی بڑے و چھوٹے لیڈران ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق لوک سبھا انتخاب سے عین قبل ایک بار پھر بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو شدید چوٹ پہنچائی ہے۔ جنتا دل یو کے کچھ اہم لیڈران کو انھوں نے اپنی پارٹی میں شامل کیا ہے جو آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

جنتا دل یو کو تازہ جھٹکا کیوٹی میں لگا ہے جہاں پارٹی کے ضلع جنرل سکریٹری عبدالمنان انصاری نے اپنے عہدہ اور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ اتنا ہی نہیں، آر جے ڈی چیف لالو پرساد کی موجودگی میں انھوں نے آر جے ڈی کی کنیت بھی حاصل کر لی۔ ان کے ساتھ ساتھ بلاک کی جلوارا پنچایت کے مکھیا محمد شہاب الدین عرف حسنین اور اسراہا پنچایت کے سابق مکھیا عبدالملک نے بھی جنتا دل یو کی بنیاد رکنیت سے استعفیٰ دے کر آر جے ڈی کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جنتا دل یو کی رکن اسمبلی بیما بھارتی نے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے آر جے ڈی کا دامن تھام لیا تھا۔ آر جے ڈی نے تو گزشتہ روز بیما بھارتی کو لوک سبھا انتخاب میں امیدوار بنانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ انھیں پورنیہ لوک سبھا سیٹ سے آر جے ڈی کے ٹکٹ پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔